اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، 100 انڈیکس میں 467 پوائنٹس کا اضافہ

01 جولائ 2020
تیزی کے رجحان کے ساتھ 100 انڈیکس 34 ہزار 889 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا — فائل فوٹو / اے ایف پی
تیزی کے رجحان کے ساتھ 100 انڈیکس 34 ہزار 889 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا — فائل فوٹو / اے ایف پی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز زبردست تیزی دیکھی گئی اور بینچ مارک 'کے ایس ای 100 انڈیکس' میں 467 پوائنٹس (1.36 فیصد) کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

تیزی کے رجحان کے ساتھ 100 انڈیکس 34 ہزار 889 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

کاروبار کے دوران مارکیٹ کی بلند ترین سطح 34 ہزار 924 پوائنٹس اور کم ترین سطح 34 ہزار 410 پوائنٹس رہی۔

مارکیٹ میں مجموعی طور پر 31 کروڑ 50 لاکھ سے زائد شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 10 ارب 67 کروڑ روپے سے زائد رہی۔

مجموعی طور پر آج 215 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ، 113 کی قیمتوں میں کمی اور 21 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

یہ بھی پڑھیں: دہشت گردوں کے حملے کے باوجود اسٹاک مارکیٹ میں 242 پوائنٹس کا اضافہ

جن پانچ کمپنیوں کے سب سے زیادہ شیئرز خرید و فروخت ہوئے ان میں کے الیکٹرک لمیٹڈ کے 3 کروڑ 91 لاکھ، ہم نیٹ ورک لمیٹڈ کے 3 کروڑ 6 لاکھ، ٹی آر جی پاکستان لمیٹڈ کے 2 کروڑ 64 لاکھ، میپل لیف سیمنٹ لمیٹڈ کے 2 کروڑ 29 لاکھ اور ڈی جی خان سیمنٹ لمیٹڈ کے ایک کروڑ 45 لاکھ شیئرز شامل ہیں۔

یاد رہے کہ دو روز قبل سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی عمارت پر حملے کی کوشش کرنے والے چاروں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور 2 سیکیورٹی گارڈ شہید ہوئے تھے۔

اسٹاک ایکسچینج میں صبح کاروبار کے آغاز کے وقت بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد و رفت جاری تھی جب 10 بجے سے کچھ دیر قبل دہشت گردوں نے اندر داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے فائرنگ کی اور داخلی دروازے پر دستی بم حملہ بھی کیا۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ اور دستی بم حملے میں ایک سب انسپکٹر اور 2 سیکیورٹی گارڈ شہید ہوئے اس کے علاوہ 3 پولیس اہلکار سمیت 7 افراد زخمی بھی ہوئے۔

مزید پڑھیں: کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی عمارت پر حملہ، تمام 4 دہشت گرد ہلاک

پولیس کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے جدید ہتھیار، دستی بم اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا جبکہ سیکیورٹی فورسز نے پی ایس ایکس کے باہر موجود مشتبہ کار کا بھی معائنہ کیا۔

اس روز بھی مارکیٹ میں خیالات کے برعکس تیزی دیکھی گئی تھی اور 100 انڈیکس 242 کے اضافے پر بند ہوا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں