بہروز سبزواری بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

اپ ڈیٹ 02 دسمبر 2020
نامور اداکار نے تصدیق کی کہ وہ اس وقت ضیاالدین ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیرِ علاج ہیں— فائل فوٹو: فیس بک
نامور اداکار نے تصدیق کی کہ وہ اس وقت ضیاالدین ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیرِ علاج ہیں— فائل فوٹو: فیس بک

ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران جہاں پاکستان میں عالمی وبا کے کیسز کی یومیہ تعداد 3 ہزار کے لگ بھگ ریکارڈ ہورہی ہے وہیں اب معروف اداکار بہروز سبزواری بھی کورونا کا شکار ہوگئے ہیں۔

پاکستان کے نامور اداکار بہروز سبزواری میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اور وہ ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

معروف اداکار بہروز سبزواری نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو ایک پیغام کے ذریعے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی۔

مزید پڑھیں: اداکار عثمان مختار 11 دن میں کورونا سے صحت یاب

بہروز سبزواری نے بتایا کہ وہ اس وقت ضیاالدین ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں زیرِ علاج ہیں۔

نامور اداکار نے مزید بتایا کہ وہ اس وقت کافی بہتر محسوس کررہے ہیں اور انہوں نے مداحوں سے صحت یابی کے لیے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔

— فائل فوٹو: فیس بک
— فائل فوٹو: فیس بک

دوسری جانب ان کے بیٹے اور اداکار شہروز سبزواری نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ بہروز سبزواری میں 6 روز قبل کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی اور وہ اس وقت سے ہسپتال سے زیرِ علاج ہیں۔

شہروز سبزواری نے یہ بھی بتایا کہ ان کے والد ٹھیک ہیں، وہ کووڈ وارڈ میں نہیں ہیں لیکن عمر 60 برس سے زائد ہونے کے باعث انہیں نگرانی میں رکھنے کی ضرورت ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

اس کے ساتھ ہی اداکار شہروز سبزواری نے مداحوں سے والد کی صحتیابی کی دعا کی درخواست بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: گلوکار جواد احمد بھی کورونا وائرس کا شکار

خیال رہے کہ بہروز سبزواری سے قبل پاکستان میں شوبز سے وابستہ کئی شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار ہوچکی ہیں، جن میں سے زیادہ تر شخصیات کم از کم 2 ہفتے جبکہ کچھ ڈیڑھ ماہ بعد صحتیاب ہوئی تھیں۔

کورونا کے باعث پاکستان میں 2 اداکاروں کی موت بھی ہوچکی ہے، جن میں 9 ستمبر کو فلم اور ڈراموں کے سینئر اداکار مرزا شاہی اور 21 مئی کو سندھی و اردو اسٹیج ڈراموں و ٹی وی کے اداکار صغیر الہٰی کھچی چل بسے تھے۔

ملک بھر میں کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر حکومت نے کئی سختیاں بھی عائد کی ہیں اور فیس ماسک پہننے کو لازمی قرار دے رکھا ہے۔

حکومت نے وبا سے بچاؤ کی خاطر شادی ہالز میں شادی کی تقریبات پر پابندی عائد کرنے سمیت شادی کی تقریبات کو محدود رکھنے کے احکامات دیے ہیں جبکہ 26 نومبر سے تعلیمی ادارے بھی بند کردیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ 2 دسمبر کی دوپہر تک پاکستان میں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 3 ہزار 311 ہوچکی تھی جن میں سے 3 لاکھ 45 ہزار 365 صحتیاب ہوچکے ہیں جو 85 فیصد سے زائد ہے جبکہ 8 ہزار 166 مریضوں کا انتقال کرچکے۔

تبصرے (0) بند ہیں