پاک بحریہ کے پہلے ‘دوارکا آپریشن’ کے غازی اقبال فضل قادر انتقال کرگئے

اپ ڈیٹ 19 اکتوبر 2020
چیف آف دی نیول اسٹاف نے مرحوم کے درجات بلند ہونے اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی— فوٹو: بشکریہ پاک بحریہ
چیف آف دی نیول اسٹاف نے مرحوم کے درجات بلند ہونے اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی— فوٹو: بشکریہ پاک بحریہ

بھارت سے ستمبر 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ کے پہلے 'دوارکا آپریشن' کے غازی وائس ایڈمرل (ر) اقبال فضل قادر کراچی میں انتقال کر گئے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق وائس ایڈمرل ریٹائرڈ اقبال فضل قادر دوارکا آپریشن کے دوران پی این ایس عالمگیر کی کمانڈ کر رہے تھے۔

مزید پڑھیں: پاک بحریہ کیلئے تیار کیے جانے والے جدید جہاز کی رونمائی

واضح رہے کہ 7 اور 8 ستمبر 1965 کی رات کو پاک بحریہ کے 7 جہازوں پر مشتمل بحری بیڑے نے آپریشن کوڈ سومناتھ میں بھارتی بندرگاہ دوارکا پر دلیرانہ حملہ کیا اور بھارت کی اہم ساحلی تنصیبات اور ریڈار نظام کو تباہ کردیا تھا۔

آپریشن دوارکا کے وقت لی گئی افسران کی تصویر—فوٹو: بشکریہ پاک بحریہ
آپریشن دوارکا کے وقت لی گئی افسران کی تصویر—فوٹو: بشکریہ پاک بحریہ

پاک بحریہ کے مطابق وائس ایڈمرل (ر) اقبال قادر نے 1951 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا اور بہترین خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلال امتیاز (ملٹری) اور ستارہ بسالت سے نوازا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اقبال فضل قادر کے انتقال پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

چیف آف دی نیول اسٹاف نے مرحوم کے درجات بلند ہونے اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔

یہ بھی پڑھیں: ’یومِ بحریہ جوانوں کے غیر معمولی حوصلے، شجاعت کی یاد دلاتا ہے‘

امیر البحر نے کہا کہ ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے وائس ایڈمرل ریٹٓئرڈ اقبال فضل قادر کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

آپریشن دوارکا میں پاک بحریہ کی آبدوز غازی کی جانب سے پورے بھارتی فلیٹ کو ایک جگہ محصور کرکے رکھنا قابل فخر یادداشتیں ہیں۔

ستمبر 1965 کی جنگ کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے گزشتہ ماہ ستمبر میں یوم بحریہ منایا گیا تھا اور اسی دن کی مناسبت سے پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا تھا کہ پاک بحریہ ملک کی سمندری حدود اور مفادات کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

یوم بحریہ پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کو خطے میں اور طاقتور بحری قوت اور سمندری سلامتی کے مشترکہ منصوبوں میں بین الاقوامی بحری افواج کے ایک اہم شراکت دار کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں