ایران میں ایک دن میں کورونا سے ریکارڈ 337 ہلاکتیں

اپ ڈیٹ 19 اکتوبر 2020
ایران میں اب تک 30 ہزار 712 متاثرین ہلاک ہوئے—فوٹو:رائٹرز
ایران میں اب تک 30 ہزار 712 متاثرین ہلاک ہوئے—فوٹو:رائٹرز

ایران میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران کورونا کے کیسز کے ساتھ ساتھ ہلاکتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جہاں ایک دن میں اب تک سب سے زیادہ 337 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔

خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ایران میں ایک دن میں ہونے والی 337 ہلاکتیں مشرق وسطیٰ کے کسی بھی ملک میں ایک دن میں کورونا سے ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔

ایرانی وزارت صحت کی ترجمان سیما سعادت لاری نے اپنے بیان میں کہا کہ ‘حالیہ دنوں میں ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد میں غیر متوقع طور پر اضافہ ہوا ہے’۔

مزید پڑھیں: ایران میں مزید ہلاکتیں، وائرس مزید پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا

ان کا کہنا تھا کہ ایران میں فروری میں پہلا کیس سامنے آنے کے بعد اب تک ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 30 ہزار 712 ہوگئی ہے۔

ایران میں اس سے قبل ایک دن میں سب سے زیادہ 279 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی تھیں۔

حکام کا کہنا تھا کہ کورونا کیسز کی تعداد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 251 کا اضافہ ہوا اور اب تک مجموعی تعداد 5 لاکھ 34 ہزار 631 ہوئی ہے۔

سیما سعادت لاری نے کہا کہ ‘یہ صورت حال چند ہفتوں کے دوران صحت سے متعلق پروٹوکولز پر عمل نہ کرنے، ماسک کا استعمال کم کرنے اور خطرناک سماجی رویے کے باعث پیدا ہوئی ہے’۔

اس سے قبل ستمبر میں بھی ایران میں کورونا کیسز اور اس سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ایران کے نائب وزیر صحت ارج ہریرچی نے تسلیم کیا کہ اصل تعداد سرکاری طور پر بتائی گئی تعداد سے کہیں زیادہ ہے کیونکہ ابتدائی طور پر ٹیسٹنگ اور تصدیق کا مسئلہ تھا۔

حکام نے کیسز کی تعداد میں اضافے کو دیکھتے ہوئے دارالحکومت تہران اور دیگر 4 بڑے شہروں میں مختلف بندشیں بھی متعارف کروائی ہیں۔

تہران کی انتظامیہ نے 3 اکتوبر کو احکامات جاری کیے تھے کہ اکثر عوامی مقامات کو بند کردیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: یورپ میں کورونا وائرس کی نئی لہر کی روک تھام کے لیے نئی سخت پابندیاں

یاد رہے کہ ایران نے یکم اپریل سے لاک ڈاؤن میں مرحلہ وار نرمی کا اعلان کیا تھا اور اس کے بعد سے کم خطرے کے حامل علاقوں میں مساجد کھول دی گئی تھیں۔

کورونا وائرس کے اعداد و شمار جاری کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق دنیا میں اس وقت کورونا کیسز کی تعداد 4 کروڑ 3 لاکھ سے زائد ہے جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 11 لاکھ 19 ہزار سے زائد ہے، تاہم 3 کروڑ ایک لاکھ سے زائد متاثرین صحت یاب بھی ہوئے۔

امریکا دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں اب تک 83 لاکھ 90 ہزار 547 افراد کورونا کا شکار ہوچکے ہیں۔

کورونا سے سب سے زیادہ ہلاکتیں بھی امریکا میں رپورٹ ہوئیں اور اب تک 2 لاکھ 24 ہزار سے زائد متاثرین ہلاک ہوئے جبکہ 54 لاکھ 58 ہزار افراد صحت یاب بھی ہوئے۔

دوسرے نمبر بھارت میں سب سے زیادہ کیسز ہیں اور اب تک 75 لاکھ 55 ہزار 776 افراد کورونا سے متاثر ہوئے تاہم ہلاکتوں کے اعتبار سے بھارت تیسرے نمبر پر ہے۔

بھارت میں کورونا سے اب تک ایک لاکھ 14 ہزار سے زائد متاثرین ہلاک ہوچکے ہیں۔

برازیل کورونا سے ہلاکتوں کے حوالے سے دوسرے نمبر پر ہے جہاں ایک لاکھ 53 ہزار 905 افراد ہلاک ہوئے جبکہ کیسز کی تعداد 52 لاکھ 35 ہزار سے زائد ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں