شمالی وزیرستان: چیک پوسٹ پر حملے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید

اپ ڈیٹ 12 جولائ 2020
شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت حوالدار ظفر اور سپاہی آصف کے نام سے ہوئی—فائل فوٹو: اے ایف پی
شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت حوالدار ظفر اور سپاہی آصف کے نام سے ہوئی—فائل فوٹو: اے ایف پی

میرام شاہ: خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ پر راکٹ حملے میں پاک فوج کے 2 اہلکار شہید ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت حوالدار ظفر اور سپاہی آصف کے نام سے ہوئی۔

بدھ کی رات کو نامعلوم سمت سے فائر ہونے والا یہ میزائل میر علی کے قریب ادیک گاؤں میں ایک چیک پوسٹ پر آ گرا۔

مزید پڑھیں: سیکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان اور مہمند میں کارروائی، 7 دہشتگرد ہلاک

واضح رہے کہ گزشتہ ایک ماہ میں ضلع شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کے حملے میں 10 سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 6 زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب بدھ کی ہی رات کو میرام شاہ کے قریب ایک گاؤں تاپی میں نامعلوم حملہ آوروں نے ایک شخص کو قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق 45 سالہ ڈاکٹر خان پر جس وقت فائرنگ کی گئی تو وہ اپنے گھر جارہے تھے تاہم وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

اس بارے میں پولیس کا مزید کہنا تھا کہ واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ کا معلوم ہوتا ہے۔

اس سے قبل منگل کی رات کو اسی گاؤں میں فائرنگ سے 2 جبکہ میرعلی کے قریب شیوا میں 3 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ 26 اپریل کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کی گئی کارروائی کے دوران پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے تھے جبکہ 9 دہشت گردوں کو بھی ہلاک کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی، 2 جوان شہید

اس سے قبل 14 اپریل کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک فوجی اہلکار شہید ہوگیا تھا۔

11 اپریل کو شمالی وزیرستان میں تحصیل میر علی کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں 2 سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 7 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے تھے۔

قبل ازیں 8 اپریل کو سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع شمالی وزیرستان اور مہمند میں کارروائی کرکے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں