جی جی حدید کا بچے کی پیدائش سے قبل شادی کرنے کا منصوبہ؟

اپ ڈیٹ 11 مئ 2020

ای میل

دونوں کئی سالوں سے ساتھ ہیں — فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کئی سالوں سے ساتھ ہیں — فوٹو: انسٹاگرام

فلسطینی نژاد امریکی سپر ماڈل 25 سالہ جی جی حدید کے شادی سے قبل حاملہ ہونے کی خبریں گزشتہ ماہ سامنے آئیں تھی جس کے بعد انہوں نے رواں ماہ ان خبروں کی تصدیق بھی کردی اور اب ان کے اور پاکستانی نژاد 27 سالہ گلوکار زین ملک کے حوالے سے نئی قیاس آرائیاں سامنے آرہی ہیں۔

ہولی وڈ لائف کی رپورٹ کے مطابق جی جی حدید کے شادی سے قبل حاملہ ہونے کی خبر سامنے آنے کے بعد ان کے مداح بس یہی جانا چاہتے کہ یہ دونوں کب شادی کریں گے؟

مزید پڑھیں: کیا جی جی حدید شادی سے قبل ہی اُمید سے ہیں؟

جبکہ اب ایسی رپورٹس بھی سامنے آرہی ہیں کہ ہوسکتا ہے ان دونوں نے منگنی کر بھی لی ہو اور کوئی تعجب نہیں کہ یہ دونوں اس ہی سال شادی بھی کرلیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ زین ملک جی جی حدید سے شادی کرنے کے خواہشمند ہیں اور ان کا ارادہ ہے کہ وہ بچے کی پیدائش سے قبل ہی جی جی سے شادی کرکے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کردیں۔

ان دونوں کے درمیان 2015 میں تعلقات استوار ہوئے، فوٹو: اے ایف پی
ان دونوں کے درمیان 2015 میں تعلقات استوار ہوئے، فوٹو: اے ایف پی

زین ملک اس وقت جی جی حدید کے امریکی ریاست پنسلوانیا میں قائم گھر میں ان کے ساتھ ہی قرنطینہ میں ہیں۔

جبکہ زین ملک کی فیملی اس وقت برطانیہ میں موجود ہے تاہم پروازوں پر پابندی ہٹائے جانے کے فوری بعد زین ملک کی فیملی جی جی حدید کے گھر روانہ ہوجائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: جی جی حدید نے اُمید سے ہونے کی تصدیق کردی

رپورٹس کے مطابق ان دونوں خاندانوں کا آپس میں بہت گہرا تعلق جڑ چکا ہے اور اب یہ دونوں جلد ہی شادی کرنے کا بھی منصوبہ کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ حال ہی میں جی جی حدید، جمی فالن کے ٹاک شو ٹونائٹ شو ود جمی فالن میں پیش ہوئیں، جہاں انہوں نے افواہوں کو ختم کرتے ہوئے تصدیق کی تھی کہ وہ حمل سے ہیں اور وہ اس بات پر انتہائی خوش ہیں۔

سپر ماڈل نے بتایا تھا کہ وہ اور زین ملک اس بات پر بہت خوش ہیں کہ وہ والدین بننے والے ہیں اور انہیں یہ خبر مداحوں کو بتانے میں بھی خوشی محسوس ہو رہی ہے۔

ٹاک شو میں جی جی حدید نے یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ ان کے ہاں رواں برس ستمبر کے آخر تک ننھے مہمان کی آمد ہوگی اور اس حوالے سے ان کے پورے اہل خانہ میں خوشی پائی جاتی ہے۔

زین ملک اور جی جی حدید کے درمیان ابتدائی طور پر 2015 میں تعلقات استوار ہوئے اور دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ متعدد بار دیکھا گیا جب کہ دونوں میڈیا میں ایک دوسرے سے محبت کا بھی کھلم کھلا اظہار کرتے تھے۔

مزید پڑھیں: جی جی حدید نے پاکستانی نژاد گلوکار زین ملک سے دوبارہ تعلقات استوار کرلیے؟

تاہم 2018 میں دونوں کے درمیان نامعلوم وجوہات کی بنا پر اختلافات ہوگئے اور دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی لیکن جنوری 2020 میں ایک بار پھر دونوں کے درمیان تعلقات استوار ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

جنوری 2020 کے بعد جی جی حدید اور زین ملک کو متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا تھا تاہم انہوں نے اپنے تعلقات بحال ہونے پر کھل کر بات نہیں کی تھی اور چند دن قبل ہی ان کے حوالے سے خبریں آنا شروع ہوئیں کہ دونوں شادی سے قبل والدین بننے والے ہیں۔

دونوں 11 جنوری 2020 کو دوبارہ ملے—فوٹو: پیج سکس
دونوں 11 جنوری 2020 کو دوبارہ ملے—فوٹو: پیج سکس