’یومِ بحریہ جوانوں کے غیر معمولی حوصلے، شجاعت کی یاد دلاتا ہے‘

اپ ڈیٹ 09 ستمبر 2019
نیول چیف نے کہا کہ یوم بحریہ آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے انتھک کوششیں کرنے کے عزم کا دن ہے — فوٹو: پاک بحریہ
نیول چیف نے کہا کہ یوم بحریہ آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے انتھک کوششیں کرنے کے عزم کا دن ہے — فوٹو: پاک بحریہ

چیف آف نیول اسٹاف (سی این ایس) ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ یومِ بحریہ پاک بحریہ کے افسران و جوان کے غیر معمولی حوصلے اور ان کی شجاعت کی یاد دلاتا ہے جن کی بہادری کے کارناموں نے دشمن کو حیرت میں ڈال دیا تھا۔

یوم بحریہ کے موقع پر جاری کیے گئے پیغام میں پاک بحریہ کے سربراہ نے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ جوانوں کی صلاحیتوں، ان کے کارناموں، کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ان کی تیاریوں اور انہیں درپیش چیلنجز کا تذکرہ کیا۔

نیول چیف کا کہنا تھا کہ یوم بحریہ پاک بحریہ کے افسران و جوانوں کے غیر معمولی حوصلے اور ان کی شجاعت کی یاد دلاتا ہے جن کی بہادری کے کارناموں نے دشمن کو حیرت میں ڈال دیا تھا اور اس کی خام خیال برتری کے زُعم کو خاک میں ملادیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس دن ’آپریشن سومنات‘ کو جس جرت و دلیری کے ساتھ انجام دیا گیا وہ ہمارے لیے باعثِ فخر اور ترغیب ہے۔

مزید پڑھیں: جب پاک بحریہ نے بھارتی نیوی کا جہاز تباہ کیا

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ یہ بہادری کا عظیم کارنامہ تھا جس میں پاکستان نیوی کے بحری جنگی جہازوں نے بھارت کے مغربی ساحل پر حملہ کیا اور دوارکا میں بھارتی ریڈار اسٹیشن کو تباہ کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کامیاب حملے سے جنگ کے آغاز میں ہی پاکستان کو نفسیاتی برتری حاصل ہوئی اور بھارتی نیوی کا جنگی بیڑہ شمالی بحیرہ عرب میں کسی بھی قسم کی کارورائی کی جرات نہ کر سکا۔

جنگ کے دوران پاکستانی آبدوز ’غازی‘ کا خوف بھارتی نیوی کے جہازوں پر چھایا رہا اور صرف غازی نے سمندر پر اپنی بالادستی قائم کیے رکھی۔

خیال رہے کہ یومِ بحریہ 1965 کی پاک-بھارت جنگ کے ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور ان کی قربانیوں، بے لوث لگن اور دلیری کے جذبے کے اعتراف کے لیے منایا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بحریہ نے پاکستانی حدود میں بھارتی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی

اس حوالے سے ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ 8 ستمبر کا دن ہماری بحری تاریخ میں سنہری باب کے طور پر ہمیشہ یاد رہے گا اور نوجوان افسران اور سیلرز کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج کا دن خود اعتمادی، جرات اور اپنی آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے انتھک کوششیں کرنے کے عزم کا دن ہے۔

’نیوی کو چیلنجز کا سامنا ہے‘

سی این ایس ایڈمر ظفر محمود عباسی نے اپنے پیغام میں پاک بحریہ کو درپیش چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دور حاضر میں میری ٹائم کے شعبے کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے جن میں بحری قذاق، اسلحہ اور منشیات کی غیر قانونی نقل و حمل، انسانی اسمگلنگ اور میری ٹائم دہشت گردی شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ عالمی بحری افواج کے ساتھ مل کر اور ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول جیسے خودمختارانہ اقدام کے ذریعے عالمی پانیوں میں امن و استحکام کو یقینی بنانے میں ہمیشہ صف اوّل پر رہی ہے۔

مزید پڑھیں: چین میں پاکستان کیلئے جدید بحری جنگی جہاز کی تیاری کا عمل شروع

پاک بحریہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ گوادر بندرگاہ کی ترقی اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی فعالیت ہمیں غیر مستعمل بحری اقتصادیات سے استفادہ حاصل کرنے اور معاشی فوائد حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گی، جس نہ صرف پاکستان بلکہ پورا خطہ مستفید ہوگا۔

ایڈمرل ظفر عباسی نے کہا کہ پاک بحریہ اس ’گیم چینجر‘ منصوبے کی بحری سیکیورٹی اور اس کی بار آوری میں کردار ادا کرنے کے لیے پُر عزم ہے۔

’بھارتی آبدوز کو سمندری حدود سے نکلنے پر مجبور کیا‘

مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ واقعے کے بعد پاک-بھارت کشیدگی اور جنگی خطرات سے متعلق بات کرتے ہوئے ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کی تیاری اعلیٰ سطح پر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ اس کشیدگی کے دوران مکمل طور پر چوکس رہی جس کا کھلا ثبوت جدید بھارتی آبدوز کی نشاندہی ہے جس کی وجہ سے وہ اپنی سمندری حدود سے نکلنے پر مجبور ہوئی اور اسے اس کے ناپاک عزائم کے حصول کی کوشش سے باز رکھنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’بھارتی آبدوز کا سراغ لگانا پاک بحریہ کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے‘

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ کے جہازوں، آبدوزوں اور ایئر کرافٹ کی 24 گھنٹے گشت اور نگرانی نے بھارتی بحریہ کے جہازوں کو اُن کے پانیوں تک ہی محدود رکھا۔

نیول چیف کا کہنا تھا کہ ہم اللہ تعالیٰ کی اس خصوصی عنایت پر شکر بجا لاتے ہیں جس نے ہمیں دشمن کے دل میں خوف پیدا کرنے کے لیے طاقت اور ہمت عطا کی۔

کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی

نیول چیف نے کہا کہ ’یومِ بحریہ پر پاک بحریہ کے افسران، سیلرز اور سویلین اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اس مشکل صورت حال میں مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کو ہندوستان میں ضم کرنے اور فاشسٹ ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوششوں سے خطے اور وسیع تر تناظر میں دنیا کے امن کو خطرہ لاحق ہے۔

مزید پڑھیں: اورماڑہ کے قریب پاک بحریہ کی بڑی کارروائی، 1000 کلو حشیش پکڑ لی

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونے تک پاکستان کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو بھارت کے غیر قانونی قبضے کے طوق سے آزادی دلانے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار اور پُرعزم ہیں۔

انہوں نے عزم دہراتے ہوئے کہا کہ ’آج پاک بحریہ کے تمام افسران و جوان 1965 کے جذبے کا بھرپور اعادہ کرتے ہیں اور آخری فرد اور خون کے آخری قطرے تک اپنے مادرِ وطن کے دفاع کا عہد کرتے ہیں‘۔

تبصرے (0) بند ہیں