سعودی فرمانروا صحتیاب ہونے کے بعد ہسپتال سے رخصت

31 جولائ 2020
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہسپتال میں پتے کی کامیاب سرجری کی گئی تھی — فائل فوٹو / اے ایف پی
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہسپتال میں پتے کی کامیاب سرجری کی گئی تھی — فائل فوٹو / اے ایف پی

سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو صحت یاب ہونے کے بعد کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہسپتال سے ڈسچارچ کردیا گیا۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق شاہی محل سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 'شاہ سلمان کو صحتیاب ہوجانے پر ریاض کے کنگ فیصل ہسپتال سے 30 جولائی کو رخصت کیا گیا۔'

واضح رہے کہ 23 جولائی کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہسپتال میں پتے کی کامیاب سرجری کی گئی تھی۔

اس حوالے سے سعودی رائل کورٹ سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ریاض میں واقع کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہسپتال میں پِتّہ نکالنے کے لیے شاہ سلمان کی 'لیپرواسکوپک' سرجری ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی فرماں روا کی پتّے کی سرجری کامیاب

بیان میں کہا گیا کہ سعودی فرمانروا 'کامیاب' سرجری کے بعد کچھ وقت کے لیے ہسپتال میں رہیں گے۔

شال سلمان 20 جولائی کو پتے میں سوزش کے باعث 'کچھ میڈیکل ٹیسٹس' کے لیے ہسپتال میں داخل ہوئے تھے۔

بعد ازاں 21 جولائی کو سرکاری میڈیا کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں شاہ سلمان کو ہسپتال سے کابینہ کے ورچوئل اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

ظاہری طور پر ویڈیو کا مقصد شاہ سلمان کی صحت سے متعلق افواہوں کو دور کرنا تھا۔

مزید پڑھیں: سعودی شاہ کی طبیعت ناساز، ہسپتال منتقل

خیال رہے کہ 84 سالہ شاہ سلمان، کورونا وائرس کی عالمی وبا اور خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے جڑواں علاقائی بحرانوں کے دوران کویت کے شیخ الصباح الاحمد الجابر الصباح کے بعد خلیج میں ہسپتال میں داخل ہونے والے دوسرے بادشاہ ہیں۔

وہ 2015 سے تیل کے سب سے بڑے برآمد کنندہ اور عرب دنیا کی سب سے بڑی معیشت پر حکمرانی کر رہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں