اسلام آباد: دارالحکومت اسلام آباد شہر کے منیجرز نے ایک نیا سیاحتی مقام تیار کیا ہے جہاں نیشنل ہسٹری میوزیم میں کنول کی جھیل موجود ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین عامر علی احمد نے اتوار کے روز اس سیاحتی مقام کا افتتاح کیا، جو ’فیملی پارک‘ کے نام سے جانا جائے گا۔

مزید پڑھیں: خوبصورت سیاحتی مقام کٹاس راج

کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سیاحتی مقام کا مقصد فطرت کے قریب پرامن ماحول فراہم کرنا ہے، جڑواں شہروں کے شہریوں کے لیے کنول کی جھیل ایک اور کشش ہو گی۔

نئے سیاحتی مقام پر کوئی بھی سیمنٹ کی تعمیرات موجود نہیں، اس کے بجائے شکرپڑیاں کی پہاڑیوں پر لکڑی کے بینچ اور کچھ باربی کیو اسٹینڈ بنائے گئے ہیں، شہری ادارہ کے ممبر فنانس رانا شکیل اصغر، ڈائریکٹر جنرل ماحولیات نوید ترین، ڈائریکٹر ماحولیات عرفان نیازی اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے دیگر افسران افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے۔

ذرائع نے بتایا کہ اس وقت 100 فٹ لمبی اور 68 فٹ چوڑی کنول جھیل کا آزمائشی بنیادوں پر تجربہ کیا جارہا ہے اور آئندہ چند روز میں یہ پانی سے بھر جائے گی، اس علاقے میں گلابی اور سفید پھولوں والی قدرتی کنول کی جھیل تھی تاہم 05-2004 میں ثقافتی کمپلیکس کی تعمیر کی وجہ سے جھیل کا حجم کم ہو گیا۔

گزشتہ ماہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد سے ماحولیاتی ونگ کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد عامر علی احمد نے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ اس علاقے میں جھیل اور فیملی پارک تیار کرے۔

یہ بھی پڑھیں: وہ خوبصورت مگر خطرناک سیاحتی مقامات جو مسحور کردیں

اس کے بعد ماحولیات کے شعبے نے کنول کی جھیل کے ساتھ قریب 10 ایکڑ پر پارک قائم کیا، لکڑی کے بینچ لگائے اور باربی کیو کے مقام کی نشاندہی کی تھی، انوائرمنٹ ونگ کے عہدیداروں نے بتایا کہ باربی کیو کے لیے مجموعی 20 مقامات قائم کیے جائیں گے۔

کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ سیاحتی مقامات کی تعمیر اور خوبصورتی میں بڑی دلچسپی لیتے ہوئے سی ڈی اے کے چیئرمین نے شکرپڑیاں میں فیملی پارک اور کنول کی جھیل کا افتتاح کردیا تاکہ دارالحکومت کے شہریوں کو سیاحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ 11 سال بعد شہری ایجنسی نے ایک پارک کی سہولت قائم کرلی ہے جہاں آخری مرتبہ 2009 میں پارک تعمیر کیا گیا تھا، اس پارک میں صرف فیملی کو آنے کی اجازت ہو گی۔

تبصرے (0) بند ہیں