صدر مملکت کی گلگت بلتستان میں 18 اگست کو عام انتخابات کی منظوری

اپ ڈیٹ 28 جون 2020
قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات اس کی تحلیل ہونے کی تاریخ سے 60 دن کے اندر ہونا ضروری ہیں — فائل فوٹو / ڈان نیوز
قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات اس کی تحلیل ہونے کی تاریخ سے 60 دن کے اندر ہونا ضروری ہیں — فائل فوٹو / ڈان نیوز

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے گلگت بلتستان (جی بی) کی قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 18 اگست 2020 کو منعقد کرانے کی منظوری دے دی۔

ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر عارف علوی نے جی بی قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے 18 اگست کی 'پول ڈے' کے طور پر منظوری دی ہے۔

واضح رہے کہ گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی 23 جون کی رات اپنی 5 سالہ مدت مکمل کرنے کے بعد تحلیل ہوگئی تھی۔

وزیراعظم پاکستان اور گلگت بلتستان (جی بی) کونسل کے چیئرمین عمران خان نے میر افضل کو گلگت بلتستان کا نگراں وزیراعلیٰ مقرر کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی تحلیل، میر افضل نگراں وزیراعلیٰ مقرر

ضلع استور کے علاقے بونجی سے تعلق رکھنے والے میر افضل، ڈپٹی انسپیکٹر جنرل پولیس کے طور پر ریٹائرڈ ہوئے ہیں۔

قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات اس کی تحلیل ہونے کی تاریخ سے 60 دن کے اندر ہونا ضروری ہیں۔

اسلام آباد اور گلگت بلتستان الیکشن کمیشن جی بی اسمبلی کے 24 حلقوں میں انتخابات کرانے کا ذمہ دار ہے۔

وفاقی وزیر برائے کشمیر امور اور گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ گلگت بلتستان اسمبلی کے وقت پر انتخابات منعقد کرانے کے لیے ایک عارضی شیڈول الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) کو بھیج دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان کے وزیر زراعت حاجی جانباز خان کورونا وائرس سے انتقال کرگئے

تاہم ان کا کہنا تھا کہ ای سی پی اس حوالے سے فیصلہ کرے گا کہ آیا کورونا وائرس کی صورتحال کے دوران انتخاب منعقد کروانا ممکن ہے یا نہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں