اشیائے خورونوش پر ناجائز منافع کمانے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت

اپ ڈیٹ 24 جون 2020
این پی ایم سی نے اشیائے خور و نوش کی فراہمی اور ان کی قیمتوں میں کمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی—فائل فوٹو: اے ایف پی
این پی ایم سی نے اشیائے خور و نوش کی فراہمی اور ان کی قیمتوں میں کمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی—فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: حکومت کی نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی (این پی ایم سی) ملک میں پولٹری مصنوعات کی قیمتوں کا نوٹس لے لیا اور عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے صوبائی حکومتوں کو منافع خوروں کے خلاف کارروائی اور قیمتوں میں کمی لانے کی ہدایت کردی۔

وفاقی سیکریٹری خزانہ نوید کامران بلوچ کی سربراہی میں این پی ایم سی اجلاس منعقد ہوا جس میں ضروری اشیائے خور و نوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔

مزید پڑھیں: مئی کے مہینے میں مہنگائی کی شرح کم ہو کر 8.2 فیصد ہوگئی

کمیٹی نے صوبائی حکومت اور اسلام آباد کی انتظامیہ کو ان منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی جو مصنوعات کی فروخت میں ناجائز منافع کمارہے ہیں، ساتھ ہی مارکیٹ میں اشیائے خور و نوش کی فراہمی میں آسانی اور ان کی قیمتوں میں کمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

اس پر صوبائی نمائندوں اور اسلام آباد کی انتظامیہ نے اجلاس کو یقین دہانی کروائی کہ آئندہ دنوں میں پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

کمیٹی نے مسابقتی کمیشن کو پولٹری کے شعبے سے متعلق تحقیق صوبائی حکومتوں اور اسلام آباد انتظامیہ کے ساتھ شیئر کرنے اور ملک میں اشیائے خورونوش میں قیمتوں میں کمی لانے کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر کو اشیائے خورو نوش پر ٹیکسز کم کرنے کیلئے سمری پیش کرنے کی ہدایت

این پی ایم سی نے وزارت تحفظ قومی خوراک کو صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے گندم اور آٹے کی قیمتوں کی نگرانی اور ان پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے ان کی سپلائی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنے سے متعلق ضروری تعاون کی ہدایت بھی کی۔

کمیٹی نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تمام متعلقہ حکام کو لوگوں کو مناسب قیمتوں پر اشیائے خورونوش کی فراہمی کی نگرانی، قیمتوں میں فرق کے خاتمے اور ان اشیا کو زیادہ قیمتوں پر فروخت کرکے بھاری منافع کمانے والوں پر نظر رکھنے کا حکم دیا۔


یہ خبر 20 جون، 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں