شاداب خان پی ایس ایل 2020 کی بہترین ٹیم کے کپتان مقرر

اپ ڈیٹ 19 نومبر 2020
شاداب خان پی ایس ایل 2020 میں 263 رنز اور 8 وکٹوں کے ساتھ بہترین آل راؤنڈر بھی قرار پائے— فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
شاداب خان پی ایس ایل 2020 میں 263 رنز اور 8 وکٹوں کے ساتھ بہترین آل راؤنڈر بھی قرار پائے— فوٹو بشکریہ پی ایس ایل

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کی بہترین فائنل الیون کا اعلان کردیا گیا ہے اور اس کی قیادت اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر شاداب خان کو سونپی گئی ہے۔

کمنٹیٹرز بازید خان، رمیز راجہ، عروج ممتاز کے ساتھ پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان پر مشتمل 4 رکنی آزاد جیوری نے 'ٹیم آف دی پی ایس ایل 2020' کا اعلان کیا۔

مزید پڑھیں: کراچی کنگز پی ایس ایل 2020 کی چمپیئن

ایونٹ کے قواعد و ضوابط کے تحت اس اعلان کردہ 12 رکنی ٹیم میں چار غیر ملکی اور ایک ایمرجنگ کرکٹر بھی شامل ہے جبکہ ایونٹ میں شریک پانچ مختلف ٹیموں کے کھلاڑی اس ٹیم میں جگہ بنانے کامیاب رہے۔

ان کھلاڑیوں کی فہرست میں لاہور قلندرز کے 6، کراچی کنگز کے 3 جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کا ایک، ایک کھلاڑی شامل ہے۔

12 رکنی ٹیم آف دی پی ایس ایل 2020 کی بیٹنگ آرڈر کے مطابق ترتیب کچھ یوں ہے۔

بابر اعظم (کراچی کنگز)، کرس لن (لاہور قلندرز)، ایلکس ہیلز (کراچی کنگز)، حیدر علی (پشاور زلمی)، محمد حفیظ (لاہور قلندرز)، شاداب خان (کپتان، اسلام آباد یونائیٹڈ)، بین ڈنک، (وکٹ کیپر، لاہور قلندرز)، ڈیوڈ ویزے (لاہور قلندرز)، محمد عامر (کراچی کنگز)، شاہین شاہ آفریدی (لاہور قلندرز)، محمد حسنین (کوئٹہ گلیڈی ایٹرز) شامل ہیں جبکہ لاہور قلندرز کے فخر زمان کو بطور 12واں کھلاڑی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

اس اعلان کردہ 12 رکنی ٹیم میں بابر اعظم وہ واحد کھلاڑی ہیں جو گزشتہ سال بھی ٹیم آف دی پی ایس ایل کا حصہ تھے، کیونکہ انہوں نے 2019 میں 30.45 کی اوسط اور 115.51 کے اسٹرائیک ریٹ سے 335 رنز بنائے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کنگز کو لگ گئے وِنگز، کراچی چیمپیئن بن گیا

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ٹیم آف دا ٹورنامنٹ کے انتخاب میں کرکٹ سے متعلق مختلف محرکات کو مدنظر رکھا گیا جن میں کھلاڑی کی انفرادی کارکردگی کے میچ پر اثرات، کھلاڑی کی فٹنس اور ٹیم کا بہترین کمبی نیشن نمایاں ہیں۔

255 انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے کہا کہ لیگ میں شامل اتنے باصلاحیت کھلاڑیوں میں سے صرف 12 بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا کوئی آسان مرحلہ نہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ہم نے بالآخر ایسے اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے جو کسی بھی فرنچائز کرکٹ ٹیم کے خلاف بہترین کارکردگی دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

رمیز راجہ نے کہا کہ پی ایس ایل 2020 کی کامیابی کا کریڈٹ ان تمام شرکا کو جاتا ہے جنہوں نے اپنی بہترین کارکردگی سے اس ایونٹ کو چار چاند لگائے۔

مزید پڑھیں: حارث! اگلی دفعہ مجھے گیند آرام سے کرنا، شاہد آفریدی

اس سال منتخب لیگ کی بہترین ٹیم کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ پی ایس ایل 2020 کی ٹیم آف دا ٹورنامنٹ کا کپتان مقرر ہونا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے، تاہم انہیں افسوس ہے کہ ان کی ٹیم پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل نہیں کرسکی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس مرحلے میں رسائی کے لیے ہر ممکن کوشش کی لیکن نہ کر سکے البتہ ہم ایونٹ کے آئندہ ایڈیشن میں مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں