فخر زمان دورہ نیوزی لینڈ سے باہر ہوگئے

22 نومبر 2020
فخر زمان لاہور میں ٹیم کے ہوٹل میں ہیں—فائل/فوٹو: اے ایف پی
فخر زمان لاہور میں ٹیم کے ہوٹل میں ہیں—فائل/فوٹو: اے ایف پی

قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان کو دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ٹیم کی روانگی تک بخار سے صحت یاب نہ ہونے پر اسکواڈ سے باہر کردیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ‘فخر زمان کو دورے سے باہر کرنے کا فیصلہ ٹیم کے دوسرے کھلاڑیوں کی صحت کو مدنظر رکھ کیا گیا جو اولین ترجیح ہے’۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فخر زمان لاہور میں ٹیم ہوٹل میں آئسولیشن میں ہے اور ان کی صحت یابی تک پی سی بی کا میڈیکل پینل ان کی دیکھ بھال کرے گا۔

مزید پڑھیں: سہیل تنویر سری لنکا میں کورونا وائرس کا شکار

قومی ٹیم کے ڈاکٹر سہیل سلیم کا کہنا تھا کہ ‘اسکواڈ کے دیگر اراکین کے ساتھ فخر زمان کا ٹیسٹ بھی 21 نومبر کو کیا گیا تھا اور اس کی رپورٹ منفی آئی تھی لیکن 22 نومبر کو ان میں تیز بخار کی علامت ظاہر ہوئی’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘فخر زمان کو بخار کی علامت ظاہر ہوتے ہی فوری طور پر دیگر کھلاڑیوں سے الگ کیا گیا’۔

ڈاکٹر سہیل سلیم کا کہنا تھا کہ ‘فخرزمان سے مسلسل رابطے میں ہیں مگر اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت پر کوئی سمجھوتی نہیں کرسکتے’۔

پی سی بی کے مطابق قومی ٹیم 23 نومبر کو صبح 3 بجے لاہور سے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہوگی۔

قومی ٹیم نیوزی لینڈ پہنچنے کے بعد 14 دن قرنطینہ میں رہے گی، جس کے بعد تین ٹی20 اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: مجھ پر کوئی دباؤ نہیں، بورڈ کے لانگ ٹرم پلان کا حصہ ہوں، بابر اعظم

قبل ازیں پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ باؤلر سہیل تنویر کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں جس کے بعد ان کی لنکا پریمیئر لیگ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔

سہیل تنویر لنکا پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے سری لنکا میں موجود ہیں اور لیگ میں شرکت کے لیے سری لنکا پہنچنے کے بعد وائرس کا شکار ہونے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔

سہیل تنویر سے قبل کینیڈا کے بلے باز رویندرپال سنگھ بھی کورونا کا شکار ہو گئے تھے جنہیں کولمبو کنگز کی فرنچائز نے اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں