اربوں روپے کے موٹرسائیکل اسکینڈل میں ایک اور ملزم گرفتار

اپ ڈیٹ 25 ستمبر 2020
ملزم لوگوں سے رقم بٹورنے کے بعد روپوش تھا—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
ملزم لوگوں سے رقم بٹورنے کے بعد روپوش تھا—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

قومی احتساب بیورو (نیب) بلوچستان نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں اربوں روپے کے اسکینڈل میں ملوث ایک اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق تھری-اے الائنس فرنچائز کمپنی کا مالک احمد جان ضلع لورالائی کے لوگوں سے بڑی تعداد رقم بٹورنے کے بعد روپوش تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ مبینہ جعل ساز آٹو کمپنی کاشف قمر کی جانب سے چلائی جارہی تھی اور اس نے ہزاروں افراد کو مستقل ماہانہ منافع پر نئی موٹرسائیکلز فراہم کرنے کے وعدے پر ان کو ان کی محنت کی کمائی سے محروم کردیا تھا۔

ویڈیو دیکھیں: موٹرسائیکل سوار ملزمان گاڑی کا پینل چوری کرکے فرار ہوگئے

بعد ازاں بڑی تعداد میں لوگوں کی جانب سے شکایات موصول ہونے کے بعد نیب بلوچستان نے اپنے ڈائریکٹر جنرل کی ہدایت پر صوبے کے لوگوں سے مبینہ طور پر اربوں روپے لوٹنے والی کمپنی کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔

تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ تھری الائنس بولان موٹرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے سربراہ کاشف قمر اور فرنچائز کے مالک نے ہزاروں لوگوں کو ان کی محنت کی کمائی سے محروم کردیا۔

اس کمپنی نے سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر اپنے اشتہارات کے ذریعے متاثرہ لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔

مذکورہ کمپنی نے اپنی فرنجائز کے ذریعے ہزاروں بائیکس بک کروائیں اور ان لوگوں کو رسیدیں دی جنہوں نے ان کے ساتھ اپنی رقم کی سرمایہ کاری کی تھی۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کا نیب بلوچستان کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار

نیب بلوچستان نے اپنی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد کمپنی مالک سمیت 11 افراد کے خلاف ریفرنس دائر کردیا۔

ادھر ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان نے مرکزی ملزم کاشف قمر کی جلد گرفتاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو لوٹنے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 'سول سوسائٹی کی مدد سے کرپٹ مافیا کو لوگوں کی رقم لوٹنے اور بڑے پیمانے پر انہیں دھوکا دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی'۔


یہ خبر 25 ستمبر 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں