عامر خان نے مشاورت کے بعد سیاست میں آنے کا 'فیصلہ' واپس لے لیا

اپ ڈیٹ 22 اکتوبر 2020
باکسر عامر خان نے 2 روز قبل کہا تھا کہ وہ سیاست کے ذریعے پاکستان کے نوجوان طبقے سے رابطہ قائم کرنا چاہتے ہیں— فائل فوٹو:اے ایف پی
باکسر عامر خان نے 2 روز قبل کہا تھا کہ وہ سیاست کے ذریعے پاکستان کے نوجوان طبقے سے رابطہ قائم کرنا چاہتے ہیں— فائل فوٹو:اے ایف پی

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے 2 روز قبل پاکستان میں سیاست میں حصہ لینے سے متعلق سوالات کو اپنے لیے فخر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سیاست کے ذریعے پاکستان کے نوجوان طبقے سے رابطہ قائم کرنا چاہتے ہیں۔

تاہم اب عامر خان نے اپنی مشاورتی ٹیم سے بات چیت کے بعد یہ ’فیصلہ’ واپس لے لیا ہے۔

عالمی شہرت یافتہ باکسر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ‘میں سیاسی راستے سے پاکستان کے نوجوانوں سے جڑنا چاہتا ہوں، پاکستان میں اوسط عمر 20 سال ہے اور اس نوجوان طبقے کے لیے زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے’۔

عامر خان نے کہا تھا کہ ‘مجھ سے کئی مرتبہ پوچھا گیا کہ کیا میں پاکستان کی سیاست میں شمولیت اختیار کروں گا’۔

انہوں نے کہا تھا کہ ‘ایک اسپورٹس مین اور ملک کے سفیر کی حیثیت سے میرے لیے عزت کی بات ہے کہ پوچھا جائے کہ کیا میں سیاست میں حصہ لوں گا، درحقیقت مجھے ملک کی خدمت کر کے خوشی ہوگی’۔

مزید پڑھیں: سیاست کے ذریعے پاکستان کے نوجوان طبقے سے جڑنا چاہتا ہوں، عامر خان

باکسر عامر خان نے کہا تھا کہ ‘یہ فیصلہ نہایت اہم ہوگا، ایک دن ہوسکتا ہے میں اس کو ترجیح دوں، میں اپنے مداحوں سے پوچھوں گا کہ وہ اس حوالے سے کیا سمجھتے ہیں’۔

اب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ایک ٹوئٹ میں باکسر نے کہا کہ میں نے اپنی مشاورتی ٹیم سے بات کی تھی، میں پاکستانی سیاست میں حصہ نہیں لوں گا۔

عامر خان نے کہا کہ اس ملک کو وزیر اعظم عمران خان چلا رہے ہیں اور ہم سب کو ان پر اعتماد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں برطانیہ، پاکستان اور دنیا بھر میں فلاحی کاموں کو ترجیح دوں گا تاکہ دنیا کو بہتر اور محفوظ بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: عامر خان اور فریال مخدوم کے ہاں بیٹے کی پیدائش

عامر خان کے اس بیان پر کچھ ٹوئٹر صارفین نے اپنا تجزیہ بھی پیش کیا۔

ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ اسپورٹس کے علاوہ بھی دیکھنا چاہیے، میں عاطف کا نام تجویز کروں گا۔

مرزا معیز بیگ نامی صارف نے عامر خان کی ٹوئٹ پر ردعمل دیا کہ میں پاکستان کا وزیراعظم بننے کی پیشکش قبول نہیں کروں گا بلکہ میں ٹوئٹ کرنے اور لوگوں کی ٹائم لائنز کو بہتر اور روشن بنانے کو ترجیح دوں گا۔

ایک اور ٹوئٹر صارف نے کہا کہ مشاورتی ٹیم نے بہت اچھا مشورہ دیا۔

ایک اور ٹوئٹر صارف نے باکسر کے بیان پر ان کی ٹیم کے ردعمل سے متعلق میمز ٹوئٹ کیں۔

,

خیال رہے کہ عامر خان نے پاکستان میں نوجوانوں کو تربیت دینے کے لیے باکسنگ اکیڈمی بھی قائم کرلی ہے جبکہ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔

مزید پڑھیں: عامر خان کی باکسنگ اکیڈمی کو قرنطینہ سینٹر بنانے کی پیشکش

عالمی وبا کورونا وائرس نے دنیا بھر میں تباہی مچائی تو عامر خان نے برطانیہ اور پاکستان میں حکام سے تعاون کا عملی نمونہ پیش کیا اور پاکستان میں اپنی اکیڈمی کو قرنطینہ مرکز کے طور پر استعمال کرنے کی پیش کش کی۔

عامر خان نے برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروسز (این ایچ ایس) کو اپنی 60 ہزار مربع فٹ پر تعمیر 4 منزلہ عمارت کو ہسپتال میں تبدیل کرنے کی پیشکش کی تھی اور لاک ڈاؤن کے دوران مستحق افراد تک مختلف اشیا بھی پہنچائی تھیں۔

— فائل فوٹو:عامر خان ٹوئٹر
— فائل فوٹو:عامر خان ٹوئٹر

تبصرے (0) بند ہیں