جاوید میانداد وزیراعظم عمران خان پر برس پڑے

اپ ڈیٹ 12 اگست 2020
جاوید میانداد نے پی سی بی کے نئے ڈومیسٹک نظام کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا— فائل فوٹو: اے ایف پی
جاوید میانداد نے پی سی بی کے نئے ڈومیسٹک نظام کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا— فائل فوٹو: اے ایف پی

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور عظیم بلے باز جاوید میاں داد نے پاکستان کرکٹ میں تقرریوں پر وزیر اعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بورڈ میں جاہل لوگ بیٹھے ہوئے ہیں جن کو کرکٹ کا کچھ پتا نہیں۔

اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے جاوید میانداد نے کہا کہ یہ بورڈ میں جو لوگ بیٹھے ہوئے ہیں انہیں کرکٹ کا کچھ پتا نہیں ہے، غلط جگہ پر غلط لوگ رکھے ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں: یاسر شاہ کےخلاف نازیبا الفاظ: انگلینڈ کے براڈ پر ان کے والد نے جرمانہ عائد کردیا

انہوں نے نام لیے بغیر پی سی بی چیئرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ باہر سے اٹھا کر بندہ لے کر آ گئے، کل چوری کر کے بھاگ جائے گا تو پکڑیں گے کہاں سے آپ، یہ ہے کون، اس نے کسی کی مدد کی ہو گی اسی وجہ سے رکھا ہے، کیا پاکستان کے لوگ مر گئے ہیں۔

انہوں نے پاکستان کے عوام سے آواز اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جب تک پاکستان میں باہر سے آنے والے سے بہتر لوگ کام کے لیے موجود ہیں، تو پاکستانیوں کو ترجیح دینی چاہیے۔

سابق عظیم بلے باز نے کہا کہ آج جو لڑکے کھیل رہے ہیں ان کا مستقبل کرکٹ میں ہی ہونا چاہیے، یہ نہ ہو کہ وہ سڑک پر گاڑی چلا رہے ہوں۔

اس موقع پر انہوں نے ڈپارٹمنٹل کرکٹ کے خاتمے اور ڈومیسٹک کرکٹ کے نئے نظام کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میں نے عمران خان کو کہا تھا کہ تم نے بینکوں کی کرکٹ ختم کر کے بیروزگاری بڑھا دی ہے، روزگار تم دے نہیں سکتے اور سب کو بیروزگار کیا ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹوکس ذاتی وجوہات کے باعث پاکستان کے خلاف سیریز سے دستبردار

جاوید میانداد نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں تمہارا کپتان تھا، تم میرے کپتان نہیں تھے، تمہیں چلانے والا ہی میں ہوتا تھا لیکن آپ خدا بن کے بیٹھے ہو۔

انہوں نے کہا کہ میں سیاست میں آؤں گا اور بتاؤں گا کہ سیاست کیا ہوتی ہے، اب میں سیاست پربھی بات کروں گا، صحیح کو صحیح اور غلط کو غلط کہوں گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'تمہارے علاوہ تو جیسے کسی کو پتا نہیں، تمہارے علاوہ کوئی آکسفورڈ نہیں گیا، کوئی کیمبرج نہیں گیا، کوئی یونیورسٹی نہیں کی، اپنے اردگرد کو سوچے جو لوگ لے کر آئے ہو، یہ تو بعد میں پتا چلے گا کہ کون کھاتا ، کون نہیں کھاتا تھا'۔

انہوں نے کہا کہ جاوید میانداد تمہیں برونائی میں یاد آ گیا تھا، میرے گھر پر تم وزیر اعظم بن کر گئے تھے، آج میں بتا رہا ہوں، اس کی تردید کر کے بتاؤ۔

جاوید میانداد نے اب ملکی سیاست پر بھی باتیں کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں سب کو کہتا ہوں کہ پاکستانی بنو، پاکستان کے لیے لڑو مگر یہ کراچی لاہور جیسی باتیں جو بند ہو چکی ہیں، اگر یہ پھر جنم لیں گی تو تمہارے لیے مصیبت ہو جائے گی، ملک کے لیے مصیبت ہو جائے گی۔

مزید پڑھیں: شاداب خان کو فواد عالم پر فوقیت کیوں دی گئی؟

اس موقع پر انہوں نے ملک میں اتحاد و یکجہتی کا سہرا پاکستانی افواج کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ ہماری افواج نے اس ملک کو ایسا بنا دیا ہے کہ کوئی آدمی کسی مذہب یا فرقے کی باتیں نہیں کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک پاکستانی بھر کر ابھر رہے ہیں لیکن یہاں لوگ اپنی سیاست چمکانے کے لیے دراڑیں ڈال رہے ہیں، اگر کوئی ضرورت پڑنے پر کرکٹ یا ہاکی سمیت کسی بھی شعبے کے پاکستانی کی نہیں مدد کرے گا تو وہ پاکستانی نہیں ہو گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Dr Sajid Iqbal Aug 13, 2020 12:54pm
In another statement Miandad claimed that he helped Imran Khan become prime minister of the country. Miandad should know that he was never known for his brains but for his cricketing.