حریم شاہ 'حلیمہ سلطان' کا کردار ادا کرنے کی خواہاں

اپ ڈیٹ 19 مئ 2020
حریم شاہ کے مطابق اگر موقع ملا تو حلیمہ سلطان کا کردار ادا کریں گی — فائل فوٹو: انسٹاگرام، اسکرین شاٹ
حریم شاہ کے مطابق اگر موقع ملا تو حلیمہ سلطان کا کردار ادا کریں گی — فائل فوٹو: انسٹاگرام، اسکرین شاٹ

اپنی ویڈیوز اور تصاویر سے انٹرنیٹ پر دھوم مچانے والی ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے خواہش کا اظہار کیا ہے کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ ارطغرل غازی جیسے کسی ڈرامے میں حلیمہ سلطان کا کردار ادا کریں گی۔

خیال رہے کہ 'حلیمہ سلطان' کا کردار پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر نشر ہونے والے ترک ڈرامے 'دیریلیش ارطغرل' کا مرکزی کردار ہے۔

'حلیمہ سلطان' کا کردار ترک اداکارہ 28 سالہ اسرا بیلگیج نے ادا کیا ہے، یہ کردار ڈرامے کے مرکزی کردار 'ارطغرل غازی' کی بیوی کا کردار ہے اور ڈرامے میں ارطغرل غازی کا کردار 41 سالہ انجین التان دوزیتان نے ادا کیا ہے۔

اس ڈرامے کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی ہے۔

ڈرامے کی مرکزی کہانی ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مہوش حیات 'ارطغرل غازی' پر فدا

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔

ڈرامے میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے۔

حلیمہ سلطان کا کردار  اسرا بیلگیج نے ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ
حلیمہ سلطان کا کردار اسرا بیلگیج نے ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ

ڈرامے کو وزیر اعظم عمران خان کی خواہش پر یکم رمضان سے پی ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے اور اس ڈرامے نے پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے ہیں اور اسے یوٹیوب پر محض 20 دن میں 21 کروڑ بار دیکھا گیا تھا۔

اسی طرح متعدد شوبز شخصیات نے بھی ڈرامے کی تعریفیں کی تھیں مگر ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے تو اسی ڈرامے کے مرکزی کردار حلیمہ سلطان کو ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

حریم شاہ نے ایک یوٹیوبر کو انٹرویو کے دوران 'ارطغرل غازی' ڈرامے کی تعریف کی اور کہا کہ ڈرامے کو دیکھتے ہی اندازہ ہوتا ہے کہ مسلمان کتنی بہادر قوم ہے۔

مزید پڑھیں: 'ارطغرل غازی' میں 'حلیمہ' کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ پاکستان آنے کے لیے بیتاب

انہوں نے ڈرامے کے ہیرو ارطغرل غازی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ ڈراما دیکھتی ہیں تو خود کو اسی دور میں محسوس کرتی ہیں جس دور کی یہ عکاسی کررہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان میں ارطغرل جیسا ڈراما بنے اور انہیں اس میں کام کی پیش کش ہو تو وہ ضرور ڈرامے میں حلیمہ سلطان کا کردار ادا کریں گی۔

خواہش ہے وزیر اعظم عمران خان میرے ساتھ اداکاری کریں، حریم شاہ—فوٹو: انسٹاگرام
خواہش ہے وزیر اعظم عمران خان میرے ساتھ اداکاری کریں، حریم شاہ—فوٹو: انسٹاگرام

ساتھ ہی ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اگر انہیں اپنی پسند کا ہیرو منتخب کرنے دیا جائے تو وہ ارطغرل کے کردار کے لیے وزیر اعظم عمران خان کا انتخاب کریں گی کیوں کہ ان کی نظر میں وزیر اعظم ایک بہادر انسان ہیں اور ارطغرل کا کردار بھی بہادر ہے۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے ارطغرل ڈرامے کی دیگر کاسٹ کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ پاکستان میں بھی ایسے ڈرامے بننے چاہیے۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے وضاحت کی کہ ان کی باتوں کو انتہائی سیریس نہ لیا جائے اور وزیر اعظم عمران خان کے مداح ان سے ناراض نہ ہوں، کیوں کہ یہ صرف باتیں ہیں، ان میں حقیقت کچھ بھی نہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں