ترک ڈرامہ 'دیریلیش ارطغرل' جسے پاکستان میں 'ارطغرل غازی' کے نام سے نشر کیا جارہا ہے، مشرق وسطیٰ میں ہی نہیں بلکہ جنوبی ایشیا میں بھی لوگوں کے دلوں میں جگہ بنا چکا ہے اور لاکھوں افراد لاک ڈاؤن کے دوران اس کے سیزن دیکھ کر وقت گزار رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کچھ ماہ پہلے اسے نشر کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی اور یکم رمضان سے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) پر اسے نشر کرنے کا سلسلہ شروع ہوا۔

جب اس کی پہلی قسط نشر ہوئی تو پی ٹی وی کے یوٹیوب چینل کو ایک ہی دن میں 40 ہزار نئے صارفین نے سبسکرائب کیا۔

یہی وجہ ہے کہ اب پاکستان کا قومی چینل اس ڈرامے کی مدد سے یوٹیوب پر ایک عالمی ریکارڈ توڑنا چاہتا ہے۔

پی ٹی وی ورلڈ کی جانب سے ایک ٹوئٹ کیا گیا جس میں لکھا تھا کہ 'چلیں ایک ماہ میں یوٹیوب پر نئے سبسکرائبرز کا عالمی ریکارڈ بناتے ہیں، اس وقت کا ریکارڈ 66 لاکھ کا ہے اور ارطغرل غازی چینل اسے آپ کی محبت سے توڑ سکتا ہے، ہمارے پاس تاریخ رقم کرنے کے لیے 15 دن باقی ہیں'۔

اس ٹوئٹ کے بعد یوٹیوب چینل پر ہزاروں سبسکرائبرز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد 10 لاکھ سے زائد ہوگئی جس کا اعلان ایک ٹوئٹ میں کیا گیا۔

درحقیقت اس یوٹیوب چینل کو بہت زیادہ پسند کیا جارہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ارطغرل غازی کی پہلی قسط کو اس چینل پر ایک کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ بار دیکھا جاچکا ہے۔

اس چینل کو سبسکرائب کرنا چاہیں تو اس لنک پر کلک کردیں۔

پاکستان میں یوٹیوب ٹرینڈنگ میں اس ڈرامے کی پہلی قسط مقبولیت کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر ہے بلکہ کئی دن تک نمبر ون رہی تھی اور اب جاکر یہ دوسرے نمبر پر آئی ہے۔

اس چینل پر ڈرامے کی 14 اقساط کی ویڈیوز اپ لوڈ کی جاچکی ہیں اور اب تک مجموعی طور پر 5 کروڑ 84 لاکھ سے زائد بار ان ویڈیوز کو دیکھا جاچکا ہے۔

خیال رہے کہ مذکورہ ڈرامے کو ترکی کا ’گیم آف تھرونز‘ بھی کہا جاتا ہے اور اس ڈرامے کو 13ویں صدی میں اسلامی فتوحات کے حوالے سے انتہائی اہمیت حاصل ہے۔

’دیریلیش ارطغرل‘ ڈرامے کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی کہانی ہے اور اس ڈرامے کی مرکزی کہانی ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔

ڈرامے میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے۔

یہ ڈراما پاکستان میں اردو زبان میں پیش کیے جانے سے قبل ہی دنیا کے 60 ممالک میں مختلف زبانوں میں نشر کیا جا چکا ہے۔

یہ ڈراما پانچ سیزن اور مجموعی طور پر 179 قسطوں پر مبنی ہے، اس ڈرامے کو ابتدائی طور پر 2014 میں ٹی آر ٹی پر نشر کیا گیا تھا اور اب یہ ڈراما ’نیٹ فلیکس‘ سمیت دیگر آن لائن اسٹریمنگ چینلز پر موجود ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں