• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:29pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:53pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:56pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:29pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:53pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:56pm

برٹنی اسپیئرز والد کی سرپرستی ختم کرانے کی خواہاں

شائع August 19, 2020
اداکارہ نے والد کو مزید سرپرست مقرر کرنے کی سخت مخالفت کی—فوٹو: اے پی
اداکارہ نے والد کو مزید سرپرست مقرر کرنے کی سخت مخالفت کی—فوٹو: اے پی

معروف امریکی پاپ گلوکارہ، اداکارہ، رقاصہ، سماجی رہنما اور پروڈیوسر 38 سالہ برٹنی اسپیئرز نے امریکی عدالت سے استدعا کی ہے کہ اب ان کے والد کو ان کی سرپرستی کرنے سے روکا جائے۔

برٹنی اسپیئرز کے والد جیمی اسپیئرز 2008 سے ان کے قانونی سرپرسٹ (conservator) ہیں۔

امریکی عدالت نے 2008 میں برٹنی اسپیئرز کی ذہنی حالت خراب ہونے کے بعد (conservatorship) قانون کے تحت ان کے والد اور ایک وکیل کو ان کا سرپرست مقرر کیا تھا۔

عدالت نے گلوکارہ کے لیے قانونی سرپرستوں کا تقرر اس وقت کیا تھا جب عدالت نے دیکھا کہ برٹنی اسپیئرز اپنے مالی اور جسمانی سمیت دیگر معاملات خود سنبھال نہیں پا رہیں اور ذہنی حالت خراب ہونے کے باعث وہ اپنا برا بھلا نہیں سمجھ رہیں۔

اداکارہ کی یہ حالت اس وقت ہوئی جب ان کی دوسری شادی 42 سالہ گلوکار کیون فیڈرلائن سے طلاق پر ختم ہوئی اور انہیں اپنے 2 کم سن بچوں کی حوالگی کے لیے قانونی مسائل اور پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

گلوکارہ کے مداحوں کا خیال ہے کہ اب وہ ذہنی بیماریوں سے آزاد ہوچکی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
گلوکارہ کے مداحوں کا خیال ہے کہ اب وہ ذہنی بیماریوں سے آزاد ہوچکی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

دوسری شادی کے طلاق پر اختتام اور بچوں کے نہ ملنے کے غم کی وجہ سے اداکارہ ذہنی مسائل کا شکار ہوگئی تھیں اور ان کے ساتھ ذہنی مسائل بڑھنے لگے تھے۔

ذہنی مسائل بڑھنے کی وجہ سے بڑٹنی اسپیئرز کا عوام اور مداحوں کے ساتھ رویہ بھی نامناسب ہو چکا تھا جب کہ وہ براہ راست پرفارمنس کے دوران بھی عجیب حرکتیں کرنے لگی تھیں، جس وجہ سے عدالت نے ان کی ذہنی حالت کو دیکھتے ہوئے ان کے لیے ان کے والد اور ایک وکیل کو ان کا سرپرست مقرر کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: برٹنی اسپیئرز نے تیسری شادی سے قبل ہی منگنی توڑدی

ان کے والد جیمز اسپیئرز اور وکیل اینڈریو والٹ گزشتہ سال تک ان کے سرپرست اعلیٰ کی ذمہ داریاں سنبھالتے آئے تھے اور وہ گزشتہ 12 سال سے اداکارہ کی دولت، صحت، ذہنی حالت، تعلقات اور زندگی کے ہر معاملات کا فیصلہ کرتے آ رہے تھے۔

کیون فیڈرلائن سے طلاق کے بعد برٹنی اسپیئرز کی ذہنی حالت خرابی ہوگئی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی
کیون فیڈرلائن سے طلاق کے بعد برٹنی اسپیئرز کی ذہنی حالت خرابی ہوگئی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی

تاہم گزشتہ برس ان کے والد نے صحت کی خرابی کے بعد سرپرست اعلیٰ کے عہدے سے علیحدگی اختیار کرلی تھی اور ان کے وکیل نے بھی گزشتہ برس اپنی ذمہ داریوں سے علیحدگی اختیار کی تھی۔

جس کے بعد عدالت نے مختصر مدت کے لیے جڈی مونٹگومری کو سرپرست اعلیٰ کے طور پر مقرر کیا تھا اور ان کی مدت رواں ماہ 25 اگست سے قبل ختم ہونی تھی۔

برٹنی اسپیئرز کے سرپرست اعلیٰ کی مدت ختم ہونے سے قبل ہی مذکورہ معاملہ امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کی سپریم کورٹ میں پیش کیا گیا اور اس کی پہلی سماعت گزشتہ ماہ 22 جولائی کو ہوئی تھی۔

اب دوسری سماعت کے موقع پر برٹنی اسپیئرز نے عدالت میں تحریری طور پر درخواست جمع کرادی کہ ان کے والد جیمز اسپیئرز کو ان کا سرپرست مقرر نہ کیا جائے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق برٹنی اسپیئرز نے 17 اگست کو عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کے والد کو ان کا سرپرست مقرر نہ کیا جائے۔

برٹنی اسپیئرز نے اپنی درخوست میں والد پر کسی طرح کے الزامات لگانے کے بجائے عدالت سے درخواست کی کہ وہ جیمز اسپیئرز کو مزید اپنا سرپرست دیکھنا نہیں چاہتیں۔

گلوکارہ و اداکارہ نے اپنی درخواست میں جڈی مونٹگومری کو بھی اپنا سرپرست اعلیٰ مقرر کرنے کی اپیل کی۔

گلوکارہ کے 12 سال سے ہر طرح کے معاملات سرپرست دیکھتے آ رہے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
گلوکارہ کے 12 سال سے ہر طرح کے معاملات سرپرست دیکھتے آ رہے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

اپنی درخواست میں اداکارہ نے واضح کیا کہ اگرچہ وہ جڈی مونٹگومری کو ہی اپنا سرپرست مقرر کرنے کی خواہاں ہیں، تاہم اس کا مطلب یہ نہ لیا جائے کہ اب ان کے ہر طرح کے تمام معاملات وہی دیکھیں گے۔

عدالت میں برٹنی اسپیئرز نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر والد کو سرپرست اعلیٰ مقرر کرنے کی سخت مخالفت بھی کی۔

شوبز ویب سائٹ ورائٹی کے مطابق سرپرست اعلیٰ کی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے گلوکارہ اپنے والد کو سالانہ ایک لاکھ 30 ہزار امریکی ڈالر تک معاوضہ ادا کرتی رہی ہیں۔

تاہم سال 2018 میں برٹنی اسپیئرز کے سرپرست اعلیٰ کی فیس اور دیگر قانونی اخراجات 11 لاکھ امریکی ڈالر تک پہنچ گئے تھے۔

خیال رہے کہ برٹنی اسپیئرز نے کم عمری میں گلوکاری کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے محض 18 برس کی عمر میں پہلا میوزک ایلبم ریلیز کیا تھا، جو آتے ہی مقبول ہوگیا تھا۔

مزید پڑھیں: برٹنی اسپیئرز بولی وڈ میں

برٹنی اسپیئرز کو ان کی آواز، رقص اور خوبصورتی کی وجہ سے انتہائی مختصر مدت میں کافی کامیابی حاصل ہوئی اور وہ 2004 تک مقبول گلوکارہ رہیں۔

برٹنی اسپیئرز کو ان کی بولڈ پرفارمنس کی وجہ سے بھی شہرت حاصل رہی۔

برٹنی اسپیئرز نے 2004 میں اپنے بچپن کے دوست اور کلاس فیلو جیسن ایلن الیگزینڈر سے شادی کی، تاہم محض چند دن بعد ہی انہوں نے اپنی شادی قانونی طور پر منسوخ کردی تاہم بعد ازاں انہوں نے باضابطہ طور پر طلاق بھی حاصل کی۔

چند سال بعد ہی انہوں نے دوسری شادی کیون فیڈرلائن سے کی، جن سے انہیں 2 بیٹے بھی ہوئے تاہم جوڑے کے درمیان 2008 کے آغاز میں ہی طلاق ہوگئی، جس کے بعد گلوکارہ کے ساتھ ذہنی مسائل ہونا شروع ہوئے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کارٹون

کارٹون : 14 اکتوبر 2024
کارٹون : 13 اکتوبر 2024