مختلف شخصیات کا کرکٹ لیجنڈ ڈین جونز کو خراج تحسین

اپ ڈیٹ 25 ستمبر 2020
ڈین جونز کا انتقال ممبئی میں دل کا دورہ پڑنے سے ہوا —  فوٹو: ٹوئٹر
ڈین جونز کا انتقال ممبئی میں دل کا دورہ پڑنے سے ہوا — فوٹو: ٹوئٹر

عالمی شہرت یافتہ آسٹریلین بلے باز اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا اہم حصہ رہنے والے ڈین جونز گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے سے 59 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

ڈین جونز کا انتقال 24 ستمبر کو بھارت کے شہر ممبئی میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوا جہاں وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے سلسلے میں اسٹار انڈیا کے لیے کمنٹیٹر کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے۔

انہوں نے 59 ٹیسٹ اور 164 ون ڈے میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی جبکہ وہ 1987 میں آسٹریلیا کے لیے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے اہم رکن بھی تھے۔

1997-98 میں ریٹائرمنٹ کے بعد وہ کمنٹری کے شعبے سے وابستہ ہو گئے اور پاکستان سپر لیگ سمیت دنیا کی مختلف لیگوں میں کوچنگ کے فرائض بھی انجام دیتے رہے۔

ان کے انتقال پر جہاں کرکٹ کی دنیا کے مداح اشکبار ہیں وہیں پاکستانی شخصیات کی جانب سے بھی ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا گیا۔

وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے ڈین جونز کے انتقال پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مختلف ٹوئٹس میں لکھا کہ ڈین جونز کے انتقال کی خبر سے میرے شوہر اور ہمارے اہلخانہ دکھ میں ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ انتہائی دکھ کے ساتھ ہم عظیم آسٹریلوی شہری کو الوداع کہہ رہے ہیں، جنہوں نے خود کو اپنے کام اور اہلخانہ کے لیے وقف کردیا تھا۔

شنیرا اکرم نے لکھا کہ اس دکھ کی گھڑی میں ہماری دعائیں ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔

اپنے علیحدہ ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ مجھے فخر ہے کہ ڈین جونز نے گزشتہ 5 برس پاکستان میں کام کیا۔

انہوں نے نے لکھا کہ جو شخص بھی ڈین جونز کو جانتا تھا یا جس نے بھی ان کے ساتھ کام کیا اسے معلوم ہے کہ وہ پاکستان میں کرکٹ کے لیے کتنی پرواہ کرتے تھے۔

شنیرا اکرم نے لکھا کہ ڈین جونز واقعی پاکستان سے بہت محبت کرتے تھے، ان کی باتیں سن کر بہت اچھا لگتا تھا اور مجھے اس بات کی بےحد خوشی ہے کہ ہم نے ایک ساتھ کام کیا۔

اداکار بلال اشرف نے لکھا کہ ڈین جونز ہم آپ کو یاد کریں گے۔

اداکار ہارون شاہد نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ مجھے یہ جان کا دھچکا لگا، گڈ بائے، ہم کھیل کے بارے میں آپ کے خیالات اور پاکستانی کرکٹ میں دلچسپی کو یاد کریں گے۔

کرکٹر وسیم اکرم نے ٹوئٹ کیا کہ میں ہمارے لیے بیٹنگ کرنے اور پاکستان کی کرکٹ میں کردار ادا کرنے پر تمام پاکستانیوں کی جانب سے ڈین جونز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے لکھا کہ آپ کو کبھی نہیں بھلایا جائے گا، دنیا نے ایک اچھا انسان کھودیا، میں آپ کو یاد کروں گا۔

 

گلوکار و اداکار فخر عالم نے لکھا کہ ڈین جونز کے اچانک اور غیر متوقع انتقال کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا، دنیا بھر میں کرکٹ کے مداح انہیں یاد کریں گے۔

کرکٹر شعیب اختر نے لکھا کہ ڈین جونز کے انتقال کی خبر سنی، وہ بہت اچھے انسان تھے۔

گلوکار فرحان سعید نے لکھا کہ ڈین جونز کی روح کو سکون پہنچے وہ ایک راک اسٹار تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں