’حرمت رسول ﷺ کے تحفظ کیلئے مسلم رہنما عالمی اداروں سے متفقہ مطالبہ کریں‘

اپ ڈیٹ 30 اکتوبر 2020
عید میلاد النبیﷺ پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر اور وزیراعظم نے اسوہ حسنہ پر عمل کرنے پر زور دیا—تصویر: ڈان
عید میلاد النبیﷺ پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر اور وزیراعظم نے اسوہ حسنہ پر عمل کرنے پر زور دیا—تصویر: ڈان

صدر مملکت عارف علوی نے مسلم دنیا کے رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ سب حرمتِ رسول کے تحفظ کے لیے عالمی اداروں سے متفقہ مطالبہ کریں کہ وہ حضور اکرم ﷺ کی ذات پاک کا احترام یقینی بنائیں اور ان کی اہانت سے گریز کریں۔

عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ مغرب میں حضور اکرم ﷺ کی شان میں اہانت اور گستاخی کے قابلِ مذمت واقعات ہوئے جس پر دنیا بھر کے مسلمانوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

سرکاری خبررساں ادارے اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے واضح کیا کہ ایسے اقدامات نفرت اور تقسیم کا باعث بنتے ہیں اور بین المذاہب امن اور مکالمے کی روح کے خلاف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں جشن ولادت رسول ﷺ عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اسلاموفوبیا سے نمٹنے اور اسلام کے حقیقی پیغام کو اجاگر کرنے کے لیے حضور اکرم ﷺ کی حیات طیبہ اور قرآن پاک کے پیغام کو دنیا بھر میں عام کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہم سب کے لیے بہترین نمونہ ہے اور اسلام کو صحیح طور پر سمجھنے اور سمجھانے کے لیے سیرت پاک کو پیشِ نظر رکھنا اور اس پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ دورِ اول میں لوگوں کو اسلام کی طرف راغب کرنے کا باعث قرآنِ پاک اور خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کی شخصیت ہی تھی، آپ ﷺ کی حیات طیبہ سے ہمیں امن، بھائی چارے اور باہمی احترام کا درس ملتا ہے، آپ ﷺ نے جنگ میں بھی حدود قیود کی پابندی کی، غلاموں، عورتوں اور بے سہارا لوگوں کو ریاستی سطح پر حقوق دیے اور بین المذاہب ہم آہنگی کی بنیاد ڈالی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پیغمبرِ اسلام ﷺ کے اسوہ حسنہ کی اسی اہمیت کے پیش نظر آپ کی حیات و تعلیمات کے فروغ و اشاعت کے لیے ہم سب کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے اور ہماری زندگی میں بھی انہی تعلیمات کا عکس نظر آنا چاہیے۔

مزید پڑھیں: حکومت کا 31 اکتوبر سے 'ہفتہ عشقِ رسول ﷺ' منانے کا اعلان

پیغام میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ﷲ نے آپ ﷺ کو قیامت تک کے لیے تمام انسانوں کے لیے رسول بنا کر بھیجا اور پوری انسانیت کی فلاح آپ کی سنت طیبہ کی پیروی میں ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے اس موقع پر قوم سے اپیل کی کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خطرہ بڑھ رہا ہے، اس لیے ہم سب کو سخت احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

ریاست مدینہ سے رہنمائی لے کر ملک کو فلاحی ریاست بنانے کی کوشش کررہے ہیں، وزیراعظم

دوسری جانب عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ نبی کریم ﷺ نے آج سے 14 سو سال پہلے ایک ایسی مثالی فلاحی ریاست قائم کر کے دکھائی جس کی نظیر آج تک نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ جدید دور کے رفاہ اور فلاح عامہ کی بنیاد پر تشکیل پانے والے معاشرے ٹھیک انہی اصولوں پر قائم ہیں جن کی بنیاد خاتم النبیین حضور اکرم محمد ﷺ نے آج سے 14 سو سال پہلے ریاست مدینہ کے طور پر رکھی تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ عدل و انصاف، معاشی و معاشرتی مساوات، مذہبی و سماجی آزادی، اعلیٰ اخلاقی اقدار، رفاہ عامہ، ہمدری اور غریب پروری وہ اعلیٰ اوصاف ہیں جن کا عملی نمونہ ریاست مدینہ کے طورپر موجود تھا۔

یہ بھی پڑھیں:'حضرت محمد ﷺ نے فلاحی ریاست اور مثالی معاشرہ قائم کیا'

وزیراعظم نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ مغربی ممالک نے ریاست مدینہ سے رہنمائی لے کر انسانی فلاح وبہبود کے لیے کام کیا لیکن مسلم دنیا مسلسل زوال پذیر ہونے کے باوجود بھی اس سے رہنمائی لینے اور نظام کو اس کے تابع بنانے سے قاصر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری یہ کوشش ہے کہ ہم ریاست مدینہ کے تصور سے پوری طرح سے رہنمائی حاصل کر کے وطن عزیز کو ایک فلاحی ریاست کے سانچے میں ڈھالیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے مختلف شعبہ جات میں معاشی اور معاشرتی اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل جاری ہے، یہ ایک مسلسل اور صبر طلب راستہ ہے مگر ہم نے بحیثیت قوم اس سفر کا آغاز کر دیا ہے، اب انشا ﷲ منزل زیادہ دور نہیں اور بہت جلد اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

ساتھ ہی انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ﷲ تعالیٰ کی مدد سے ہم نے کورونا وائرس کو پہلے مرحلے میں زیادہ پھیلنے سے روکا لیکن پچھلے کچھ عرصے سے اس وائرس کی دوسری لہر سر اٹھا رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ مسلسل احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا رہیں تاکہ پورے ملک وقوم کو وائرس کی تباہ کاریوں اور مضر اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

نبی پاکﷺ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کی جائے گی، اسپیکر قومی اسمبلی

عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے پیغام میں مسلم امہ کو مبارک باد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ مبارک دن ہمیں درس دیتا ہے کہ خاتم النبیین حضرت محمد مصطفی ﷺ کی سنتوں پر عمل پیرا ہوکر عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ قائم کیا جا سکتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس دن ہم اسلام کے دشمنوں کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ نبی پاک ﷺ کی شان میں کسی قسم کی کوئی گستاخی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ناموس رسالت کے تحفظ کے لیے ہم اپنی جانیں تک قربان کرنے کے لیے ہمیشہ سے تیار تھے اور تاقیامت تیار رہیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں