اشتیاق احمد کی 'انسپکٹر جمشید سیریز' کو ویب سیریز کے طور پر پیش کیا جائے گا

12 ستمبر 2020
انسپکٹر جمشید سیریز کا سسپنس سے بھرپور ٹریلر جاری کیا گیا ہے— فوٹو:اسکرین شاٹ
انسپکٹر جمشید سیریز کا سسپنس سے بھرپور ٹریلر جاری کیا گیا ہے— فوٹو:اسکرین شاٹ

پاکستان میں سب سے زیادہ مشہور جاسوسی ناول سیریز 'انسپکٹر جمشید' کو جلد ویب سیریز کے طور پر پیش کیا جائے گا۔

سی ون شارٹس کی جانب سے پیش کی جانے والی یہ سیریز افسانوی رائٹر اشتیاق احمد کو خراج تحسین ہے جو اپنے جاسوسی ناولز کے لیے جانے جاتے ہیں۔

اشتیاق احمد نے 70 کی دہائی میں یہ سیریز لکھنا شروع کی تھی اور ان کی مختلف جاسوسی سیریز کا یہ سلسلہ تقریباً 3 دہائیوں تک جاری رہا۔

یہ کرائم ناولز کی سیریز ہے جس میں ایک جاسوس، انسپکٹر جمشید اپنے تین ساتھی بچوں محمود، فاروق، اور فرزانہ کی مدد سے جرائم کا پتا لگاتے ہیں۔

یہ سیریز نہ صرف تجسس اور ایکشن سے بھرپور تھی بلکہ اس میں انتہائی اہم سبق بھی موجود تھے جو اس کی مقبولیت کی وجہ بنے۔

انسپکٹر جمشید کے علاوہ اشتیاق احمد نے انسپکٹر کامران سیریز، شوکی سیریز بھی لکھیں تھیں۔

اشتیاق احمد نے 187 جمشید سیریز، 73 کامران سیریز ، 55 شوکی سیریز لکھی تھیں اور اس کے بعد انہوں نے ان سیریز کے خصوصی 'خاص نمبرز' اور منی خاص نمبرز بھی لکھے تھے۔

انسپکٹر جمشید سیریز کا سسپنس سے بھرپور ٹریلر جاری کیا گیا ہے جو ڈائیلاگز نہ ہونے کے باوجود بھی کافی متاثر کن ہے۔

اس ویب سیریز کو عدنان بٹ کی جانب سے پروڈیوس کیا جارہا ہے جبکہ اس کی ہدایات فہد نور دیں گے۔

ان کے یوٹیوب چینل کے مطابق یہ ویب سیریز والدین کو اپنے بچوں کی اخلاقی اقدار میں بہتری لانے کے لیے بااختیار بنانے میں مقامی طور پر متعلقہ اور بامعنی مواد بنانے پر توجہ مرکوز کرے گی۔

اس ویب سیریز انسپکٹر جمشید بچوں محمود، فاروق ، اور فرزانہ کے ساتھ مل کر کیسز حل کریں گے۔

تاہم یہ ویب سیریز کب ریلیز ہونے جارہی ہے اس حوالے سے کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں