پاکستان میں پہلی بار الیکٹرک بائیک رائیڈنگ سروس متعارف

اپ ڈیٹ 15 اکتوبر 2020
اسکوٹی کے ڈیزائن کی الیکٹرک بائیک صارفین خود چلائیں گے—فوٹو: ایز بائیک فیس بک
اسکوٹی کے ڈیزائن کی الیکٹرک بائیک صارفین خود چلائیں گے—فوٹو: ایز بائیک فیس بک

ملک میں سستی ٹرانسپورٹ کی جلد فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان میں پہلی مرتبہ الیکٹرک بائیک رائیڈنگ سروس متعارف کرادی گئی۔

اسلام آباد کی اسٹارٹ اپ کمپنی رومر ٹیکنالوجیز نے جاز ایکس ایل آر 8 کے تعاون سے ’ایز بائیک‘ نامی منفرد الیکٹرک بائیک رائیڈنگ سروس کو متعارف کرایا ہے۔

ابتدائی طور پر ’ایز بائیک‘ سروس کو دارالحکومت اسلام آباد میں متعارف کرایا گیا ہے اور ابتدائی مرحلے میں الیکٹرک بائیک رائیڈنگ کی آزمائشی سروس شروع کی گئی ہے۔

’ایز بائیک‘ کا افتتاح 14 اکتوبر کو کیا گیا اور 15 اکتوبر سے اسلام آباد میں اس کی آزمائش شروع کردی گئی۔

افتتاحی تقریب میں وفاقی وزرا اور اہم حکومتی عہدیداروں نے شرکت کی—فوٹو: رومر ٹیکنالوجیز
افتتاحی تقریب میں وفاقی وزرا اور اہم حکومتی عہدیداروں نے شرکت کی—فوٹو: رومر ٹیکنالوجیز

’ایز بائیک‘ کی افتتاحی تقریب میں انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور ٹیلی کام کے وفاقی وزیر امین الحق، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وزیر فواد چوہدری اور حکومتی ٹیکنالوجی سیکٹر کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔

’ایز بائیک‘ کو پاکستان میں متعارف کرائے جانے کو وفاقی وزرا اور اہم حکومتی ارکان نے نہ صرف نئے پاکستان کے لیے اہم قرار دیا بلکہ کہا کہ اس سے ٹرانسپورٹ کے مسائل حل ہوں گے اور سفر کرنے والے افراد کے لیے بھی آسانیاں پیدا ہوں گی۔

’ایز بائیک‘ کیا ہے اور یہ کیسے کام کرتی ہے؟

’ایز بائیک‘ الیکٹرک بائیک رائیڈنگ سروس کا نام ہے، جیسے ٹیکسی سروس ’کریم اور اوبر‘ ہیں۔

’ایز بائیک‘ اسکوٹی ڈیزائن کی الیکٹرک بائیک ہے جو نہ صرف چلانے میں آسان ہوتی ہے بلکہ یہ ماحول دوست بھی ہے اور اس سے ایندھن کے مہنگے اخراجات سے بھی بچا جاسکتا ہے۔

’ایز بائیک‘ کی طرح کے متعدد منصوبے بھارت سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں بھی چل رہے ہیں اوراس وقت بھارت کے متعدد شہروں سمیت دنیا بھر کے 88 شہروں میں ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس لوگوں کو سستی اور جلد سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔

ایز بائیک پر سفر کے لیے 5 روپے فی منٹ وصول کیے جائیں گے—فوٹو: رومر ٹیکنالوجیز
ایز بائیک پر سفر کے لیے 5 روپے فی منٹ وصول کیے جائیں گے—فوٹو: رومر ٹیکنالوجیز

بھارت میں اسی طرح کی 50 ہزار بائیکس مختلف شہروں میں عوام کو سستی اور جلد سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں اور پاکستان میں بھی رومر ٹیکنالوجی آئندہ 2 سال تک ایسی بائیکس کی تعداد 2 ہزار تک لے جانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

پاکستان میں ابتدائی طور پر ’ایز بائیک‘ کو صرف اسلام آباد میں متعارف کرایا گیا ہے، اگلے مرحلے میں مذکورہ بائیکس کو کراچی اور لاہور میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔

’ایز بائیک‘ کے ذریعے لوگ مخصوص علاقوں میں ایک سے دوسری جگہ آسانی سے سفر کرسکیں گے۔

’ایز بائیک‘ اسی نام سے بنائی گئی ایپ کے ذریعے چلائی جا سکے گی یہ بالکل ’بائیکیا‘ اور دیگر سفری سہولیات فراہم کرنے والی ایپس کی طرح کام کرتی ہے۔

تاہم ’ایز بائیک‘ دیگر سفری سہولیات فراہم کرنے والی کمپنیوں سے اس طرح مختلف ہے کہ اس میں ہر کسی کو خود ہی الیکٹرک بائیک چلانی پڑے گی اور مذکورہ شخص اپنا سفر ختم ہونے پر بائیک کو بتائے گئے پوائنٹس میں سے کسی بھی ایک پوائنٹ پر چھوڑ دے گا۔

’ایز بائیک‘ میں صارفین کو یہ سہولت بھی فراہم کی جائے گی کہ وہ شہر کے بتائے گئے روٹس میں سے کسی بھی جگہ کھڑی الیکٹرک بائیک اٹھاکر چلا سکیں گے، تاہم ایسا کرنے سے قبل انہیں ’ایز بائیک‘ پر اپنی رائیڈنگ اسٹارٹ کرنی پڑے گی اور رائیڈ کو ایپ کے ذریعے ہی مانیٹر کیا جائے گا۔

’ایز بائیک‘ کے صارفین کو یہ سہولت بھی فراہم کی جائے گی کہ وہ اپنا سفر ختم ہونے پر بائیک کو بتائے گئے مقامات میں سے کسی ایک پر کھڑا کردیں، بائیک کی سیکیورٹی یا اس کے دیگر مسائل کا ذمہ صارف پرنہیں ہوگا۔

’ایز بائیک‘ پورے شہر کے بجائے مخصوص علاقوں میں سروس فراہم کرے گی اور عین ممکن ہے کہ مستقبل میں یہ سہولت تمام شہروں میں متعارف کرائی جائے، تاہم ابتدائی طور پر یہ سہولت بڑے شہروں کے مخصوص علاقوں تک محدود ہوگی۔

’ایز بائیک‘ مکمل طور پر الیکٹرک بائیک ہے جس کی رفتار بھی ٹھیک ہے اور اسے چلانا بھی آسان ہے۔

’ایز بائیک‘ پر فی منٹ کے 5 روپے چارجز وصول کیے جائیں گے، تاہم اس سے کم ریٹ بھی دستیاب ہوں گے اور سفر کرنے والا شخص خود ہی رائیڈنگ کا لطف بھی اٹھا سکے گا۔

ابتدائی طور پر 15 اکتوبر سے ایز بائیک کا اسلام آباد میں آزمائشی مرحلہ شروع کردیا گیا—فوٹو: رومر ٹیکنالوجیز
ابتدائی طور پر 15 اکتوبر سے ایز بائیک کا اسلام آباد میں آزمائشی مرحلہ شروع کردیا گیا—فوٹو: رومر ٹیکنالوجیز

تبصرے (0) بند ہیں