کورونا وائرس کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے لیے معروف سوشل میڈیا کمپنی 'یوٹیوب' پاکستان کو 50 لاکھ ڈالر کی اشتہاری گرانٹ دے گی۔

وزیراعظم عمران خان کو لکھے گئے مراسلے میں یوٹیوب کی چیف ایگزیکٹو افسر سوسن ووجکی نے کہا کہ ’گوگل اور یوٹیوب اس مشکل وقت میں پاکستان کے شہریوں اور کاروبار کے لیے مدد کرتے رہیں گے۔

مزید پڑھیں: گوگل پر کبھی ان چیزوں کو سرچ مت کریں

مراسلے میں کہا گیا کہ ٹیکنالوجی پر مبنی کمپنیاں ملک میں مقامی حکام کے ذریعے انفارمیشن پینلز اور الرٹس کے ذریعے کورونا وائرس کے بارے میں معلومات پھیلانے میں مدد فراہم کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گوگل نے ایک مائیکروسائٹ بھی لانچ کی ہے جو اس وقت ظاہر ہوگی جب کوئی کورونا وائرس کی تلاش کرے گا۔

مذکورہ مائیکروسائٹ کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ سے معلومات حاصل کرکے صارفین کو فراہم کرے گی۔

مراسلے میں مزید کہا گیا کہ یوٹیوب، گوگل میپ کے ذریعے جمع کردہ ڈیٹا کو استعمال کرتے ہوئے کمیونٹی موبلٹی رپورٹس بھی شائع کررہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کی وبا کے دوران پاکستانی گوگل پر کیا کچھ سرچ کررہے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ ’ہم امید کرتے ہیں کہ ان رپورٹوں سے (نقل و حرکت) پاکستان میں صحت عامہ کے عہدیداروں کی مدد کر سکتی ہے اور دوسری جگہ کی حکومتیں کورونا وائرس کا جواب دے سکتی ہیں‘۔

مراسلے میں پاکستانی حکومت کے ساتھ ’قابل اعتبار اور عالمی سطح پر مستقل ڈیجیٹل پالیسی اور ریگولیٹری فریم ورک‘ بنانے میں بھی تعاون کی پیش کش کی گئی۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران نے رواں سال جنوری میں سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے 50ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر یوٹیوب کے سی ای او سے ملاقات کی تھی۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے استعمال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

پاکستانی وفد نے سیاحت ، تعلیم کو فروغ دینے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا تھا۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: گوگل کا مختلف شعبوں میں پاکستان کی مدد کا اعلان

اس ملاقات کے بعد ڈیجیٹل پاکستان کی سربراہ تانیہ ایڈریس نے ٹوئٹ میں ملاقات کو ’بہتر اجلاس‘ قرار دیا اور کہا کہ دونوں فریقین نے پاکستان میں مواد کی تخلیق کاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس سے قبل دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے نئے نوول کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کے پھیلاؤ کے مدنظر کئی شعبوں میں پاکستان کو مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ کمپنی کی جانب سے وائرس کے خلاف پاکستان کی مختصر اور طویل المدتی معاونت جاری رکھی جائے گی اور اس کے لیے تین اہم ترجیحات پر توجہ دی جائے گی جسے یہ کمپنی مستقل بحالی کی انتہائی اہم قرار دیتی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے آج بھی نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 28 ہزار 587 ہوگئی ہے جبکہ اموات 623 تک پہنچ چکی ہیں۔

سرکاری سطح پر سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک 1633 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں