ریال میڈرڈ کا لالیگا چمپیئن بنناچمپیئنز لیگ کی فتوحات سے بڑی خوشی ہے، زیڈان

اپ ڈیٹ 25 جولائ 2020
زیڈان نے لالیگا میں کامیابی کو کیریئر کے بہترین دنوں میں سے ایک قرار دے دیا—فوٹو:اے ایف پی
زیڈان نے لالیگا میں کامیابی کو کیریئر کے بہترین دنوں میں سے ایک قرار دے دیا—فوٹو:اے ایف پی

اسپین کے مشہور فٹ بال کلب ریال میڈرڈ کے کوچ زین الدین زیڈان نے کہا ہے کہ ٹیم کا لالیگا چمپیئن بننا میرے لیے چمپیئنز لیگ میں مسلسل تین فتوحات سے بڑی خوشی ہے۔

خیال رہے کہ ریال میڈرڈ نے گزشتہ روز اسپین کے کلب ولارئیل کو 1-2 سے شکست دے کر اسپینش لیگ لالیگا چمپیئن بننے کااعزاز حاصل کیا تھا۔

فرانس سے تعلق رکھنے والے سابق چمپیئن کھلاڑی زیڈان کا کہنا تھا کہ 'چمپیئنز لیگ تو چمپیئنز لیگ ہے لیکن اس لیگ نے مجھے بہت زیادہ خوش کردیا ہے کیونکہ لالیگا شان دار ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہم نے دیگر ٹیموں سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرلیے ہیں اور ہم نے ایسا کردکھایا ہے'۔

زیڈان نے کہا کہ 'میرے پروفیشنل تجربے میں آج کا دن بہترین دنوں میں سے ایک ہے کیونکہ یہ لیگ ٹائٹل ہے اور پابندیوں کے بعد یہ کامیابی غیرمعمولی ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر اسکواڈ میں شامل تمام لوگوں کی کوششیں شامل نہ ہوتیں تو ریال میڈرڈ کے لیے یہ کامیابی ممکن نہیں تھی، جن میں وہ کھلاڑی بھی شامل ہیں جنہوں نے میچ نہیں کھیلا لیکن وہ بدستور ساتھ رہے۔

زیڈان نے کہا کہ 'مجھے اپنا کردار ادا کرنا ہوتا ہے، مجھے کھلاڑیوں پر بھروسہ ہے اور میں ان سے خوش ہوں کیونکہ وہ فٹ بالرز سے پہلے انسان ہیں اور وہ اچھے لوگ ہیں'۔

ریال میڈرڈ نے کورونا وائرس کے باعث اپنے مداحوں کے بغیر میدان میں لیگ اپنے نام کی جبکہ کھلاڑی روایتی انداز میں بھرپور جوش خروش میں جشن منانے سے قاصر رہے۔

—فوٹو:رائٹرز
—فوٹو:رائٹرز

کریم بینزیما نے سیزن کی بہترین کارکردگی کو جاری رکھا اور ریال میڈرڈ کی جانب سے دونوں گول کیے، لالیگا کے رواں سیزن میں کریم بینزیما نے میسی کے بعد سب سے زیادہ گول کیے۔

کورونا وائرس کے باعث مارچ میں جب لیگ کے میچوں کو ملتوی کردیا گیا تھا تو ریال میڈرڈ اور بارسلونا کے پوائنٹس برابر تھے لیکن ریال میڈرڈ نے دوبارہ آغاز کے بعد تمام 10 میچ جیت کر اتنے پوائنٹس حاصل کرلیے کہ باآسانی لالیگا کا ٹائٹل بھی اپنے نام کرلیا۔

زیڈان کی ریال میڈرڈ میں گزشتہ برس ہیڈ کوچ کی حیثیت سے دوبارہ آمد کے بعد یہ پہلی بڑی کامیابی ہے تاہم انہوں نے کوچ کی حیثیت سے کلب کو مجموعی طور پر 11 ٹائٹل دلائے اور انہوں نے اس کامیابی کو اپنے مداحوں کے نام کیا۔

خیال رہے کہ زیڈان کی کوچنگ کے پہلے دورانیہ میں ریال میڈرڈ نے مسلسل تین مرتبہ چمپیئنز لیگ کا ٹائٹل حاصل کیا تھا تاہم انہوں نے اس سے زیادہ خوشی لالیگا کے جیتنے پر قرار دیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں