واٹس ایپ دنیا کا مقبول ترین مسینجر ہے اور اگر آپ اس کی اینڈرائیڈ یا آئی فون ایپ استعمال کرتے ہیں تو حیران کن نہیں، کیونکہ 2 ارب سے زیادہ افراد اسے استعمال کرتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ واٹس ایپ میں مسلسل نت نئے اضافے ہوتے رہتے ہیں، تاکہ صارفین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

حالیہ مہینوں میں واٹس ایپ میں کئی نئے فیچرز کو متعارف کرایا گیا ہے مگر اکثر ان کا علم لوگوں کو ہوتا نہیں یا استعمال کا طریقہ معلوم نہیں ہوتا۔

ایسے ہی چند نئے فیچرز کے بارے میں جان لیں جن کے بارے میں ہوسکتا ہے کہ آپ کو علم نہ ہو۔

اپنے پیغامات کو غائب کریں

واٹس ایپ کی جانب سے اس فیچر کو نومبر کے شروع میں متعارف کرایا گیا تھا اور تاحال یہ تمام صارفین تک پہنچا نہیں۔

اس فیچر کو مخصوص چیٹس میں ان ایبل کرکے پیغامات کو 7 دن بعد غائب کیا جاسکتا ہے۔

اگر یہ فیچر آپ کو دستیاب ہے تو اس کو استعمال کرنے کے لیے اسکرین کے سب سے اوپر چیٹ نیم کو کچھ دیر دبا کر رکھیں، وہاں آپشنز میں ڈس اپیئرنگ میسجز کو سلیکٹ کرکے اسے آن کردیں۔

خیال رہے کہ اس فیچر کو ان ایبل کرنے کے بعد چیٹ سے پیغامات، تصاویر اور ویڈیوز 7 دن بعد ڈیلیٹ ہوجائیں گی، تاہم تصاویر اور ویڈیوز فون میں محفوظ رہیں گی۔

اسٹوریج کی صفائی

یہ جاننا چاہتے ہیں کہ واٹس ایپ کس سے سب سے زیادہ رابطے میں رہتے ہیں تو اب یہ جاننا بہت آسان ہے۔

آئی فون یا اینڈرائیڈ میں واٹس ایپ اوپن کرکے وہاں سیٹنگز، پھر اسٹوریج اینڈ ڈیٹا اور منیج اسٹوریج میں جائیں۔

وہاں کانٹیکٹ کی لسٹ سامنے آئے گی، جس چیٹ نے سب سے زیادہ اسٹوریج پر قبضہ کیا ہوگا، وہ سب سے اوپر اور اسی طرح بالترتیب نام نظر آئیں گے۔

ہر نام پر کلک کرکے جان سکتے ہیں کہ کتنے پیغامات، تصاویر، ویڈیوز اور انیمیٹڈ تصاویر کا تبادلہ ہوا۔

اس نئے فیچر سے اسٹوریج کی صفائی بھی آسان ہوگی اور بڑی فائلوں کو فوری طور پر ڈیلیٹ کیا جاسکتا ہے۔

کسی بھی چیٹ کو ہمیشہ کے لیے 'خاموش' کریں

آل ویز میوٹ نامی اس فیچر پر کئی ماہ تک کام ہوتا رہا اور اکتوبر 2020 کو اسے متعارف کرایا گیا۔

اس فیچر کی مدد سے صارفین کسی بھی کانٹیکٹ یا گروپ کے نوٹیفکیشن کو ہمیشہ کے لیے میوٹ کرسکیں گے۔

اس سے پہلے واٹس ایپ کی جانب سے کسی گروپ یا کانٹیکٹ کے مسلسل نوٹیفکیشن سے پریشان صارفین کو میوٹ کے 3 آپشنز دیئے جاتے تھے ، جن کی مدد سے نوٹیفکیشن کو 8 گھنٹے، ایک ہفتے یا ایک سال کے لیے میوٹ کیا جاسکتا تھا۔

مگر اب کسی بھی چیٹ کو ہمیشہ کے لیے میوٹ کرنا ممکن ہے۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے واٹس اوپن کرکے مطلوبہ چیٹ کو کچھ دیر تک دبا کر رکھنا ہوگا جس کے بعد اوپر بار میں میوٹ آئیکون کو سلیکٹ کرنا ہوگا۔

ایسا کرنے پر 8 گھنٹے، ایک ہفتہ اور آل ویز کے آپشنز نظر آئیں گے، جس میں سے اپنی پسند کا انتخاب کرکے اوکے کو کلک کرنا ہوگا۔

ایسا کرنے کے بعد اس مخصوص چیٹ کے نوٹیفکیشنز ہمیشہ کے لیے میوٹ کیے جاسکیں گے۔

تاہم صارف اگر بحال کرنا چاہے تو اس چیٹ کو دوبارہ کچھ دیر دبا کر ان میو یا اسپیکر آئیکون پر کلک کرنا ہوگا۔

فون چھوئے بغیر آڈیو میسج بھیجنا

ویسے یہ براہ راست واٹس ایپ کا میسج نہیں بلکہ گوگل کی مہربانی ہے، جس نے کچھ عرصے پہلے وائس میسجز بھیجنے کے عمل کو مزید آسان بنایا تھا۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے گوگل اسسٹنٹ اوپن کرکے بس یہ کہیں گوگل سینڈ آڈیو میسج (Hey Google, send audio message) اور بس۔

ایسا کرنے پر آپ کے سامنے ایس ایم ایس (اگر اس میں آڈیو میسج بھیجنا ممکن ہوا تو) اور واٹس ایپ کے 2 آپشن نظر آئیں گے۔

ان میں سے کسی ایک جیسے واٹس ایپ کو سلیکٹ کرنے پر گوگل اسٹنٹ کی جانب سے پیغام ریکارڈ کرنے کا کہا جائے گا اور یہ سارا عمل فون کو چھوئے بغیر صرف آواز سے ممکن ہوگا۔

اگر آپ نے فون میں ہے گوگل وائس کمانڈ کو ان ایبل نہیں کیا ہوا تو براہ راست گوگل اسسٹنٹ ایپ اوپن کرکے کسی واٹس ایپ فرینڈ کو آڈیو میسج بھیج سکتے ہیں۔

کیو آر کوڈ سے کانٹیکٹ ایڈ کرنا

اس مقصد کے لیے واٹس ایپ اوپن کرکے نیو چیٹ پر کلک کریں۔

اس کے بعد نیو کانٹیکٹ پر کلک کرکے ایڈ کیو آر کوڈ کے آپشن پر جائیں۔

اس کے بعد ڈیوائس سے کیو آر کوڈ کو اسکین کریں یا اسکرین کے نیچے فوٹوز آئیکون پر کلک کریں تصاویر سے واٹس ایپ کیو آر کوڈ کا انتخاب کریں۔

آخر میں ایڈ ٹو کانٹیکٹس پر کلک کریں اور بس۔

تبصرے (0) بند ہیں