ملک میں کورونا وائرس سے صحتیاب افراد کی تعداد میں 207 کا اضافہ

اپ ڈیٹ 09 ستمبر 2020
پاکستان میں مزید 264 افراد کورونا وائرس کا شکار، مزید 4 انتقال کرگئے — فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں مزید 264 افراد کورونا وائرس کا شکار، مزید 4 انتقال کرگئے — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی صورت حال پر بظاہر قابو پالیا گیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 207 افراد اس وبا سے صحتیاب ہوگئے جس کے بعد ملک میں فعال کسیز کی تعداد 8801 رہ گئی۔

سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 245 کیسز جبکہ 4 اموات کا اضافہ ہوا جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 95 ہزار 663 جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 6288 تک پہنچ گئی۔

یہاں یہ بات مد نظر رہے کہ ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد میں دن بدن ہونے والا اضافہ حوصلہ افزا ہے اور مزید 207 لوگوں کے مذکورہ وائرس سے شفایاب ہونے کے بعد اس سے صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار 547 ہوگئی ہے۔

پاکستان میں اس عالمی وبا کو 6 ماہ سے زائد کا عرصہ گزرچکا ہے اور اس دوران ملک اس وبا کے مختلف مراحل دیکھ چکا ہے اور اب صورتحال بہتر ہورہی ہے لیکن ماہرین نے اب بھی خبردار کیا ہے کہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) پر عمل نہ کرنے سے یہ وائرس دوبارہ سے پھیل سکتا ہے۔

ملک میں اس وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے یہ وبا ملک بھر میں پھیل گئی تھی۔

فروری سے مارچ کے آخر تک ملک میں کورونا کیسز اور اموات کی تعداد کافی کم تھی تاہم اپریل میں اس میں اضافہ ہوا اور مئی میں یہ کافی حد تک بڑھ گئے۔

تاہم جون کا مہینہ ایسا تھا جس نے پوری صورتحال کو ہی تبدیل کردیا اور یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کر گئی تھیں جس کے باعث ہسپتالوں میں دباؤ بڑھ گیا۔

بعد ازاں جولائی کے مہینے میں کیسز کم ہونا شروع ہوئے اور اب اگست میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور یومیہ کیسز سیکڑوں اور اموات اوسطاً درجن کے قریب آگئی ہیں۔

آج 30 اگست کو نئے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں مزید 42 مریضوں کا اضافہ ہوا جبکہ ایک شخص کا انتقال بھی ہوگیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں رپورٹ ہونے والے ان 42 مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 96 ہزار 741 ہوگئی اور اموات کی مجموعی تعداد 2167 تک پہنچ گئی۔

سندھ

سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 89 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی اور 3 مریضوں کا انتقال ہوگیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں 89 نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد ایک لاکھ 29 ہزار 268 تک پہنچ گئی۔

دوسری جانب مزید ایک مریض کے انتقال سے اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 398 ہوگئیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 14 افراد کو متاثر کردیا۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وفاقی دارالحکومت میں 19 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی اور مجموعی کیسز 15 ہزار 611 ہوگئے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں پہلے کی نسبت اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 31 مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے مریضوں کے بعد گلگت بلتستان میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 ہزار 863 تک پہنچ گئی۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے مزید 27 افراد متاثر ہوگئے جس کےبعد مجموعی تعداد 36 ہزار 44 ہوگئی۔

محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران صوبے میں وائرس سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔

اعداد وشمار کےمطابق صوبے میں مزید 24 متاثرین صحت یاب بھی ہوئے اور مجموعی تعداد 33 ہزار 950 ہوگئی ہے جبکہ فعال کیسز کی تعداد 844 رہ گئی ہے۔

صحتیاب افراد

علاوہ ازیں ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی207 کا اضافہ ہوا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحتیاب ہونے والے ان مریضوں کے بعد ملک میں اب تک اس وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار 547 ہوگئی ہے جو مجموعی کیسز کا تقریباً 95 فیصد ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 295663

اموات: 6288

صحتیاب: 280547

فعال کیسز: 8801

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 29 ہزار 268 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 96 ہزار 741 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 36 ہزار 44 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار 842 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 611، گلگت بلتستان میں 2 ہزار 863 اور کشمیر میں 2 ہزار 294 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال

سندھ: 2398

پنجاب: 2196

خیبرپختونخوا: 1250

بلوچستان: 141

اسلام آباد: 175

آزاد کشمیر: 61

گلگت بلتستان: 67

تبصرے (0) بند ہیں