پاک سوزوکی اور انڈس موٹرز کی گاڑیوں کی قیمتوں میں ایک لاکھ روپے تک اضافہ

01 دسمبر 2020

ای میل

— رائٹرز فوٹو
— رائٹرز فوٹو

پاک سوزوکی موٹر کمپنی لیمٹڈ (پی ایس ایم سی ایل) انڈس موٹرز نے ایک بار پھر اپنی گاڑیوں کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے۔

دونوں کمپنیوں نے گاڑیوں کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں ایک لاکھ روپے تک اضافہ کیا ہے۔

اس سے پہلے کمپنیوں کی جانب سے ڈالر کی قیمت کو جواز بناکر گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا تھا۔

مگر حالیہ مہینوں میں روپے کی قدر میں اضافہ ہوا مگر پھر بھی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا جس کا اطلاق یکم دسمبر سے ہوگا۔

سوزوکی کی جانب سے کلٹس اور سوئفٹ کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔

سوزوکی کلٹس وی ایکس ایل کی قیمت میں 70 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا اور اب یہ 19 لاکھ کی بجائے 19 لاکھ 70 ہزار روپے میں دستیاب ہوگی۔

کلٹس اے جی ایس ایک لاکھ روپے اضافے کے بعد اب 20 لاکھ 30 ہزار روپے کی بجائے 21 لاکھ 30 ہزار روپے میں فروخت کی جائے گی۔

سوزوکی سوئفٹ آٹومیٹک نیوی گیشن کی قیمت میں 35 ہزار روپے اضافہ کیا گیا اور اب یہ 21 لاکھ 75 ہزار روپے کی بجائے 22 لاکھ 10 ہزار روپے میں دستیاب ہوگی۔

اس سے قبل پاک سوزوکی نے اکتوبر میں گاڑیوں کی قیمتوں میں 42 ہزار روپے تک اضافہ کیا تھا۔

دوسری جانب انڈس موٹرز نے کرولا اور گرانڈی کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔

کرولا 1.6 ایم ٹی کی قیمت میں 60 ہزار روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کی قیمت 31 لاکھ 59 ہزار روپے سے بڑھ کر 21 لاکھ 19 ہزار روپے ہوگئی ہے۔

کرولا 1.6 اے ٹی کی قیمت بھی 60 ہزار روپے اضافے سے 33 لاکھ 9 ہزار روپے کی جگہ 33 لاکھ 69 ہزار روپے ہوگئی ہے۔

کرولا 1.8 ایم ٹی کی قیمت پہلے 43 لاکھ 79 ہزار روپے تھی جو 70 ہزار روپے اضافے سے 35 لاکھ 49 ہزار روپے ہوگئی ہے۔

کرولا 1.8 سی وی ٹی کی قیمت میں بھی 70 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا جو اب 36 لاکھ 29 ہزار روپے کی بجائے 36 لاکھ 99 ہزار روپے کی ہوگئی ہے۔

الٹس گرانڈی 1.8 سی وی ٹی (Beige Interior) اسی ہزار روپے اضافے کے بعد 38 لاکھ 99 ہزار روپے کی جگہ 39 لاکھ 79 ہزار روپے میں فروخت ہوگی۔

الٹس گرانڈی 1.8 سی وی ٹی (Black Interior) کی قیمت ایک لاکھ روپے اضافے کے بعد 38 لاکھ 99 ہزار روپے کی جگہ 39 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگئی ہے۔