موٹر وے پر خاتون کے 'گینگ ریپ' پرشوبز شخصیات میں غم و غصہ

اپ ڈیٹ 11 ستمبر 2020
شوبز شخصیات نے ملزمان کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا — فائل فوٹو: فیس بک
شوبز شخصیات نے ملزمان کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا — فائل فوٹو: فیس بک

ایک روز قبل پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے گوجرانوالہ جاتے ہوئے گجرپورہ کے قریب گاڑی خراب ہونے پر مدد کی منتظر خاتون کو مبینہ طور پر 2 'ڈاکوؤں' کی جانب سے 'گینگ ریپ' کا نشانہ بنانے پر پورے ملک میں غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

خاتون کو 'ڈاکوؤں' نے اس وقت ریپ کا نشانہ بنایا جب وہ اپنی کار میں بچوں سمیت مدد کا انتظار کر رہی تھیں۔

خاتون کی کار نامعلوم وجوہات کے باعث بند ہوگئی تھی اور انہوں نے گوجرانوالہ میں اپنے رشتے داروں کو بھی اطلاع دی تھی۔

تاہم مدد کرنے والے افراد سے قبل ہی 2 مسلح افراد نے خاتون کو اکیلا دیکھ کر اسے اسلحے کے زور پر بچوں سمیت قریبی کھیت میں لے گئے اور وہاں خاتون کا گینگ ریپ کیا۔

واقعے کے بعد ملک بھر میں غم و غصے کا اظہار کیا گیا اور سوشل میڈیا پر بھی حکومت سے ملزمان کو گرفتار کرکے انہیں 'سرعام پھانسی' دیے جانے کا مطالبہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: موٹروے پر مدد کی متلاشی خاتون کا 'ڈاکوؤں' نے 'گینگ ریپ' کردیا

خاتون کے ریپ پر جہاں سیاسی، سماجی و حکومتی شخصیات میں غم و غصہ ہے، وہیں شوبز شخصیات نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کو جلد گرفتار کرکے انہیں 'سر عام پھانسی' دینے کا مطالبہ کیا۔

ریپ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر'موٹروے واقعہ، موٹروے ریپ واقعہ، ملزمان کو سرعام پھانسی دو اور سچا مرد ریپ نہیں کرتا' جیسے ٹرینڈز بھی ٹاپ پر آگئے۔

زیادہ تر شوبز شخصیات نے موٹروے پر خاتون کو 'گینگ ریپ' کا نشانہ بنانے والے ملزمان کو سرعام پھانسی دینے کا مطالبہ کیا۔

اداکارہ ارمینہ خان نے واقعے کی خبر کو شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کی کہ ملزمان نے پیٹرول ختم ہونے پر مدد کی منتظر خاتون کو موٹروے پر کار کا شیشا توڑ کر باہر نکالا اور اسے کھیتوں میں لے جاکر بچوں کے سامنے ریپ کا نشانہ بنا ڈالا۔

اداکارہ نے لکھا کہ مذکورہ خبر ان سمیت ملک کی ہر خاتون کو غمزدہ کرنے کے لیے کافی ہے۔

گلوکار عاصم اظہر نے اپنی ٹوئٹ میں ریپ ملزمان کو 'سرعام پھانسی' پر لٹکانے کا مطالبہ کیا۔

اداکارہ مہوش حیات نے اپنی ٹوئٹ میں سوال کیا کہ کیسے سنگاپور میں خواتین رات کو 4 بجے بھی گھر سے نکل جاتی ہیں؟ انہوں نے پوچھا کہ یہی احساس ہمارے ملک مین خواتین کو کیوں نہیں ہوسکتا؟

انہوں نے سوال کیا کہ ہم جمہوری ملک میں رہتے ہیں یا کسی جنگل میں؟ ساتھ ہی انہوں نے موٹروے پر خاتون کو نشانہ بنانے والے ملزمان کو 'سرعام پھانسی' دینے کا مطالبہ بھی کیا۔

سابق کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے بھی واقعے پر 'اصل مرد ریپ نہیں کرتا' کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ اصل مرد خواتین کا ریپ نہیں کرتا بلکہ وہ خواتین کی حفاظت کرتا ہے، انہیں عزت دیتا ہے، وہ مہربان ہوتا ہے، وہ قابل اعتماد اور ساتھ دینے والا ہوتا ہے۔

انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں وضاحت کی کہ وہ حقیقی مرد صرف شوہر، والد اور بھائی کو کہہ رہی ہیں، وہ خواتین کی بے حرمتی کرنے والے درندوں کو اصل مرد نہیں کہہ رہیں۔

سینئر اداکار اعجاز اسلم نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کو 'سرعام پھانسی' دے کر ایک مثال قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔

حمزہ علی عباسی نے ملک میں بڑھتے ریپ اور تشدد کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ انسانیت مر رہی اور بیمار ہو رہی ہے اور انہیں نہیں معلوم کہ اس کا علاج کیا ہے، لیکن انہیں یہ علم ضرور ہے ک ایک دن ہر کسی کو اپنے اعمال کا حساب دینا ہوگا اور ایک دن ضرور انصاف ہوگا۔

اداکارہ وینا ملک نے بھی واقعے پر فسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان لوگوں کی سوچ پر تعجب کا اظہار کیا جو ریپ ملزمان کو 'سرعام پھانسی' دینے کی مخالفت کر رہے ہیں۔

ساتھ ہی اداکارہ نے وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ قوم ان کی طرف دیکھ رہی ہے اور ایسا فیصلہ کرنے پر عوام بھی ان کا ساتھ دے۔

اداکارہ صنم بلوچ نے بھی اپنی ٹوئٹ میں ملزمان کو 'سرعام پھانسی' دینے کا مطالبہ کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں