وزیراعظم، بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، انسداد پولیو مہم کی بحالی پر تبادلہ خیال

اپ ڈیٹ 12 اگست 2020
وزیراعظم اور بل گیٹس دونوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے حفاظتی اقدامات کے تحت پولیو ویکسین کی بحالی کا عمل حوصلہ افزا ہے۔ فائل فوٹو:رائٹرز:وزیر اعظم آفس
وزیراعظم اور بل گیٹس دونوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے حفاظتی اقدامات کے تحت پولیو ویکسین کی بحالی کا عمل حوصلہ افزا ہے۔ فائل فوٹو:رائٹرز:وزیر اعظم آفس

وزیراعظم عمران خان نے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال اور پاکستان میں پولیو ویکسین کی تیاری کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات میں واضح کمی کے حوالے سے پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری کے بارے میں بل گیٹس کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی 'اسمارٹ لاک ڈاؤن' کی پالیسی انتہائی مؤثر ثابت ہوئی ہے، بروقت اور دانشمندانہ مداخلت سے حکومت کورونا وائرس کے صحت اور معیشت پر اثرات کو کم کرنے میں کامیاب ہوئی ہے اور ملک کی معیشت دوبارہ کامیابی سے بحالی کی جانب گامزن ہے۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

وزیراعظم عمران خان نے تسلیم کیا کہ گیٹس فاؤنڈیشن کی پاکستان کو فراہم کی جانے والی معاونت میں کورونا وائرس کے حوالے سے اقدامات بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم اور بل گیٹس دونوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے حفاظتی اقدامات کے تحت پولیو ویکسین کی بحالی کا عمل حوصلہ افزا ہے۔

انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ویکسین کے پروگرام میں ملک کے دور دراز علاقوں سمیت پورے ملک میں تمام بچوں کی پولیو ویکسینیشن کو یقینی بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: قطرے، انجکشن یا دونوں؟ پولیو ویکسین کے حوالے سے عام سوالات کے جوابات

انہوں نے پولیو ویکسینیشن کے حوالے سے دستیاب سہولیات کی کورونا وائرس کے دوران معاونت پر بھی تبادلہ خیال کیا، جیسا کہ نیشنل کمانڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) بھی پولیو کے خاتمہ میں مدد فراہم کر سکتا ہے۔

وزیراعظم نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان کورونا وائرس سے حاصل ہونے والے تجربات کو پولیو کے خاتمہ کے لیے استعمال کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔

بل گیٹس نے تسلیم کیا کہ کورونا وائرس کی وبا کے خلاف پاکستان کی کاوشوں سے قیمتی انسانی جانوں اور معاشرہ کے زیادہ متاثرہ طبقات کے روزگار کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں