ملتان سلطانز کے جیمز وِنس بھی کورونا سے متاثر

اپ ڈیٹ 10 نومبر 2020
جیمز ونس کی جگہ دوسرے کھلاڑی کو شامل کیا جائے گا— فائل/فوٹو:اے ایف پی
جیمز ونس کی جگہ دوسرے کھلاڑی کو شامل کیا جائے گا— فائل/فوٹو:اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز کے انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی جیمز وِنس کورونا کا شکار ہو کر لیگ کے بقیہ میچوں سے باہر ہوگئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ‘ملتان سلطانز کے بلے باز جیمز ونس پاکستان سپر لیگ 2020 کے بقیہ میچوں سے آؤٹ ہوگئے ہیں’۔

بیان کے مطابق جیمز ونس کا ایونٹ میں شرکت کے لیے پاکستان روانگی سے قبل انگلینڈ میں لیا گیا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

مزید پڑھیں: محموداللہ کورونا وائرس کا شکار ہو کر پی ایس ایل پلے آف سے باہر

پی سی بی کا کہنا تھا کہ ملتان سلطانز کی انتظامیہ اب جیمز ونس کے متبادل کی طور پر کسی غیر ملکی یا مقامی کھلاڑی کا انتخاب کر سکتی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے بنگلہ دیشی بلے باز محموداللہ بھی کورونا کا شکار ہوکر پی ایس ایل کے بقیہ میچوں سے باہر ہوگئے تھے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محموداللہ نے کہا تھا کہ میں کووڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آنے پر حیران ہوں، مجھے بخار یا دیگر کسی بھی قسم کی علامات ظاہر نہیں ہوئی بلکہ صرف نزلہ ہوا تھا، میں نے دوسری مرتبہ بھی ٹیسٹ کرایا اور وہ بھی مثبت آیا۔

اس سے قبل بنگلہ دیش کے سابق کپتان مشرفی مرتضیٰ اور ٹیسٹ اوپنر سیف حسن سمیت متعدد کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آچکے ہیں اور جو بعد میں صحتیاب ہو گئے۔

ملتان سلطانز نے اب تک محموداللہ اور جیمز ونس کے متبادل کے ناموں کا اعلان نہیں کیا۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 2020 کے بقیہ چاروں میچ 14 نومبر سے 17 نومبر تک کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ملتان کی حیران کن کامیابی، پی ایس ایل دلچسپ مرحلے میں

پی سی بی کے بیان میں مزید کہا گیا کہ پی ایس ایل 2020 میں شریک ایک رکن کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے اور انہیں فوری طور پر ٹیم ہوٹل کے آئسولیشن روم میں منتقل کردیا گیا ہے۔

بورڈ نے کہا کہ پی سی بی کے تیار کردہ کووڈ-19 پرٹوکولز کے تحت انہیں اپنے گھر میں لیے گئے پہلے ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آنے کے بعد کراچی کے لیے سفر کرنا تھا تاہم جیسے ہی وہ کراچی پہنچے تو پی سی بی اسپورٹس اینڈ میڈیکل سائنسز کو پہلے ٹیسٹ کی رپورٹ ملی تو اس کا نتیجہ مثبت تھا۔

بیان کے مطابق رپورٹ کے تحت انہیں فوری طور پر قرنطینہ کردیا گیا ہے اور اب وہ مسلسل دو ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے تک آئسولیشن میں رہیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں