خالد انعم نے بچوں کے لیے یوٹیوب چینل لانچ کردیا

اپ ڈیٹ 20 مئ 2020
پاکستان کے نامور اداکار نے یوٹیوب چینل لانچ کردیا— فوٹو: ٹوئٹر
پاکستان کے نامور اداکار نے یوٹیوب چینل لانچ کردیا— فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان کے نامور اداکار خالد انعم نے بچوں کے لیے ’سیپ آفیشل‘ نامی نیا یوٹیوب چینل لانچ کردیا جس کے ذریعے وہ پاکستانی بچوں کو محظوظ کریں گے۔

اس حوالے سے اداکار نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس چینل کے ذریعے پاکستان کی نئی نسل نہایت دلچسپ انداز میں اپنی قومی زبان سیکھ سکے گی۔

خالد انعم کا کہنا تھا کہ ’آج کل کے بچے، یا جب ہم بھی چھوٹے تھے تو ہمارے والدین زیادہ تر ہمیں انگریزی گانے ٹوئنکل ٹوئنکل یا بابا بلیک شیپ ہی سناتے تھے، اس سے ہوا یہ کہ ہم اپنی قومی زبان اردو کی عزت کرنا بھول گئے، ہم تب ہی ایک کامیاب قوم بن سکتے ہیں جب ہم اپنی زبان سیکھیں اور اس میں ہی فخر محسوس کریں‘۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ بچوں کے لیے اردو میں کچھ نئے گانے تیار کرسکیں گے۔

خالد انعم کے مطابق ’میں سندھی، پنجابی اور پاکستان کی دیگر کئی مقامی زبانوں میں چیزیں تیار کرنا چاہتا ہوں، مجھے موسیقی پسند ہے، میں ان گانوں کو خود کمپوز کروں گا اور بچوں کے لیے آسان الفاظ میں گانے تحریر کروں گا، آپ کہہ سکتے ہیں کہ یہ اسکول جانے سے قبل بچوں کی تیاری ہے‘۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’دنیا بھر میں سب سے زیادہ اہمیت بچوں کو دی جاتی ہے لیکن ہمارے ملک میں ناجانے کیوں بچوں کو سب سے زیادہ نظر انداز کیا جاتا ہے۔ سب سے کم اہمیت دی جاتی ہے’۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: آمنہ شیخ کا گھروں میں موجود بچوں کی تربیت سے متعلق مشورہ

خالد انعم کے مطابق ’ہر بچے کو خاص توجہ چاہیے ہوتی ہے، ہر کوئی یہ شکایت کرتا ہے کہ سب کچھ کتنا خراب ہورہا ہے لیکن کیا کوئی خود سے یہ سوال کرتا ہے؟ ہم نے آخر اپنی نئی نسل کے لیے کیا ہی کیا ہے؟‘

انہوں نے بتایا کہ ’جب ہم بڑے ہورہے تھے تو پی ٹی وی پر بچوں کے لیے نہایت خوبصورت پروگرام نشر کیے جاتے تھے، لیکن پھر اچانک سب ختم ہوگیا، سب رک گیا‘۔

اداکار کے مطابق انہوں نے بچوں کے لیے کئی پروگرام بنائے لیکن یہ پروگرام صرف پی ٹی وی کے لیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ’سارے نجی چینلز کہتے ہیں کہ وہ اس طرح کے مواد سے پیسے نہیں کما سکتے لیکن میں انہیں یہی کہنا چاہتا ہوں کہ ہم اپنے بچوں کو بیچ نہیں سکتے، وہ فروخت کے لیے نہیں ہوتے، وہ پاکستان کا سب سے مہنگا اثاثہ ہیں، ہمیں ان کے لیے کچھ نا کچھ ضرور کرنا چاہیے‘۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا لاک ڈاؤن: صبا قمر کا بھی یوٹیوب چینل لانچ کرنے کا اعلان

انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ چینلز ان کے اس کام کو پروموٹ کرنے کے لیے تیار نہیں تھے تو انہوں نے خود سے یہ کرنے کا فیصلہ کیا اور لاکھوں افراد کا مثبت ردعمل دیکھنے میں آیا۔

اداکار کا یہ بھی کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث لگے لاک ڈاؤن میں بچے یقیناً ان کے یوٹیوب چینل سے محظوظ ہوسکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ یوٹیوب چینل کا نام ’سیپ‘ اس لیے رکھا کیوں کہ ان کی نظر میں بچے قیمتی موتی ہیں اور سیپ ان کی حفاظت کرتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (2) بند ہیں

khan May 20, 2020 02:06pm
People already lanch these type of chanel. sopose to launch new Idea.
Erum Siddiqui May 21, 2020 11:28am
اعلی۱۔ بہت ضرورت تھی۔