سوزوکی نے آلٹو گاڑی، موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا

اپ ڈیٹ 08 جولائ 2020
آلٹو 660 سی سی وی ایکس ماڈل کی قیمت میں 63000 روپے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد اس کی قیمت 11 لاکھ 98 ہزار روپے ہوگئی۔ رائٹرز:فائل فوٹو
آلٹو 660 سی سی وی ایکس ماڈل کی قیمت میں 63000 روپے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد اس کی قیمت 11 لاکھ 98 ہزار روپے ہوگئی۔ رائٹرز:فائل فوٹو

کراچی: پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ (پی ایس ایم سی ایل) نے منگل کو آلٹو 660 سی سی وی ایکس ماڈل کی قیمت میں 7 جولائی سے 63000 روپے کا اضافہ کردیا جس کے بعد اس کی قیمت 11 لاکھ 98 ہزار روپے ہوگئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کمپنی نے مجاز ڈیلرز کو بھیجے گئے خط میں قیمت میں اضافے کی کوئی وجہ بتائے بغیر کہا کہ صارفین جو پہلے ہی پوری ادائیگی کے ساتھ ماڈل بک کر چکے ہیں ان سے قیمت کے بڑھنے کا فرق نہیں لیا جائے گا۔

اس سے قبل پی ایس ایم سی نے یکم جولائی کو موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں بھی 3 ہزار سے 6 ہزار روپے کا اضافہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ایک اور پاکستانی کمپنی 800 سی سی گاڑی متعارف کرانے کیلئے تیار

اس اضافے کے بعد جی ڈی 110 ایس، جی ایس 150، جی ایس 150 ایس ای، جی آر 150 اور جی ایس ایکس 150 ایس ایف کی قیمتیں بالترتیب ایک لاکھ 75 ہزار روپے، ایک لاکھ 85 ہزار روپے، 2 لاکھ 2 ہزار روپے، 2 لاکھ 79 ہزار روپے اور 5 لاکھ 79 ہزار روپے ہوگئی تھی۔

70 سے 250 سی سی کی سپر پاور موٹر سائیکل اسمبل کرنے والی کمپنی این جے آٹو انڈسٹریز نے بھی یکم جولائی سے قیمتوں میں ایک ہزار سے 2 ہزار روپے کا اضافہ کیا تھا۔

تاہم گزشتہ روز کمپنی نے اپنے اعلان کو واپس لیتے ہوئے قیمتوں میں ایک ہزار سے 2 ہزار روپے کے بجائے 1200 سے 2500 روپے کا اضافہ کیا تھا جس کا اطلاق 10 جولائی سے ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: گاڑی کے ٹائر کو پنکچر ہونے سے بچانے کا حیرت انگیز طریقہ

کمپنی نے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کو قیمتوں میں اضافے کی وجہ بتایا جس کی وجہ سے درآمدی پارٹس کی لاگت بھی بڑھی۔

یونیک موٹرسائیکل کے اسمبل کرنے والوں نے بھی 10 جولائی سے 70 سی سی اور 100 سی سی ماڈلز کی قیمتوں میں 1200 سے 2200 روپے کا اضافہ کیا جبکہ دیگر متعدد چینی و جاپانی موٹرسائیکل اسمبلرز نے 500 سے 20 ہزار روپے تک کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا جس کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں