گلگت بلتستان کو صوبہ بننا چاہیے جو نواز شریف بنا کر دے گا، مریم نواز

اپ ڈیٹ 10 نومبر 2020
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز گلگت بلتستان کے علاقے چھوگام میں جلسے سے خطاب کررہی تھیں — فوٹو: ڈان نیوز
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز گلگت بلتستان کے علاقے چھوگام میں جلسے سے خطاب کررہی تھیں — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بننا چاہیے جس کے لیے نواز شریف نے کام پورا کر لیا ہے اور یہ صوبہ بھی آپ کو نواز شریف ہی بنا کر دے گا۔

گلگت بلتستان کے علاقے چھوگام میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ استور وہ جگہ ہے جہاں پیدا ہونے والے بچوں کا نام نواز شریف رکھا جاتا ہے، اگر آپ محبت کرنا جانتے ہیں تو نواز شریف اور مریم نواز بھی محبت نبھانا جانتے ہیں اور یہ رشتہ میں اپنی آخری سانس تک نبھاؤں گی۔

مزید پڑھیں: 'مجھے موقع ملا تو گلگت بلتستان کے عوام کے خواب پورے کروں گا'

ان کا کہنا تھا کہ آج جو وعدے یہاں کیے گئے ہیں اور جو کیے جائیں گے، وہ میں، نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) آپ سے نبھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر مجھے شہباز شریف کے بعد کوئی دوسرا وزیر اعلیٰ نظر آیا جس نے صحیح معنوں میں آپ کی خدمت کا حق ادا کیا اس کا نام ہے حافظ حفیظ الرحمٰن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے خطے پر قدم رکھتے ہی آپ کو چپے چپے پر نواز شریف اور حافظ حفیظ الرحمٰن کی خدمت کے آثار نظر آتے ہیں چاہے وہ سڑکیں ہوں جو 72 سال میں نہیں بنیں، اسکول و کالجز کے کیمپس جو 72 سال میں گلگت بلتستان کو نہیں ملے، چاہے کینسر ہسپتال ہو یا دل کا ہسپتال ہو، چاہے وہ اختیارات کی منتقلی ہو، وہ حق جو 72 سال میں نہیں ملا، اب آپ کو ملا بھی ہے اور مزید بھی ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بننا چاہیے جس کے لیے نواز شریف نے کام پورا کر لیا ہے، نواز شریف کا یہ انتخابی یا جھوٹا وعدہ نہیں تھا، انہوں نے آئینی اصلاحات اور آپ کے صوبے پر 3 سال کام کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان انتخابات میں آر ٹی ایس کے استعمال کا فیصلہ نہ ہوسکا

مریم نواز نے کہا کہ ان جھوٹوں اور جعلی کے حصے میں عوام کی کوئی بھی بھلائی نہیں ہے اور یہ صوبہ بھی آپ کو نواز شریف ہی بنا کر دے گا اور آپ کا حق بھی آپ کو نواز شریف ہی دے گا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے تاریخی استور کی شولٹر پاس کے لیے 250 ارب روپے دیے تھے لیکن اس کے فنڈز روک دیے گئے، اس جعلی حکومت اور جعلی حکمرانوں سے ہم توقع بھی کیا کر سکتے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ کراچی سے لے کر استور تک گو نیازی گو نیازی کے نعرے لگ چکے ہیں اور جس طرح سے یہ آیا تھا، اسی طرح سے جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں استور روڈ کا ایک حصہ مکمل ہو چکا ہے اور دوسرے حصے کے لیے ٹینڈر بھی ہو چکا ہے، اب 15 نومبر کو شیر پر مہر لگاؤ تاکہ اس سڑک کا باقی حصہ بھی مکمل ہو سکے۔

مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر نے کہا کہ ایک کام نہیں کرنا، لوٹوں کو ووٹ نہیں دینا کیونکہ لوٹوں کی جگہ آپ کے غسل خانے میں ہے، آپ کے پولنگ اسٹیشنز میں نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان: نگراں حکومت کا انتخابات میں فوج کی مدد نہ لینے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام یہ جانتے ہیں کہ سلیکٹر کوئی اور نہیں بلکہ سلیکٹر صرف اور صرف پاکستان کے عوام ہیں اور جب اصل سلیکٹرز جن کی سلیکشن آئین اور قانون بھی مانتا ہے، جتنی چاہے دھاندلی کر لو، جتنی چاہے مسلم لیگ (ن) کے لوگوں کو توڑ لو، بزدلوں کو خرید لو لیکن گلگت بلتستان کے عوام کو نہیں خرید سکتے۔

مریم نواز نے کہا کہ جعلی حکومت کے ایسے ترجمان گلگت بلتستان میں آئے ہیں کہ جب وہ منہ کھولتے ہیں تو غلاظت ٹپکتی ہے، مجھے خوشی ہے کہ ان کا اصل چہرہ عوام نے دیکھ لیا ہے اور یہاں کے عوام جانتے ہیں کہ اس گندگی اور غلاظت کو گلگت بلتستان کی سرزمین پر جگہ نہیں دینی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے کوٹ لکھپت جیل میں میرے والد کے سامنےمجھے اس وقت گرفتار کیا تھا جب میں ان سے ملاقات کے لیے گئی تھی، مجھے گرفتار کسی مقدمے کی بنیاد پر نہیں بلکہ گلگت بلتستان کے عوام کی طرح سچائی کا ساتھ دینے پر کیا گیا تھا، حق کے لیے آواز اٹھانے پر گرفتار کیا گیا تھا، غلط کو غلط کہنے پر گرفتار کیا گیا تھا، نواز شریف کے ساتھ ڈٹے رہنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے باشعور عوام اپنے مستقبل اور ترقی کا فیصلہ ایک ایسی حکومت کے حق میں نہیں دیں گے جو حکومت اب جاتی نظر آ رہی ہے، انسان حکومت عزت کے لیے کرتا ہے لیکن ایسی حکومت سے موت اچھی جس کے بدلے میں آپ کو اتنی ذلت ملے جو آپ کو آج مل رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان میں انتخابات 15 نومبر کو ہوں گے

انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان جھولیاں اٹھا اٹھا کر اس جعلی حکومت اور عمران خان کو بددعائیں دے رہا ہے، جس حکومت کو بددعائیں مل رہی ہوں تو کیا ایسی حکومت کو گلگت بلتستان کے باشعور عوام کبھی ووٹ دیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے عوام کے نام پیغام میں کہا کہ شیر پر صرف ٹھپہ نہیں لگانا بلکہ اپنے ووٹ پر پہرہ بھی دینا، کسی کو اپنا ووٹ چوری کرنے کی اجازت نہیں دینی۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے ہر کونے سے صرف شیر اور نواز شریف کی آواز آ رہی ہے اور اگر تم نے دھاندلی کی کوشش کی تو یاد رکھو کہ عوام تمہیں چھوڑیں گے نہیں، 2018 اور وقت تھا جب تم نے دھاندلی کر لی لیکن اب ایسا کیا تو مریم نواز تمہارا پیچھا نہیں چھوڑے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں