ٹک ٹاکر عادل راجپوت اور اہلیہ کو موت کی 'جھوٹی' خبر پر تنقید کا سامنا

اپ ڈیٹ 16 ستمبر 2020
ان کے ٹک ٹاک پر 28 لاکھ فالوورز ہیں—فوٹو: ٹک ٹاک
ان کے ٹک ٹاک پر 28 لاکھ فالوورز ہیں—فوٹو: ٹک ٹاک

پاکستان کے معروف ٹک ٹاکر عادل راجپوت کی اہلیہ کو اپنے شوہر کی موت کی خبر پھیلانے اور بعدازاں ان کی زخمی حالت میں واپسی کا اعلان کرنے پر عوام کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

آج صبح عادل راجپوت کی اہلیہ، فرح راجپوت کی جانب سے روتے ہوئے ٹک ٹاک پر اپنے شوہر کے انتقال کی خبر دی گئی۔

فرح راجپوت نے کہا تھا کہ ' عادل نہیں رہے'، ویڈیو میں انہوں نے عدنان نامی شخص کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عدنان نے بتایا کہ عادل کا ایکسیڈنٹ میں انتقال ہوگیا۔

جہاں عادل راجپوت کی موت کی خبر پر ٹک ٹاک صارفین کی جانب سے دکھ کا اظہار کیا گیا اور ان کے لیے مغفرت کی دعا کی گئی۔

وہیں کچھ لوگوں نے اس خبر پر یقین نہیں کیا اور کہا کہ کیا یہ سچ ہے یا ڈراما اور ٹوئٹر پر کچھ وقت کے لیے عادل راجپوت کے نام سے ہیش ٹیگ ٹرینڈ بھی کرنے لگا۔

ایک صارف نے لکھا کہ یہ بتایا جارہا ہے کہ عادل راجپوت کا انتقال ایک طے شدہ روڈ ایکسیڈنٹ میں ہوا، انہوں نے لکھا کہ عادل کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی تھیں، ہمیں اس پر فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔

کچھ لوگوں نے ان ٹک ٹاکرز پر تنقید بھی کی۔

کچھ صارفین الجھن کا شکار بھی دکھائی دیے کہ اب عادل زندہ ہیں یا ان کی موت ہوگئی ہے۔

بعدازاں عادل کی راجپوت کے انتقال کی خبر اس وقت مشکوک بن گئی جب ایک اور ٹک ٹاکر ندیم نے دعویٰ کیا کہ یہ ان دونوں ٹک ٹاکرز کی جانب سے فالوونگ حاصل کرنے کی ایک جھوٹی کوشش ہے۔

خیال رہے کہ عادل اور ندیم کی گزشتہ کچھ عرصے سے لفظی جنگ جاری تھی اور عادل راجپوت نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

جس کی وجہ سے کچھ ٹک ٹاک صارفین نے ندیم پر بھی عادل کی موت کا الزام عائد کیا۔

تاہم بعد ازاں عادل راجپوت کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں انہیں بظاہر زخمی حالت میں گھر میں داخل ہوتے اور اہلخانہ سے ملاقات کرتے ہوئے دکھایا گیا۔

جاری کردہ ویڈیو میں ان کے سر، بازو اور ایک ٹانگ پر پٹیاں بندھی دکھائی دیں۔

اس کے ساتھ ہی ٹک ٹاکر کے اکاؤنٹ سے ان کی اہلیہ فرح راجپوت نے ایک اور ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہون نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے عادل کو نئی زندگی دی۔

ویڈیو میں فرح راجپوت نے عدنان نامی شخص کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عادل بے ہوش ہوگئے تھے، عدنان کو کچھ سمجھ نہیں آیا اور انہوں نے گھر پر فون کرکے یہ کہا تھا کہ عادل کا انتقال ہوگیا۔

فرح راجپوت نے مزید کہا کہ اس وقت مجھے کچھ سمجھ نہیں آیا اور بعدازاں ہم جائے حادثہ پر جانے کے لیے روانہ ہوئے اور راستے میں ہونے کی وجہ سے کوئی ویڈیو نہیں بناسکے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ لوگوں کی دعاؤں کی وجہ سے انہیں بچالیا اور وہ واپس زندگی کی طرف ویڈیو لوٹ آئے۔

عادل راجپوت کی موت کی خبر اور بعدازاں ان کے زندہ لوٹ آنے کی ویڈیوز میں ان کی اہلیہ زار و قطار روتی دکھائی دیں لیکن کچھ دیر بعد ہی ان کے اکاؤنٹ سے عادل کی موت کی خبر اور ان کی واپسی سے متعلق ویڈیوز ڈیلیٹ کردی گئیں۔

تاہم عادل راجپوت کا ایکسیڈنٹ حقیقت میں ہوا تھا یا ڈراما تھا اس حوالے سے عوام تاحال الجھن کا شکار ہیں۔

دوسری جانب عدنان شہباز کے اکاؤنٹ سے بھی عادل کی گھر واپسی کی ویڈو شیئر کی گئی جس میں انہوں نے لکھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ عادل واپس آگئے۔

بعدازاں عادل کی واپسی کی ویڈیوز پر صارفین نے طنزیہ ٹوئٹس بھی کیں۔

رپورٹس کے مطابق جب عادل کے انتقال کی خبر کے بعداہل محلہ لیاقت پور میں واقع ان کے گھر میں افسوس کے لیے گئے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عوام کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ اس شرمناک حرکت پر ٹک ٹاک جوڑی کے خلاف سخت ترین ایکشن لیا جائے۔ لوگوں کی اکثریت کا مطالبہ ہے کہ اس ٹک ٹاک جوڑی کو فوری گرفتار کیا جائے۔

ٰیہاں یہ بات واضح رہے کہ عادل راجپوت اور ان کی اہلیہ ٹک ٹاک پر کافی شہرت رکھتے ہیں اور ان کے ٹک ٹاک پر 28 لاکھ فالوورز ہیں، تاہم عادل راجپوت کی جانب سے ڈراما کیا گیا یا حقیقت میں ان کا ایکسیڈنٹ ہوا اس حوالے سے کچھ واضح نہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Faisal Sep 16, 2020 03:39am
Nowdays every one wants easy money. Is there anyone who know the meaning of rizq e halal?