گلوکارہ و اداکارہ ڈیمی لواٹو نے منگنی کرلی

اپ ڈیٹ 24 جولائ 2020
دونوں کے درمیان ایک سال قبل تعلقات استوار ہوئے تھے—فوٹو: اے پی
دونوں کے درمیان ایک سال قبل تعلقات استوار ہوئے تھے—فوٹو: اے پی

معروف امریکی گلوکارہ و اداکارہ 27 سالہ ڈیمی لواٹو نے دیرینہ بوائے فرینڈ سے منگنی کرلی۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ متعدد ایوارڈز جیتنے والی گلوکارہ و اداکارہ نے دیرینہ دوست میکس ارچ سے منگنی کا اعلان اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کیا۔

گلوکارہ نے منگیتر کے ساتھ رومانوی انداز میں کچھوائی گئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اس پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا کہ انہیں میکس ارچ جیسا شخص محبت کےلیے میسر ہوا۔

ڈیمی لواٹو نے لکھا کہ جب وہ چھوٹی بچی تھیں تب ان کے والد ایک بچے کو ان کا چھوٹا ساتھی قرار دیتے تھے۔

گلوکارہ نے لکھا کہ اپنے والدین اور اہل خانہ کے بعد اگر وہ کسی سے غیر مشروط محبت کرتی ہیں تو وہ ان کے منگیتر ہیں۔

ڈیمی لواٹو نے میکس ارچ سے شادی کی رضامندی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ وہ مستقبل میں بیوی بننے اور اپنا خاندان شروع کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

اداکارہ نے انسٹاگرام پر منگنی کی تصویر بھی شیئر کی جب کہ ان کے منگیتر نے بھی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے منگنی کی تصدیق کی۔

یہ بھی پڑھیں: حد سے زیادہ نشہ کرنے پر ڈیمی لواٹو بے ہوش ہوگئیں

گلوکارہ کے منگیتر نے اپنی پوسٹ میں ڈیمی لواٹو کو ہر فلم کے گانے، شاعری، موسیقی اور منظر کا موضوع قرار دیتے ہوئے انہیں سب سے رومانوی خاتون قرار دیا۔

میکس ارچ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ اب وہ مزید اس زمین پر ڈیمی لواٹو کو بیوی بنائے بغیر رہنا پسند نہیں کریں گے۔

خیال رہے کہ ڈیمی لواٹو نے بطور چائلڈ آرٹسٹ ہی اپنا کیریئر شروع کیا، انہوں نے پہلے پہل ٹیلی وژن پر اداکاری کی، بعد ازاں انہوں نے گلوکاری اور شاعری میں بھی قسمت آزمائی۔

اب تک ڈیمی لواٹو 9 سے زائد فلموں اور 2 درجن سے زائد ڈراموں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

ڈیمی لواٹو اب تک 6 میوزک ایلبم ریلیز کرنے سمیت درجنوں گانے بھی ریلیز کر چکی ہیں۔

وہ اپنی ذہنی صحت، جنسی رجحانات اور نشے کی عادت کی وجہ سے خبروں کی زینت بنتی رہتی ہیں، جولائی 2018 میں وہ اس وقت خبروں میں آئی تھیں جب وہ اپنی رہائش گاہ پر بے ہوشی کی حالت میں پائی گئی تھیں۔

ڈیمی لواٹو کو بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا اور وہ 4 دن تک انتہائی تشویش ناک حالت میں رہی تھیں۔

بعد ازاں ڈاکٹرز نے تصدیق کی کہ اداکارہ حد سے زیادہ نشہ کرنے کی وجہ سے بے ہوش ہوگئی تھیں اور وہ مرتے مرتے بچی ہیں۔

حد سے زیادہ نشہ کرنے کے باعث وہ 2 ہفتوں تک ہسپتال اور منشیات کے بحالی مرکز میں زیر علاج رہی تھیں تاہم چند ماہ بعد ہی انہوں نے میوزک میں واپسی کی۔

ماضی میں بھی وہ حد سے زیادہ نشہ کرنے کی وجہ سے ہسپتال داخل ہوچکی تھیں جب کہ وہ ذہنی صحت کے مسائل کے باعث بھی بحالی مرکز اور ہسپتالوں میں زیر علاج رہی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں