’جیمز بانڈ‘ سیریز کے پہلے جاسوس چل بسے

31 اکتوبر 2020
شان کانری کو سب سے زیادہ شہرت جیمز بانڈ کا کردار ادا کرنے سے ملی—فائل فوٹو: اے پی
شان کانری کو سب سے زیادہ شہرت جیمز بانڈ کا کردار ادا کرنے سے ملی—فائل فوٹو: اے پی

ہولی وڈ کی شہرہ آفاق جاسوس فلم سیریز جیمز بانڈ کی پہلی فلم میں جاسوس ایجنٹ کا کردار نبھانے والے برطانوی نژاد اداکار شان کانری 90 سال کی عمر میں چل بسے۔

شان کانری نے جنگ عظیم دوئم کے فوری بعد اداکاری کا آغاز کیا تھا، جنگ عظیم دوئم کے دوران انہوں نے نیوی میں خدمات دی تھیں۔

محض 20 سال کی عمر میں اداکاری کا آغاز کرنے والے شان کانری نے اگرچہ 1954 میں ہی اداکاری کی شروعات کی تھی، تاہم انہیں شہرت 1962 میں ریلیز ہونے والی پہلی ’جیمز بانڈ‘ سے ملی۔

شان کانری نے ’جیمز بانڈ‘ سیریز کی پہلی فلم میں برطانوی خفیہ ادارے ایم آئی سکس کے ایجنٹ ’جیمز بانڈ‘ کا کردار ادا کیا تھا۔

’جیمز بانڈ‘ سیریز کی پہلی فلم کا نام ’ڈاکٹر نو‘ تھا، مذکورہ فلم کی شاندار کامیابی کے بعد شان کانری نے ’جیمز بانڈ‘ سیریز کی مزید 6 فلموں میں کام کیا اور وہ مذکورہ سیریز کی ابتدائی 5 فلموں کے مرکزی ہیرو رہے۔

یہ بھی پڑھیں: جیمز بانڈ سیریز کے جاسوس چل بسے

شان کانری ’جیمز بانڈ‘ سیریز کی 1969 میں ریلیز ہونے والی چھٹی فلم کا حصہ نہیں تھے، تاہم سیریز کی 1971 میں ریلیز ہونے والی ساتویں فلم میں وہ ایک بار پھر ’جیمز بانڈ‘ کے کردار میں دکھائی دیے۔

شان کانری کو اپنے دور کا خوبرو ترین اداکار مانا جاتا تھا—فائل فوٹو: پاپرفوٹو
شان کانری کو اپنے دور کا خوبرو ترین اداکار مانا جاتا تھا—فائل فوٹو: پاپرفوٹو

شان کانری نے چھٹی اور آخری مرتبہ 1971 میں ’جیمز بانڈ‘ کی ساتویں فلم میں برطانوی جاسوس کا کردار ادا کیا تھا، اس کے بعد وہ مذکورہ فلم کا حصہ نہ بن سکے۔

شان کانری کو اسمارٹ، خوبرو اور انتہائی چالاک جاسوس کے طور پر بھی پہچانا جاتا رہا۔

مزید پڑھیں: جیمز بانڈ کے کردار کیلئے 10 کروڑ ڈالر ٹھکرادیے

شان کانری نے ’جیمز بانڈ‘ سیریز کے علاوہ بھی دیگر مقبول ترین فلموں میں کردار ادا کیے اور انہیں ان کی شاندار اداکاری کے باعث آسکر سمیت دیگر فلمی ایوارڈ بھی دیے گئے۔

شان کانری برطانوی ریاست اسکاٹ لیںڈ میں پیدا ہوئے تھے اور انہیں ان کی شاندار فلمی خدمات کے عوض ملکہ برطانیہ نے ’سر‘ کا خطاب بھی دے رکھا تھا۔

شان کانری آخری بار 2003 کی فلم ’دی لیگ آف ایکسٹرا آرڈنری جینٹل مین‘ میں دکھائی دیے تھے اور بڑھتی عمر کے باعث صحت کے مسائل ہونے کی وجہ سے انہوں نے 2006 میں اداکاری سے ریٹائرڈ ہونے کا اعلان کیا تھا۔

طویل العمری کے باعث شان کانری کئی سال سے فلمی دنیا سے دور تھے اور گھر تک ہی محدود رہ گئے تھے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں برطانوی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ شان کانری 90 سال کی عمر میں 31 اکتوبر کو چل بسے۔

رپورٹ میں اداکار کے اہل خانہ اور ’جیمز بانڈ‘ فلم سیریز کے پروڈیوسرز کا حوالہ دیتے ہوئے تصدیق کی گئی کہ اداکار کی موت گھر پر ہی ہوئی۔

فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ شان کانری کی موت کیسے ہوئی اور نہ ہی ان کی گزشتہ چند ماہ کی صحت کے حوالے سے کوئی وضاحت جاری کی گئی ہے۔

شان کانری ابتدائی پانچ فلموں میں جیمز بانڈ بنے—اسکرین شاٹ/ فیس بک
شان کانری ابتدائی پانچ فلموں میں جیمز بانڈ بنے—اسکرین شاٹ/ فیس بک

شان کانری کی موت پر ’جیمز بانڈ‘ سیریز کے پروڈیوسرز، اداکاروں اور برطانوی سیاستدانوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتےہوئے ان کی موت کو خوبرو جاسوس کی موت قرار دیا۔

شان کانری کی موت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب کہ ’جیمز بانڈ‘ سیریز کی 25 ویں فلم ریلیز کے لیے تیار ہے، تاہم کورونا کی وجہ سے خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کو آن لائن ریلیز کیا جائے گا۔

’جیمز بانڈ‘ سیریز میں جیمز بانڈ نامی برطانوی جاسوس کا کردار شان کانری کے علاوہ جارج لزنبی، راجر مور، ٹموتھی ڈالٹن، پریس بروسنن اور ڈینیئل کریگ نے ادا کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جیمز بانڈ فلم سیریز کو نیا ایجنٹ مل گیا

’جیمز بانڈ‘ میں جاسوس کا سب سے زیادہ کردار راجر مور نے 7 فلموں میں ادا کیا، جب کہ شان کانری نے 6 اور ڈینیئل کریگ نے 5 مرتبہ ادا کیا ہے۔

شان کانری سے قبل اسی سیریز میں سب سے زیادہ جاسوس کے کردار ادا کرنے والے اداکار راجر مور بھی 2017 میں 89 برس کی عمر میں چل بسے تھے۔

اب خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر ’جیمز بانڈ‘ کی 26 ویں فلم میں جاسوس کا کردار کسی خاتون کو دیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

شان کانری نے بڑھتی عمر اور صحت کی خرابی کے باعث 2006 میں اداکاری سے ریٹائرڈ ہونے کا اعلان کیا تھا—فائل فوٹو؟: رائٹرز
شان کانری نے بڑھتی عمر اور صحت کی خرابی کے باعث 2006 میں اداکاری سے ریٹائرڈ ہونے کا اعلان کیا تھا—فائل فوٹو؟: رائٹرز

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں