مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی کا گلگت بلتستان کے انتخابات کو شفاف بنانے کا مطالبہ

گلگت میں مریم نواز اور بلاول بھٹو نے اس ہوٹل میں ملاقات کی جہاں دونوں قیام پذیر ہیں — فوٹو: امتیاز تاج
گلگت میں مریم نواز اور بلاول بھٹو نے اس ہوٹل میں ملاقات کی جہاں دونوں قیام پذیر ہیں — فوٹو: امتیاز تاج

پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کے انتخابات کو شفاف بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

گلگت میں مریم نواز اور بلاول بھٹو نے اس ہوٹل میں ملاقات کی جہاں دونوں قیام پذیر ہیں، بعد ازاں دونوں کے درمیان پارٹی وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے حوالے سے جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ علاقائی اور قومی مضمرات کا تقاضا ہے کہ گلگت بلتستان میں انتخابات شفاف بنائے جائیں، جبکہ انتخابی عمل میں شفافیت نہ ہونے کے گہرے منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ عدالتی حکم کے باوجود وفاقی وزرا کا گلگت بلتستان کی انتخابی مہم میں حصہ لینا پری پول دھاندلی ہے، انتخابی عمل میں وفاقی حکومت کی مداخلت گلگت بلتستان کی عدالت اور انتخابی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کوئی اور چلا رہا ہے، کرسی پر عمران خان بیٹھا ہے، مریم نواز

ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ دونوں جماعتوں کے گلگت بلتستان کے صدور انتخابات میں دھاندلی کو روکنے کے لیے حکمت عملی طے کریں گے۔

مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ایجنڈے کے حصول کے لیے مکمل طور پہ یکسو ہیں، پی ڈی ایم قوم اور ملک کو ووٹ، قومی ترقی چور، عوام پر مہنگائی اور معاشی ظلم ڈھانے والی سلیکٹڈ حکومت کو گھر بھیج کر دم لے گی۔

واضح رہے کہ مریم نواز بلاول بھٹو زرداری گزشتہ کئی روز سے گلگت بلتستان میں موجود ہیں اور اپنی اپنی جماعتوں اور امیدواروں کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔

دونوں کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران پی ٹی آئی کی حکومت پر کڑی تنقید کی جارہی ہے اور وفاقی وزرا کی گلگت بلتستان میں موجودگی اور جلسوں سے انتخاب کو انتخابات سے قبل دھاندلی قرار دیا جارہا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں