• KHI: Fajr 5:40am Sunrise 7:01am
  • LHR: Fajr 5:19am Sunrise 6:45am
  • ISB: Fajr 5:27am Sunrise 6:55am
  • KHI: Fajr 5:40am Sunrise 7:01am
  • LHR: Fajr 5:19am Sunrise 6:45am
  • ISB: Fajr 5:27am Sunrise 6:55am

جنوبی وزیرستان: آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ، پاک فوج کے 3 جوان شہید

شائع August 31, 2020
پاک فوج کے شہید ہونے والے اہلکار—فوٹو: آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شہید ہونے والے اہلکار—فوٹو: آئی ایس پی آر

صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں سرچ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق جنوبی وزیرستان میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی, جس کے نتیجے صوبیدار ندیم، سپاہی سلیم اور لانس نائیک مصور شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 4 جوان زخمی بھی ہوئے۔

مزید پڑھیں: باجوڑ میں سرحد پار سے چیک پوسٹ پر فائرنگ، پاک فوج کا جوان شہید

خیال رہے کہ اس سے قبل 14 جولائی کو بلوچستان کے ضلع پنجگور میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 جوان شہید اور 8 زخمی ہوگئے تھے۔

قبل ازیں 12 جولائی کو خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے تھے جبکہ 4 دہشت گردوں کو بھی ہلاک کردیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ 8 مئی کو بھی میرانشاہ کے علاقے میں ہی ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ پر راکٹ حملے میں پاک فوج کے 2 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

اس سے پہلے اپریل میں ضلع شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں 10 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوئے تھے۔

26 اپریل کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کی گئی کارروائی کے دوران پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے تھے جبکہ 9 دہشت گردوں کو بھی ہلاک کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: میران شاہ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی، پاک فوج کے 4 جوان شہید

اس سے قبل 14 اپریل کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک فوجی اہلکار شہید ہوگیا تھا۔

11 اپریل کو شمالی وزیرستان میں تحصیل میر علی کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں 2 سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 7 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے تھے۔

قبل ازیں 8 اپریل کو سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع شمالی وزیرستان اور مہمند میں کارروائی کرکے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 1 دسمبر 2024
کارٹون : 30 نومبر 2024