’ریپ‘ کیس میں 8 گھنٹے تک تفتیش، انوراگ کشیپ نے تمام الزامات مسترد کردیے

اپ ڈیٹ 02 اکتوبر 2020
پائل گھوش نے19 ستمبر کو فلم ساز پر جنسی استحصال کا الزام لگایا تھا —فوٹو: انسٹاگرام
پائل گھوش نے19 ستمبر کو فلم ساز پر جنسی استحصال کا الزام لگایا تھا —فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ فلم ساز و اداکارہ 46 سالہ انوراگ کشیپ نے اداکارہ پائل گھوش کی جانب سے درج کروائے گئے 'ریپ' کے مقدمے میں خود پر لگائے گئے الزامات کو ایک مرتبہ پھر مسترد کردیا۔

انڈیا ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق ریپ کیس میں انوراگ کشیپ گزشتہ روز اپنی وکیل پریانکا کھیمانی کے ساتھ ورسووا پولیس تھانے گئے تھے۔

رپورٹ میں مڈ ڈے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ فلم ساز سے 8 گھنٹے تک تفتیش کی گئی اور انہوں نے ایف آئی آر میں لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کردیا۔

ممبئی پولیس کی جانب سے اب ان کے طویل بیان کی تصدیق کی جائے گی اور ایف آئی آر میں ان کے خلاف پائل گھوش کے بیان کا جائزہ لیا جائے گا اور اگر ان میں تضادات پائے گئے تو انوراگ کشیپ کو دوبارہ طلب کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: بولی وڈ فلم ساز انوراگ کشیپ نے 'ریپ' کیس میں بیان ریکارڈ کروادیا

تاہم پولیس کی جانب سے انوراگ کشیپ کو فی الحال گرفتار نہیں کیا جارہا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ورسووا پولیس نے کیس کی تحقیقات سے متعلق تشویش کا اظہار کیا ہے کیونکہ یہ الزامات کافی عرصہ پہلے کے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پائل گھوش نے ایف آئی آر میں اپنے ساتھ پیش آنے والے حادثے کی تاریخ نہیں بتائی جبکہ مہینہ اور سال بتائے گئے ہیں۔

پولیس کو کیس میں سال 2013 سے متعلقہ افراد کے کال ریکارڈز نکالنے میں بھی مشکل پیش آسکتی ہے۔

علاوہ ازیں پنک ولا کی رپورٹ کے مطابق پولیس کو ریکارڈ کروائے گئے اپنے بیان میں انوراگ کشیپ نے کہا کہ وہ پائل گھوش کو صرف پیشہ ورانہ طور پر جانتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ سالوں سے اداکارہ پائل گھوش سے رابطے میں نہیں ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ممبئی پولیس کی جانب سے فلم ساز سے پائل گھوش کی جانب سے فراہم کیے گئے میسیجز کے حوالے سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔

خیال رہے کہ انوراگ کیشپ کے خلاف اداکارہ پائل گھوش اور ان کے وکیل نتن ستپوتے نے 25 ستمبر کو ورسووا تھانے میں 'ریپ' الزامات کے تحت مقدمہ دائر کروایا تھا۔

مقدمہ دائر کروائے جانے کے 4 دن تک پولیس کی جانب سے انوراگ کشیپ کو تفتیش کے لیے نہ بلائے جانے پر 29 ستمبر کو پائل گھوش نے پولیس تھانے میں احتجاج کیا تھا۔

پائل گھوش نے 25 ستمبر کو انوراگ کے خلاف مقدمہ دائر کروایا تھا—فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک
پائل گھوش نے 25 ستمبر کو انوراگ کے خلاف مقدمہ دائر کروایا تھا—فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک

اداکارہ پائل گھوش نے اپنے وکلا کے ساتھ ورسووا تھانے پر احتجاج کرتے ہوئے پولیس پر الزام لگایا تھا کہ وہ ان کی شکایت پر سست روی سے کام کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'ریپ' الزامات کی تفتیش کے لیے انوراگ کشیپ تھانے طلب

اداکارہ کے احتجاج کے ایک دن بعد ہی پولیس نے انوراگ کشیپ کو تھانے میں پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرانے کا حکم دیا تھا۔

حیران کن بات یہ ہے کہ پائل گھوش نے ابتدائی طور پر 19 ستمبر کو انوراگ کشیپ پر جنسی استحصال کا الزام لگایا تھا، تاہم انہوں نے فلم ساز کے خلاف 'ریپ' کا مقدمہ دائر کروایا۔

پائل گھوش نے انڈیا ٹوڈے کو دیے گئے انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ فلم ساز نے انہیں 6 سال قبل 2014 میں استحصال کا نشانہ بنایا۔

اداکارہ کے مطابق 2014 میں فلم ساز نے انہیں اپنے گھر پر بلایا تھا اور وہ دونوں کے درمیان دوسری ملاقات تھی۔

فلم ساز نے اپنے کمرے میں لے جاکر زبردستی کرنے کی کوشش کی، پائل گھوش—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے
فلم ساز نے اپنے کمرے میں لے جاکر زبردستی کرنے کی کوشش کی، پائل گھوش—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے

پائل گھوش کے مطابق انوراگ کشیپ انہیں اپنے گھر کے ایک کمرے میں لے گئے، جہاں داخل ہوتے ہی فلم ساز نے اپنے کپڑے اتار کر ان کے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کی۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے انوراگ کشیپ کو کہا کہ آج وہ اس کام کے لیے تیار نہیں ہیں تاہم فلم ساز نے ان کی بات نہ مانی اور وہ ان کے قریب سے قریب تر آگئے، لیکن انہوں نے مسلسل احتجاج کیا کہ وہ کسی بھی کام کے لیے تیار نہیں ہیں۔

مزید پڑھیں: پائل گھوش کے الزامات پر انوراگ کشیپ کے خلاف ریپ کا مقدمہ درج

پائل گھوش کے مطابق ان کی مسلسل منتوں کے بعد انوراگ کشیپ مان گئے تاہم ساتھ ہی انہوں نے اداکارہ کو وارننگ دی کہ دوسری مرتبہ وہ ذہنی طور پر تیار ہوکر آئیں۔

پائل گھوش کی جانب سے الزامات لگائے جانےکے بعد انوراگ کشیپ نے اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں ان کے تمام الزامات کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دیا تھا۔

بعد ازاں انوراگ کشیپ کی دونوں سابق بیویوں آرتی بجاج اور کالکی کوچلین نے بھی پائل گھوش کے الزامات کو جھوٹا قرار دیا تھا جب کہ کئی اداکاراؤں نے بھی فلم ساز کی حمایت کی تھی۔

انوراگ کشیپ کی دونوں سابق بیویوں نے بھی ان کا ساتھ دیا ہے—فائل فوٹو: سنیستان ڈاٹ کام
انوراگ کشیپ کی دونوں سابق بیویوں نے بھی ان کا ساتھ دیا ہے—فائل فوٹو: سنیستان ڈاٹ کام

تبصرے (0) بند ہیں