لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) کی ٹیم گال گلیڈی ایٹرز نے پاکستان کے مشہور آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو کپتان مقرر کردیا۔

گال گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر جاری بیان میں کہا گیا کہ ‘گال گلیڈی ایٹرز نے سپر اسٹار شاہد آفریدی کو کپتان مقرر کیا ہے جبکہ بھنوکا راجاپاکسے نائب کپتان ہوں گے’۔

ایل پی ایل کا آغاز 26 نومبر سے ہوگا اور گال گلیڈی ایٹرز اپنا پہلا میچ 27 نومبر کوجافنا اسٹالنز کے درمیان ہوگا۔

خیال رہے کہ گال گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے 4 کھلاڑی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: شاہد آفریدی لنکا پریمیئر لیگ کی ٹیم گال گلیڈی ایٹرز میں شامل

ٹیم میں پاکستان کے دو سابق کپتان شاہد آفریدی، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، اعظم خان اور محمد عامر کے علاوہ سری لنکا کے لاستھ ملِنگا، افغانستان سے تعلق رکھنے والے حضرت اللہ زازئی بھی شامل ہیں۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک نے ہی گال گلیڈی ایٹرز خرید لی ہے اور کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے وسیم اکرم مینٹور کے طور پر شریک تھے۔

ایل پی ایل کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب گزشتہ ماہ کیا گیا تھا جس میں گال گلیڈی ایٹرز سمیت 5 ٹیمیں شریک ہیں۔

شیڈول کے مطابق لیگ کا آغاز 21 نومبر کو ہونا تھا لیکن کورونا وائرس کے باعث تاخیر ہوئی۔

سری لنکا کرکٹ بورڈ (ایس ایل سی) نے لیگ میں شرکت کے لیے بیرون ملک سے آنے والے کھلاڑیوں کے قرنطینہ کا دورانیہ 14 دن سے کم کرکے 7 دن کرنے کا اعلان کیا تھا۔

لیگ میں شرکت کے لیے پہنچنے والے دو کھلاڑیوں میں اب تک کورونا کی تشخیص ہوچکی ہے، جن میں پاکستان کے سہیل تنویر بھی شامل ہیں اور اب لیگ میں ان کی شرکت بھی مشکوک ہوگئی ہے۔

سہیل تنویر کو وہاب ریاض اور لیام پلنکٹ کی جانب سے غیرملکی کھلاڑیوں کے طور دستبرداری کے بعد ٹیم اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔

کینڈی ٹسکرز کی جانب سے منتخب کیے گئے سہیل تنویر کو لیگ کے دیگر کھلاڑیوں اور ٹیم انتظامیہ سے علیحدہ ہوٹل میں آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

سہیل تنویر سے قبل کینیڈا کے بلے باز رویندرپال سنگھ بھی کورونا کا شکار ہو گئے تھے جنہیں کولمبو کنگز کی فرنچائز نے اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں