بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے جندروٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ سے 2 بچے اور 2 خواتین زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کےمطابق 'بھارتی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایل او سی سے منسلک جندروٹ سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا'۔

بیان میں کہا گیا کہ 'بھارتی فوج کی ڈیرا شیرخان، سندھارا اور بمروچ گاؤں میں بلاامتیاز فائرنگ کے نتیجے میں 2 خواتین اور 2 بچے شدید زخمی ہوئے'۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ 'زخمیوں کو قریبی طبی مرکز منتقل کردیا گیا'۔

مزید پڑھیں:ایل او سی: سیز فائر کی خلاف ورزی سے 3 شہری زخمی،بھارتی سفارتکار کو طلب کرکے احتجاج

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 'پاک فوج نے مؤثر جواب دیتے ہوئے ان بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا جہاں سے فائر کھولا گیا تھا'۔

پاک فوج کے مطابق 'زخمیوں کی شناخت سندھارا گاؤں کی 26 سالہ نسرین، گاؤں ڈیرا شیرخان سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ رابعہ، 7 سالہ مومنہ اور بمروچ گاؤں کے 7 سالہ منشی کے نام سے ہوئی ہے'۔

خیال رہے کہ 5 جون کو پاک فوج نے ایل او سی کے قریب پاکستانی حدود میں داخل ہونے والے ایک اور بھارتی کواڈ کاپٹر (جاسوس ڈرون) کو مار گرایا تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جاسوس ڈرون ایل او سی کے ساتھ خنجر سیکٹر میں گرایا گیا اور اس اشتعال انگیزی کے دوران بھارتی کواڈ کاپٹر جاسوسی کے لیے پاکستانی حدود میں 500 میٹر تک گھس آیا تھا۔

اس ضمن میں بتایا گیا تھا کہ ’پاک فوج نے ایل او سی کے قریب رواں سال کا 8 واں بھارتی جاسوس ڈرون مار گرایا ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت نے فضائی حملے کی غلطی کی تو منہ توڑ جواب دیں گے، وزیرخارجہ

بھارتی فوج نے 20 مئی کو ایل او سی کے نکیال سیکٹر میں مارٹر گولے اور خودکار ہتھیار استعمال کرتے ہوئے سیزفائر کی خلاف ورزی کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کھانی اور اوولی گاؤں میں بھارتی فوج کی اندھا دھند فائرنگ سے 3 معصوم شہری شدید زخمی ہوئے، جنہیں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جارہی جارہی ہیں۔

بعد ازاں بھارت کے سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے سیز فائر کی خلاف ورزی پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

اس سے قبل 17 مئی 2020 کو بھارتی فورسز کی جانب سے کی گئی بلا اشتعال فائرنگ سے جیجوٹ گاؤں کے 37 سالہ رہائشی محمد شفیع شدید زخمی ہوگئے تھے۔

اسی طرح 7 مئی کو ایل او سی سے ملحق نیزاپور اور رکھ چکری سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 6 معصوم شہری زخمی ہو گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں