ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے التوا کی خبریں درست نہیں، آئی سی سی

اپ ڈیٹ 03 جون 2020
آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریاں جاری رکھنے کا اعلان کردیا —فوٹو:بشکریہ آئی سی سی
آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریاں جاری رکھنے کا اعلان کردیا —فوٹو:بشکریہ آئی سی سی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے واضح کیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ملتوی نہیں ہوا جبکہ تیاریاں جاری ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے آئی سی سی نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 کے التوا کی خبریں درست نہیں ہیں۔

آئی سی سی نے کہا کہ ٹورنامنٹ کی تیاریاں جاری ہیں اور کووڈ-19 کے باعث تیزی سے بدلتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر کئی متبادل منصوبوں کو پرکھا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں:آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020 کے شیڈول کا اعلان

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2020 کے میچز اکتوبر اور نومبر میں کروانے کا عندیہ دیا گیا تھا جس کے بعد خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ملتوی کردیا جائے گا۔

آسٹریلیا کے میڈیا میں رپورٹس تھیں کہ بھارت کا بااثر بورڈ آئی پی ایل کے انعقاد کے لیے ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی کو ملتوی کرنا چاہے گا۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) ان خبروں کو مسترد کردیا تھا۔

بی سی سی آئی کے خزانچی ارون سنگھ دھمل کا کہنا تھا کہ 'بی سی سی آئی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو ملتوی کرنے کی تجویز کیوں دے گا، ہم اجلاس میں تبادلہ خیال کریں گے اور آئی سی سی کو جو مناسب لگے وہ فیصلہ کرے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اگر آسٹریلیا کی حکومت اعلان کرتی ہے کہ ٹورنامنٹ ہوگا اور کرکٹ آسٹریلیا اس کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے تو یہ ان کا فیصلہ ہوگا اور بی سی سی آئی کوئی تجویز نہیں دے گی'۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 18 اکتوبر کو آسٹریلیا میں شروع ہوگا تاہم کورونا وائرس کے باعث دیگر کھیلوں کے ٹورنامنٹس کی طرح ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی کے التوا کے خدشات ظاہر کیے جارہے ہیں۔

ورلڈ کپ 15 نومبر تک جاری رہے گا، جہاں کل 16 ٹیمیں 45 میچز کھیلیں گی۔

گروپ اے میں پاکستان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، ونڈیز (ویسٹ انڈیز) اور 2 کوالیفائر شامل ہوں گے جبکہ گروپ بی میں بھارت، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، افغانستان اور 2 کوالیفائر ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:فاف ڈیوپلیسی کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے دہرے قرنطینہ کی تجویز

رواں برس مارچ میں 53 کروڑ ڈالر مالیت کی آئی پی ایل کورونا وائرس کے باعث ملتوی ہوگئی تھی اور بھارتی حکام نے حال ہی میں کہا تھا کہ اکتوبر اور نومبر میں مناسب موقع ملتے ہیں اس کا انعقاد کیا جائے گا۔

آئی سی سی کے نئے چیئرمین کا انتخاب

آئی سی سی سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 'گزشتہ روز آئی سی سی کے بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں آئی سی سی نئے چیئرمین کے انتخاب پر تبادلہ خیال کیا گیا'۔

بیان میں کہا گیا کہ 'اجلاس میں اس حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں ہوا تاہم 28 مئی کو بورڈ کے اگلے اجلاس میں اس پر مزید بات کی جائے گی'۔

آئی سی سی کے موجودہ چیئرمین نے تصدیق کردی ہے کہ وہ عہدے میں مزید توسیع نہیں چاہتے ہیں لیکن عہدے کی منتقلی کے لیے بورڈ کے ساتھ تعاون کروں گا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ اور آئی سی سی کے موجودہ چیئرمین ششانک منوہر اپنی 5 سالہ مدت پوری کرکے اپنے عہدے سے سبکدوش ہورہے ہیں۔

ششانک منوہر 22 نومبر 2015 کو سری نواسن کے بعد آئی سی سی کے چیئرمین بن گئے تھے جبکہ سری نواسن بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ پر مشتمل بگ تھری بننے کے بعد آئی سی سی کے پہلے چیئرمین بن گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں