جب ارطغرل کی ’حلیمہ‘ نے جنگ کی حمایت پر پریانکا چوپڑا پر تنقید کی

اپ ڈیٹ 13 مئ 2020
اسرا بیلگیج ارطغرل کے ایک سین میں— اسکرین شاٹ
اسرا بیلگیج ارطغرل کے ایک سین میں— اسکرین شاٹ

ترک ڈرامے ارطغرل غازی میں حلیمہ خاتون کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ اسرا بیلگیج کچھ دن پہلے ایک تصویر کے نتیجے میں پاکستانیوں کی تنقید کی زد میں تھی مگر اب سب ان پر اپنی محبت نچھاور کررہے ہیں۔

اور اس کی وجہ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی ایک پوسٹ پر پاکستان کے حق میں کیا جانے والا ایک کمنٹ بنا ہے۔

اگست میں پریانکا چوپڑا نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے موقع پر ایک متنازع بیان پر سوالات پوچھنے پر ایک پاکستانی نژاد خاتون کے ساتھ سخت سلوک کا مظاہرہ کیا تھا، جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

لاس اینجلس میں ہونے والی تقریب کے دوران پاکستانی نژاد امریکی خاتون عائشہ ملک اداکارہ سے رواں برس فروری میں کیے جانے والی ٹوئٹ پر سوال کرتی ہیں جس پر اداکارہ ان پر بھڑک جاتی ہیں۔

عائشہ ملک نے اداکارہ سے سوال کیا کہ انہوں نے رواں برس فروری میں ٹوئٹ کے ذریعے بھارتی فوج کی حمایت کی اور مبینہ طور پر وہ دونوں ممالک میں نیوکلیئر جنگ کی خواہاں ہیں؟

پاکستانی نژاد خاتون نے اپنا سوال جاری رکھتے ہوئے اداکارہ کو کہا کہ وہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ’یونیسیف‘ کی سفیر برائے خیر سگالی ہیں، انہیں جنگ کی باتیں زیب نہیں دیتیں اور پھر پاکستان میں ان کے لاکھوں مداح ہیں، جو ان کی دونوں ممالک میں جنگ کی خواہش کی بات سے ناراض ہوئے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عائشہ ملک کا سوال ختم ہی نہیں ہوا تھا کہ تقریب کے منتظمین میں شامل ایک اہلکار ان سے مائیک چھین لیتے ہیں اور اسی دوران پریانکا چوپڑا پاکستانی نژاد خاتون کو جھاڑ پلا دیتی ہیں۔

پریانکا چوپڑا نے عائشہ ملک کا درست انداز میں جواب دینے کے بجائے ان پر الزام لگایا کہ وہ خوامخواہ چلا رہی ہیں، وہ یہ بات آرام سے بھی کر سکتی تھیں، ساتھ ہی اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ان کا سوال سن لیا ہے۔

ایک اور ویڈیو میں پریانکا چوپڑا پاکستانی نژاد لڑکی کے سوال کا جواب دیتے دکھائی دیتی ہیں، تاہم وہ عائشہ ملک کے سوال کا براہ راست جواب دینے کے بجائے غیر متعلقہ باتیں کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

اسی حوالے سے ارطغرل میں حلیمہ کا کردار ادا کرنے والی ترک اداکارہ نے اگست 2019 میں پریانکا چوپڑا کی ایک انسٹاگرام پوسٹ پر ایک کمنٹ کیا تھا جو اب دوبارہ پاکستان میں وائرل ہوگیا ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

پریانکا چوپڑا نے اپنی، صوفی ٹرنر اور ڈینیلی جوناس کی ایک تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی تھی جس پر ارطغرل کی اداکارہ نے کمنٹ کیا 'محب وطن ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ جنگ کی حوصلہ افزائی کریں، اقوام متحدہ کی خیرسگالی سفیر ہونے کے باعث آپ کو ایسی گفتگو کا حصہ نہیں بننا چاہیے جو جنگ سے متعلق ہو، اس سے متعدد بچے متاثر ہوسکتے ہیں، جو آپ کو رول ماڈل سمجھتے ہیں'۔

ترک اداکارہ نے عائشہ ملک کے ساتھ کیے جانے والے سلوک پر بھی بات کی 'آپ نے ایک خاتون کا عدم احترام کیا، جس نے آپ کے ہی ایک بیان کے بارے میں سوال کیا تھا جو آپ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لاکھوں افراد کے ساتھ شیئر کیا تھا'۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

اب پریانکا چوپڑا کی اس پوسٹ پر پاکستانی صارفین ترک اداکارہ کے کمنٹ کو سراہ رہے ہیں اور مختلف کمنٹس میں انہیں ٹیگ کرکے ان کے بیان کی تعریف کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ ارطغرل غازی پاکستان میں بہت زیادہ مقبول ہوچکا ہے اور اس میں کام کرنے والے اداکاروں کو بھی بہت زیادہ پسند کیا جانے لگا ہے۔

گزشتہ دنوں اسرا بیلگیج کے انسٹاگرام پر مارچ میں شیئر ہونے والی ایک تصویر پر پاکستانی مداحوں نے ان کے لباس پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔

مگر اب بولی وڈ اداکارہ کی پوسٹ پر ایک پاکستانی نژاد خاتون کی حمایت میں آواز بلند کرنا ان کے دلوں میں گھر کرگیا ہے۔

واضح رہے کہ ’دیریلیش ارطغرل‘ ڈرامے کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی ہے اور اس ڈرامے کی مرکزی کہانی ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔

اسرا بیلگیج کی زندگی پر نظر ڈالی جائے تو اداکارہ کی پیدائش 14 اکتوبر 1992 کو انقرہ میں ہوئی اور انہوں نے استنبول کی ایک یونیورسٹی سے بین الاقومی تعلقات میں ڈگری حاصل کی جبکہ ابھی قانون کی تعلیم بھی حاصل کررہی ہیں۔

شوبز کی دنیا میں ان کی آمد 2014 میں ارطغرل سیریز سے ہی ہوئی تھی اور ارطغرل کے علاوہ وہ مزید 2 ڈرامے اور ایک فلم میں کام کرچکی ہیں۔

2017 میں انہوں نے ایک فٹبالر گوکخان تورے سے شادی کی تھی اور جون 2019 میں ان کی طلاق ہوگئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں