جھیل میں ڈوبنے والی ہولی وڈ اداکارہ کی تلاش کے دوران ایک لاش دریافت

اپ ڈیٹ 13 جولائ 2020

ای میل

نایا ریویرا — رائٹرز فوٹو
نایا ریویرا — رائٹرز فوٹو

امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے قریب ایک جھیل میں سیر کرنے کے دوران نہاتے ہوئے لاپتا ہونے والی ہولی وڈ اداکارہ نایا ریویرا کی لاش ممکنہ طور پر تلاش کرلی گئی۔

نایا ریویرا 8 جولائی کی دوپہر کو اپنے 4 سالہ بیٹے کے ساتھ لاس اینجلس سے 45 میل دوری پر واقع پیرو جھیل کی سیر کرنے پہنچی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہولی وڈ ادکارہ نایا ریویرا جھیل میں لاپتا، ہلاکت کا خدشہ

اداکارہ نے جھیل کی سیر کے لیے کرائے پر کشتی حاصل کی تھی اور جھیل میں جانے کے بعد وہ نہانے کے لیے جھیل میں اتریں اور پھر واپس نہیں آئیں۔

اداکارہ کی کشتی کے قریب سے ایک اور کشتی گزری تھی، جس پر سوار افراد نے اداکارہ کی کشتی پر بچے کو لاوارث حالت میں دیکھتے ہوئے ریسکیو حکام کو مطلع کیا تھا۔

اے پی — فائل فوٹو
اے پی — فائل فوٹو

اسکائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اب مقامی حکام نے بتایا ہے کہ جھیل کے اس مقام سے ایک لاش کو دریافت کیا گیا ہے جہاں 33 سالہ اداکارہ ڈوب گئی تھیں۔

ابھی باقاعدہ طور پر تصدیق نہیں کی گئی کہ یہ لاش نایا ریویرا کی ہے یا نہیں، تاہم مقامی پولیس کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ابھی کام جاری ہے اور جلد پریس کانفرس کی جائے گی۔

اداکارہ کی تلاش کا کام گزشتہ 6 دن سے جاری ہے اس دوران غوطہ خور اور ریسکیو ٹیموں کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا تھا۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

جمعے کو ریسکیو ٹیم کے عہدیداروں نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اداکارہ کی لاش نہیں ملے گی۔

رپورٹ کے مطابق حکام نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اداکارہ کی لاش اندر پانی میں کسی چیز میں پھنس گئی ہوگی، جس کی وجہ سے اس کی تلاش میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

حکام نے بتایا کہ مذکورہ جھیل میں نہانے پر مکمل پابندی نہیں ہے تاہم جھیل کا پانی بہت زیادہ ٹھنڈا ہونے کی وجہ سے نہانے والے بعض افراد بری طرح متاثر ہوسکتے ہیں۔

نایا ریویرا نے بطور چائلڈ آرٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا تاہم انہوں نے فلموں میں اداکاری کی شروعات 2011 میں کی تھی۔

مزید پڑھیں : حکام کو ڈوب جانے والی اداکارہ نایا ریویرا کی لاش کبھی نہ ملنے کا خوف

انہیں سب سے زیادہ شہرت فاکس ٹی وی کے میوزیکل ڈراما گلی سے ملی تھی اور مذکورہ ڈرامے کی کامیابی کے بعد ہی انہیں متعدد ڈراموں میں کام کی پیش کش ہوئی۔

اے ایف پی— فائل فوٹو
اے ایف پی— فائل فوٹو

اداکارہ نے مجموعی طور پر 3 درجن کے قریب فلموں اور ڈراموں میں کام کیا تھا اور انہوں نے 2014 میں اداکار ریان ڈورسی سے شادی کی تھی لیکن بعد ازاں اختلافات کے باعث دونوں نے 2015 میں علیحدگی اختیار کرلی اور دونوں کے درمیان 2018 میں طلاق ہوگئی تھی۔

نایا ریویرا کو ریان ڈورسی سے 4 سالہ بیٹا بھی ہے اور دونوں کے درمیان شادی سے قبل ہی تعلقات استوار ہوئے تھے۔