فیس بک ڈیٹا اب گوگل فوٹوز پر منتقل کرنا ممکن

07 جون 2020
— فوٹو بشکریہ اینڈرائیڈ سینٹرل
— فوٹو بشکریہ اینڈرائیڈ سینٹرل

اب آپ فیس بک میں موجود اپنی تصاویر اور ویڈیوز کو گوگل کی مقبول ترین فوٹو ایپ میں منتقل کرسکتے ہیں۔

یہ ٹول دسمبر میں ابتدائی طور پر یورپ میں متعارف کرایا گیا تھا مگر اب کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ ہر صارف کو دستیاب ہے۔

اس ڈیٹا پورٹ ایبلٹی فیچر کی بدولت صارفین فیس بک سے براہ راست اپنی تصاویر کی کاپی گوگل کے فوٹو اسٹوریج سروس میں انکرپٹڈ ٹرانسفر کرسکتے ہیں۔

اس کے لیے ضروری نہیں کہ اس ڈیٹا کو ڈاؤن لوڈ کرکے مینوئلی گوگل فوٹوز میں اپ لوڈ کریں۔

اس کی جگہ فیس بک صارفین سیٹنگز مینیو میں یور فیس بک انفارمیشن میں ٹرانسفر اے کاپی آف یور فوٹوز اینڈ ویڈیوز پر کلک کرکے اس ڈیٹا کو منتقل کرسکتے ہیں۔

یہ وہی مینیو ہے جو طویل عرصے سے صارفین کو اس کمپنی کی سروسز سے متعلق مختلف ڈیٹا کی کاپی ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

تاہم تصاویر کو گوگل فوٹوز میں منتقلی کا عمل بہت آسان بنایا گیا ہے۔

یہ فیچر جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے سب سے پہلے دسمبر میں یورپی ملک آئرلینڈ میں متعارف ہوا تھا اور اس کے بعد 2020 کے آغاز میں دیگر یورپی ممالک میں پیش کیا گیا۔

اس کے بعد اپریل میں امریکا اور کینیڈا کے صارفین کو بھی اس تک رسائی حاصل ہوئی اور اب فیس بک کے تمام صارفین اسے استعمال کرسکتے ہیں۔

فی الحال یہ سہولت گوگل فوٹوز تک ہی محدود ہے مگر فیس بک کا کہنا ہے کہ دیگر سروسز کی سپورٹ کو بھی جلد متعارف کرایا جائے گا۔

یہ گوگل، مائیکرو سافٹ، ٹوئٹر اور فیس بک کے درمیان طے پانے والے ڈیٹا ٹرانسفر پروجیکٹ کا حصہ ہے، جس کا مقصد ان سروسز کے درمیان اطلاعات کی منتقلی کو آسان تر بنانا ہے۔

یہ نیا اوپن سورس پروجیکٹ ڈیٹا ٹرانسفر پروجیکٹ، صارفین کو ان تمام پلیٹ فارمز کے درمیان ڈیٹا ٹرانسفر کرنے کا آسان اور باسہولت آپشن فراہم کرے گا۔

اگر سب کچھ طے شدہ منصوبے کے مطابق ہوا تو صارفین کا ڈیٹا ایک سے دوسری سروس میں بغیر ڈاﺅن لوڈ یا اپ لوڈ کیے منتقل ہوسکے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں