بلوچستان: سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کا حملہ، میجر سمیت 6 جوان شہید

08 مئ 2020
فورسز کی گاڑی پیٹرولنگ کرکے واپس آرہی تھی، ترجمان پاک فوج — فوٹو: آئی ایس پی آر
فورسز کی گاڑی پیٹرولنگ کرکے واپس آرہی تھی، ترجمان پاک فوج — فوٹو: آئی ایس پی آر

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملے میں میجر سمیت 6 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں فرنٹیئر کور (ایف سی) جنوبی کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ پاک ۔ ایران سرحد سے 14 کلومیٹر دو بلیدہ سے پیٹرولنگ کرکے واپس آرہی تھی

دہشت گردوں کے حملے میں میجر سمیت 6 جوان شہید ہوگئے۔

بیان میں کہا گیا کہ شہید والوں میں میجر ندیم، نائیک جمشید، لانس نائیک خضر حیات، لانس نائیک تیمور، سپاہی ندیم اور سپاہی ساجد شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان: چیک پوسٹ پر حملہ، 5دہشتگرد ہلاک، ایک سپاہی شہید

واضح رہے کہ دو روز قبل ہی خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ پر راکٹ حملے میں پاک فوج کے 2 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت حوالدار ظفر اور سپاہی آصف کے نام سے ہوئی۔

بدھ کی رات کو نامعلوم سمت سے فائر ہونے والا یہ میزائل میر علی کے قریب ادیک گاؤں میں ایک چیک پوسٹ پر آ گرا۔

20 اپریل کو شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ سے 10 کلومیٹر دور ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے میں پاک فوج کا ایک سپاہی شہید ہوگیا جبکہ جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: سیکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان اور مہمند میں کارروائی، 7 دہشتگرد ہلاک

قبل ازیں دسمبر 2019 میں شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ایف سی چیک پوسٹ پر حملے کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے پاک ۔ افغان سرحد کے قریب فرنٹیئر کور کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا تھا۔

فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں