آسکر ایوارڈ یافتہ ہولی وڈ اداکار جیف لیون برجز کینسر کا شکار

اپ ڈیٹ 20 اکتوبر 2020
70 سالہ جیف نے بتایا کہ وہ اپنی بیماری کا علاج کروارہے ہیں اور ان کی حالت بہت اچھی ہے— فائل فوٹو: رائٹرز
70 سالہ جیف نے بتایا کہ وہ اپنی بیماری کا علاج کروارہے ہیں اور ان کی حالت بہت اچھی ہے— فائل فوٹو: رائٹرز

اکیڈمی ایوارڈ یافتہ امریکی اداکار جیف لیون برجز نے لمفوما (مدافعتی نظام میں موجود لمفوسائٹس میں ہونے والے کینسر) کی تشخیص کا اعلان کیا ہے۔

وہ 1988 میں ریلیز میں ہونے والی فلم دی بگ لیبوسکی کے کردار سے جانے جاتے ہیں۔

برطانوی خبررساں ادارے ’رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے اپنی بیماری کا اعلان فلم دی بگ لیبوسکی کے کردار دی ڈوڈ کے انداز میں کیا، جیف برجز نے ٹوئٹ کی کہ دی ڈوڈ کہے گا کہ نئی مصیبت سامنے آئی ہے۔

70 سالہ جیف برجز نے بتایا کہ وہ اپنی بیماری کا علاج کروارہے ہیں اور ان کی حالت بہت اچھی ہے۔

خیال رہے کہ لمفوما ایک قسم کا کینسر ہے جو مدافعتی نظام میں موجود ان خلیوں (لمفوسائٹس) میں شروع ہوتا ہے جو جسم میں داخل ہونے والے کسی انفیکشن کا مقابلہ کرتے ہیں۔

وہ آسکر ایوارڈز کے لیے 7 بار نامزد ہوچکے ہیں اور انہوں نے فلم کریزی ہارٹ میں موسیقار کا کردار ادا کرنے پر 2010 میں ایوارڈ حاصل کیا تھا۔

ہولی وڈ کے لیجنڈری اداکار جیف برجز اپنی شخصیت کی وجہ سے بھی جانے جاتے ہیں اور انہوں نے بہت کامیاب فلموں جیسا کہ اسٹار مین، تھنڈر بولٹ اینڈ لائٹ فوٹ، دی فشر کنگ اور ٹرو گرٹ کے ری میک کوین برادرز میں اداکاری کی۔

وہ کمرشل سطح پر کامیاب فلموں میں بھی دکھائی دیے تھے جیسا کہ آئرن مین جو مارول فرنچائز کی پہلی پیشکش تھی۔

انہوں نے اپنے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور سب کو اپنی صحتیابی سے متعلق آگاہ رکھنے کا وعدہ بھی کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں