فلم 'بلیک پینتھر' کے اداکار چیڈوک بوسمین کینسر کے باعث انتقال کرگئے

اپ ڈیٹ 29 اگست 2020
اداکار کا  انتقال لاس اینجلس میں واقع گھر پر ہوا— فوٹو: اے پی
اداکار کا انتقال لاس اینجلس میں واقع گھر پر ہوا— فوٹو: اے پی

ہولی وڈ بلاک بسٹر فلم بلیک پینتھر کے اداکار چیڈوک بوسمین کینسر کے عارضے میں مبتلا ہونے کے بعد 43 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

چیڈوک بوسمین کا انتقال لاس اینجلس میں واقع گھر پر ہوا جہاں ان کی اہلیہ اور دیگر اہلِ خانہ ان کے ساتھ موجود تھے۔

ان کے اہل خانہ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ انتہائی دکھ کے ساتھ تصدیق کرتے ہیں کہ چیڈوک بوسمین اب ہم میں نہیں رہے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ چیڈوک بوسمین میں 2016 میں تیسرے اسٹیج کے بڑی آنت کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جو گزرتے وقت کے ساتھ چوتھے اسٹیج میں پہنچ گیا تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ وہ حقیقی فائٹر تھے اور اس دوران آپ کے لیے بہت سی فلمز لائے جنہیں آپ سب نے بہت پسند کیا۔

مزید پڑھیں: 'بلیک پینتھر' سب سے کامیاب سپر ہیرو فلم

اہل خانہ نے بتایا کہ مارشل سے لے کر دا 5 بلڈز، ما رینیز بلیک باٹم اور دیگر کئی فلموں کی شوٹنگ لاتعداد سرجریز اور کیموتھراپی کے درمیان ہوئیں۔

مزید کہا گیا کہ بلیک پینتھر میں کنگ ٹی چالا کا کردار واپس لانا ان کے کیریئر کے لیے اعزاز تھا۔

اس میں کہا گیا کہ اداکار کے اہل خانہ آپ کی محبت اور دعاؤں پر شکر گزار ہے اور درخواست کرتے ہیں کہ اس مشکل وقت میں ان کی پرائیویسی کا احترام کریں گے۔

خیال رہے کہ چیڈوک بوسمین نے عوامی سطح پر کبھی بھی اپنی بیماری سے متعلق بات نہیں کی تھی۔

ان کے سوگواران میں والدین اور اہلیہ ہیں، چیڈوک بوسمین کے بچے نہیں تھے۔

اے پی کی رپورٹ کے مطابق وہ جنوبی کیرولینا میں پیدا ہوئے تھے، انہوں نے ہارورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن کیا تھا اور 2013 میں ٹیلیویژن میں چھوٹے رولز کے ذریعے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

چیڈوک بوسمین نے فلم 42 سے قبل ٹی وی شوز جیسا کہ اے بی سی کے فیملی لنکولن ہائٹس اور این بی سی کے پرسنز ان نو میں کردار ادا کیا تھا لیکن 42 سے قبل انہوں نے دی ایکسپریس میں کام کیا تھا۔

انہوں نے 2013 میں ریلیز ہونے والی 42 میں بیس بال کے معروف کھلاڑی جیکی رابنسن کا کردار ادا کرکے ہولی وڈ میں توجہ حاصل کی تھی، اس کردار نے انہیں اسٹار بنادیا تھا۔

ایک سال بعد 2014 میں انہوں نے 'گین آن اپ' میں موسیقار جیمز براؤن کا کردار ادا کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سیاہ فام سپر ہیروز فلم’بلیک پینتھر‘ کا منفرد اعزاز

چیڈوک بوسمین کی فلموں میں سب سے یادگار فلم بلیک پینتھر تھی جو 2018 میں ریلیز ہوئی تھی۔

—فوٹو: اسکرین شاٹ
—فوٹو: اسکرین شاٹ

ان کا انتقال ایسے دن ہوا ہے جب لیگ بیس بال جیکی رابنسن کا دن منارہی تھی، اداکار کے انتقال پر لیگ نے ٹوئٹ میں کہا کہ "42" میں ان کی شاندار کارکردگی جیکی رابنسن کی کہانی کو آنے والے نسلوں تک پہنچائے گی۔   چیڈوک بوسمین کی موت پر ساتھی اداکاروں، ایتھیلیٹس، موسیقاروں، ہولی وڈ شائقین اور سیاستدان کی جانب سے صدمے کا اظہار کیا گیا۔

مزید پڑھیں: سیاہ فام سپر ہیروز ’بلیک پینتھر‘ کے چرچے

واؤلا ڈیوس نے کہا کہ چیڈوک کے جانے پر اپنا دکھ بیان کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔

دوسری جانب اداکار اور ہدایت کار جورڈن پیلے نے ٹوئٹ کیا کہ یہ ایک بہت بڑا دھچکا ہے۔

ڈزنی کے ایگزیکٹو چیئرمین بوب ایگر نے چیڈوک بوسمین کو ' ایک غیر معمولی ٹیلنٹ اور انتہائی نرم مزاج شخص قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے بلیک پینتھر فلم میں اپنے کردار کو بہت طاقتور اور گہرا بنایا۔

ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے ٹوئٹ کیا کہ چیڈوک بوسمین نے نسلوں کو متاثر کیا اور انہیں دکھایا کہ وہ کچھ بھی یہاں تک کہ سپر ہیروز کی خواہش بھی رکھ سکتے ہیں۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ان کا یہ کردار 2016 میں کیپٹن امریکا: سول وار اور ' واکانڈا فار ایور ' میں متعارف کروایا گیا تھا اور 2 سال قبل بلیک پینتھر کی ریلیز کے بعد دنیا بھر میں معروف ہوا۔

بلیک پینتھر کی ریلیز کے بعد اس وقت اے پی سے گفتگو کرتے ہوئے چیڈوک بوسمین نے کہا تھا کہ مجھے نہیں لگتا کہ دنیا اس سے پہلے سماجی اور سیاسی طور پر ' بلیک پینتھر' کے لیے تیار تھی، یہ اس کے لیے تیار نہیں تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں