زیادتی کا شکار خاتون سے متعلق بیان پر سی سی پی او لاہور کو نوٹس جاری

اپ ڈیٹ 12 ستمبر 2020
جواب جمع کرائے جانے کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، عثمان بزدار — فوٹو: ڈان نیوز
جواب جمع کرائے جانے کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، عثمان بزدار — فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس انعام غنی نے موٹروے پر اجتماع زیادتی کا شکار خاتون سے متعلق متنازع بیان پر کیپیٹل سٹی پولیس افسر (سی سی پی او) لاہور عمر شیخ کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔

کیس میں اہم پیشرفت سے آگاہ کرنے کے لیے صوبائی وزرا اور آئی جی پنجاب کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران سی سی پی او کے متنازع بیان کے حوالے سے ایک سوال پر عثمان بزدار نے کہا کہ 'عمر شیخ نے نامناسب بیان دیا جس پر آئی جی پنجاب نے انہیں شوکاز نوٹس دیا ہے۔'

انہوں نے کہا کہ سی سی پی او سے 7 روز میں جواب مانگا گیا ہے اور جواب جمع کرائے جانے کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔'

یہ بھی پڑھیں: موٹروے ریپ کیس: مسلم لیگ (ن) کا سی سی پی او لاہور کی برطرفی کا مطالبہ

واضح رہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب لاہور موٹروے کے قریب 2 مسلح افراد نے ایک خاتون کو اس وقت گینگ ریپ کا نشانہ بنایا تھا جب وہ گاڑی بند ہونے پر وہاں مدد کی منتظر تھیں۔

لاہور کی ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی کی رہائشی 30 سال سے زائد عمر کی خاتون اپنے 2 بچوں کے ہمراہ رات کو تقریباً ایک بجے اس وقت موٹروے پر پھنس گئیں جب ان کی گاڑی کا پیٹرول ختم ہوگیا تھا، اس دوران جب وہ مدد کے لیے انتظام کرنے کی کوشش کر رہی تھیں تب 2 مرد وہاں آئے اور انہیں اور ان کے بچوں (جن کی عمر 8 سال سے کم تھی) بندوق کے زور پر قریبی کھیت میں لے گئے۔

اس واقعے کے بعد سی سی پی او عمر شیخ کی جانب سے ایک بیان دیا گیا جس میں کہا گیا کہ 'خاتون رات ساڑھے 12 بجے ڈیفنس سے گوجرانوالہ جانے کے لیے نکلیں، میں حیران ہوں کہ تین بچوں کی ماں ہیں، اکیلی ڈرائیور ہیں، آپ ڈیفنس سے نکلی ہیں تو آپ جی ٹی روڈ اکا سیدھا راستہ لیں اور گھر چلی جائیں اور اگر آپ موٹروے کی طرف سے نکلی ہیں تو اپنا پیٹرول چیک کر لیں'۔

مزید پڑھیں: 'سی سی پی او کا بیان مناسب نہیں، انتظامی معاملات میں الجھے تو ہدف حاصل نہیں کرسکتے'

سی سی پی او کے اس ریمارکس پر عوام اور سیاسی رہنماؤں کی جانب سے سخت مذمت کی گئی اور ان کو ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں